نیوز | کھیل

سال 2024، کھیل کے میدان میں پاکستان کیا کچھ حاصل کر پایا؟ ایک تجزیہ

سال 2024، کھیل کے میدان میں پاکستان کیا کچھ حاصل کر پایا؟ ایک تجزیہ

عمران یوسف زئی

سپورٹس ایڈیٹر

آج تھوڑا سا پچھلے سال کی طرف  چلتے ہیں، 2024 کی طرف۔

سال 2024  میں پاکستان نے کھیلوں کے میدان میں کچھ بہت ہی اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں جن میں سب سے پہلے اور سب سے قابل ذکر کامیابی اولمپکس میں پہلی بار سونے کا تمغہ جیتنا ہے۔ پاکستان کے مایہ ناز ایتھلیٹ ارشد ندیم نے قوم کا 77 سالہ انتظار ختم کیا اور بالآخر پہلی بار پاکستان اولمپکس گیمز میں انفرادی ایونٹ میں سونے کا تمغہ جیتنے میں کامیاب رہا۔

 اس کے فوری بعد پیرس میں ہی منعقدہ پیرالمپکس 2024 میں پاکستان سے شریک ہونے والے اکلوتے کھلاڑی حیدر علی نے بھی کانسی کا تمغہ جیت کر قوم کی خوشیوں کو دوبالا کر دیا۔

Arshad Nadeem and Haider Ali

پاکستان کے قومی کھیل ہاکی میں بھی گرین شرٹس نے نمایاں کارکردگی دکھائی اور ایشین ہاکی چیمپیئنز ٹرافی میں پاکستان نے برونز میڈل اپنے نام کیا، پاکستانی جونیئر ہاکی ٹیم ایران میں ہونے والے مینز ہاکی جونیئر ایشیا کپ 2024 کے فائنل تک رسائی اور سلور میڈل جیتنے میں کامیاب رہی اور اس کے ساتھ ہی گرین شرٹس نے مینز ہاکی جونیئر ورلڈ کپ کے لئے بھی کوالیفائی کرلیا۔ 1983 میں شروع ہونے والے سلطان اذلان شاہ ہاکی کپ میں پاکستان کی ٹیم 13 سال بعد فائنل میں پہنچنے میں کامیاب رہی اور بہت سی سنسنی خیز مقابلے کے بعد جاپان سے شکست کھا گئی، مقررہ وقت 2-2 گول سے برابر تھا تاہم پنلٹی شوٹ آؤٹ میں ہم 4-1 سے پیچھے رہ گئے، پاکستان نے اذلان شاہ ہاکی کپ 3 مرتبہ 1999، 2000 اور 2003 میں جیت رکھا ہے جبکہ 7 مرتبہ قومی ٹیم اس میگا ایونٹ کی رنرزاپ رہی ہے۔

Pakistan Hockey 2024 

اسی طرح والی بال میں پاکستان کو شاندار کامیابی ملی، پاکستان انڈر 18  والی بال ٹیم نے 15 ویں ایشین انڈر18 والی بال چیمپیئن شپ میں جاپان کو 3-0 سے ہرا کر تیسری پوزیشن حاصل کی، اس سے پہلے قومی ٹیم اسی ایونٹ میں انڈیا اور جنوبی کوریا جیسی مضبوط ٹیموں کو بھی زیر کر چکی تھی۔ ایشین والی بال چیمپیئن شپ 2024 میں بھی پاکستان نیشنل والی بال ٹیم نے سلور میڈل جیتا، پاکستان کے مایہ ناز والی بال سٹار عثمان فریاد کو ایشین مینز کلب چیمپیئن شپ میں (MVP) موسٹ ویلیوایبل پلیئر قرار دیا گیا۔

سکواش میں یو ایس جونیئر اوپن میں ہرماس علی رجب انڈر11 بوائز کا ٹائٹل جیت کر یہ ٹائٹل جیتنے والے پہلے پاکستان کھلاڑی بنے، ماہ نور علی نے انڈر13 گرلز میں سونے کا تمغہ جیتا۔ اسی طرح سکاٹش جونیئر اوپن 2024 میں بھی ماہ نور علی انڈر 13 اور سہیل عدنان بوائز انڈر13 کا ٹائٹل جیتنے میں کامیاب رہے۔

Pakistan Squash 2024

پاکستان کے مایہ ناز سنوکر سٹار محمد آصف نے دوہا میں آئی بی ایس ایف ورلڈ سنوکر چیمپیئن شپ 2024 کا ٹائٹل جیتا، یہ بات بھی سب کے لئے حیرت کا باعث ہوگی کہ محمد آصف نے کوالیفائر کی حیثیت سے وائلڈ کارڈ پر اس ایونٹ میں حصہ لیا اور فاتح قرار پائے۔ 42 سالہ آصف کے انٹرنیشنل کیریئر کا یہ تیسرا عالمی ٹائٹل تھا۔ ایک اور سنوکر سٹار اسجد اقبال نے منگولیا سنوکر ورلڈ کپ میں تیسری پوزیشن حاصل کرتے ہوئے برونز میڈل جیتا۔

Muhammad Asif Squash

ملائیشیا میں ہونے والے انٹرنیشنل تائیکوانڈو ایونٹ میں پاکستانی کھلاڑیوں نے 21 میڈلز اپنے نام کئے جن میں 7 گولڈ، 6 سلور اور 8 برونز میڈلز شامل تھے، سوات کے عامر خان نے بنکاک میں تائیکوانڈو انٹرنیشنل ایونٹ میں سونے کا تمغہ جیتا۔

کرکٹ کی بات کی جائے تو قومی ٹیم کی کارکردگی ملی جلی رہی، گزشتہ سال گرین شرٹس نے 42 انٹرنیشنل میچز میں حصہ لیا، 22 جیتے 19 ہارے اور ایک میچ بے نتیجہ رہا۔ قومی ٹیم نے 7 ٹیسٹ میچز کھیلے  2 جیتے اور 5 میں اسے شکست ہوئی۔ 14 ون ڈے میچز میں پاکستان نے 8 جیتے اور 6 میں قومی ٹیم ناکام رہی۔ اسی طرح 21 ٹی 20 میچز میں سے شاہینوں نے 12 جیتے، 8 ہارے اور ایک میچ بے نیتجہ رہا۔ قومی ٹیم 2024 میں دنیا کی واحد ٹیم تھی جس نے تین ٹیموں کو ان کے ہوم گراؤنڈ میں جا کر ون ڈے سیریز ہرائی۔ پاکستان نے آسٹریلیا کے خلاف 22 سال بعد ان کی سرزمین پر سیریز جیتی، اس کے بعد زمبابوے کے خلاف 2-1 اور جنوبی افریقہ کے خلاف 3-0 سے وائٹ واش کیا۔ اس کے علاوہ قومی ٹیم گزشتہ سال اپنے کیریئر میں پہلی مرتبہ مختصر وقت کے لئے ہی سہی لیکن آئی سی سی ون ڈے  رینکنگ میں پہلے نمبر پر آئی۔

Pakistan Cricket 2024

رواں سال قومی ٹیم مجموعی طور پر 4 ٹیسٹ، 18 ون ڈے میچز اور 25 ٹی 20 انٹرنیشنل میچز کھیلے گی جبکہ اگلے ماہ پاکستان، جنوبی افریقہ اور نیوزی لینڈ کی سہ ملکی سیریز کے علاوہ 29 سال بعد آئی سی سی چیمپیئن ٹرافی کی میزبانی بھی کرے گا۔


تازہ ترین خبریں


GREEN CITIZEN MEDIA