ایشین گیمز کے مینز کرکٹ ایونٹ میں پاکستان ٹیم سیمی فائنل میں بنگلا دیش کو شکست دے کر فائنل میں پہنچ گئی ہے۔ فائنل میں جیت کی صورت میں گرین شرٹس گولڈ میڈل جیت سکتے ہیں، تاہم شاہینوں کا سلور میڈل بھی یقینی ہو گیا ہے۔ نشین میں بارش کے باعث میچ 13 اوورز تک محدود کر دیا گیا تھا، پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بنگلا دیش کو بیٹنگ کی دعوت دی، بنگلا دیش کی ٹیم مقررہ 13 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 111 رنز بنا سکی۔ توحید ہریدوئے 42 رنز بناکر نمایاں رہے۔ پاکستان کی جانب سے سفیان مقیم نے 3، عرفات منہاس نے 2 اور صائم ایوب نے ایک وکٹ حاصل کی۔ ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی ابتدائی 4 وکٹیں 53 رنز پر گر گئیں۔ صائم ایوب 21، معاذ صداقت 15، عثمان خان 14 اور کپتان صاحبزادہ فرحان ایک رن بناکر آؤٹ ہوئے۔ تاہم عبدالصمد اور حسن نواز نے 59 رنز کی ناقابل شکست شراکت قائم کرکے پاکستان کو باآسانی 6 وکٹوں سے فتح دلوا دی۔ پاکستان ٹیم نے 112 رنز کا ہدف 11.3 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔