پشاور کے عمران خان کرکٹ اسٹیڈیم میں نیشنل ٹی 20 کپ کے شاندار میچز کا سلسلہ جاری ہے تیسرے میچ میں ایبٹ آباد ریجن نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد آخری گیند پر ملتان کے خلاف کامیابی حاصل کر لی۔
ایبٹ آباد کی جانب سے کامران غلام نے 95 رنز ناٹ آؤٹ کی شاندار اننگ کھیل کر ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ ملتان ریجن کے کپتان امام الحق نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان 203 رنز بنائے۔ مہیر سعید نے 76 رنز بنائے۔ شہزاد خان 54 اور بسم اللہ خان 45 رنز بنا سکے۔
ایبٹ آباد کی جانب سے شاداب خان نے 3، رضا اللہ اور شہاب خان نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ جواب میں ایبٹ آباد ریجن کی ٹیم نے مقررہ ہدف 20 ویں اوور کی آخری گیند پر 2 وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔ ایبٹ آباد کی جانب سے کامران غلام نے 95 رنز ناٹ آؤٹ کی شاندار اننگ کھیلی۔ شاہ زیب خان نے 52 رنز بنائے جبکہ خوشدل شاہ 30 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
میچ کی خاص بات آخری اوور کا سنسنی خیز مقابلہ تھا جب ایبٹ آباد کو جیت کے لئے 20 رنز درکار تھے، کریز پر موجود خوشدل شاہ اور کامران غلام پانچ گیندوں پر 13 رنز بنا سکے جبکہ آخری گیند پر ایبٹ آباد کو 7 رنز درکار تھے جو بظاہر ناممکن لگ رہا تھا تاہم ملتان کے بولر حسن حفیظ نے آخری گیند نو بال کروا دی جس پر دونوں بلے بازوں نے دوڑ کر بھی ایک رن کا اضافہ کیا یوں آخری گیند پر ایبٹ آباد کو جیت کے لئے 5 رنز درکار تھے اس موقع پر خوشدل شاہ نے آخری گیند پر ڈیپ پوائنٹ پر شاندار چھکا لگا کر اپنی ٹیم کو فتح دلوا دی۔ کامران غلام کو میں آف دی میچ قرار دیا گیا۔