img

آمد انصاف مگر دور مختصر،توسیع ملے گی؟

 

سابقہ چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی ریٹائرمنٹ سے جہاں اندھے،بہرے ، اپاہج اور انوکھے انصاف کی طویل رات اپنے اختتام کو پہنچی وہاں جسٹس قاضی فائز عیسی کے چیف جسٹس بننے سے انصاف کے متلاشیان کی امید بر آئی ہے اور ہر سو یہ بحث جاری ہے کہ ان کا دور کیسا رہے گا؟

یہ ایک حقیقت ہے کہ وطن عزیز میں ہر خوشی وقتی اور مختصر دورانئے کی ہوتی ہے جبکہ اس کے مقابل غم یہاں لمبا عرصہ کے لئے براجمان نظر آتا ہے۔ریٹائر ہونے والے چیف جسٹس عمر عطا بندیال جب فروری 2022ء میں اپنے عہدے پر متمکن ہوئے تب انھوں نے زیر التواء کیسز کو نمٹانے کا عزم ظاہر کیا تھا مگر جیسا کہ ان کا دور رہا تو اس میں کسی شک وشبہ کی گنجائش نہیں رہی کہ انھوں نے مخصوص کیسز ہی کو فوقیت دی اور ان کی ریٹائرمنٹ پر زیر التواء کیسز 56 ہزار سے تجاوز کر گئے۔مزید برآں ان کے دور میں عدلیہ میں  واضح تقسیم بھی سامنے آئی اور ایک جج جن پر کرپشن کے الزامات پر متعدد ریفرنسز سپریم جوڈیشل کونسل میں بھیجے گئے اس کو ایک بنچ میں سابق چیف جسٹس نے ساتھ بٹھا کر خاموش پیغام دینے کا اعلان بھی کیا۔

گذشتہ روز جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی تقریب حلف برداری میں بھی ایک ان دیکھا اور ان کہا خاموش پیغام اس وقت سامنے آیا جب ان کی اہلیہ محترمہ بھی ان کے حلف اٹھانے کے دوران ان کے ساتھ کھڑی نظر آئیں ۔جن کے لئے یہ خاموش پیغام تھا وہ تو اس کو سمجھ گئے مگر نومقرر چیف جسٹس کی جانب سے اس بارے میں کوئی موقف سامنے نہیں آیا۔ یہ بات واضح ہے کہ جس کو یہ پیغام دینا مقصود تھا اس نے یہ پڑھ بھی لیا اور تقریب کے اختتام پر ایک صحافی کے سوال پر نہ صرف یہ کہ جواب نہ دیا بلکہ بقول اس صحافی کے ان کے چہرے کے تاثرات کچھ اچھے نہ تھے۔

چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے فیض آباد دھرنے پر جو فیصلہ سنایاتھا اور 21ویں آئینی ترمیم پر اپنے اقلیتی اختلافی نوٹ میں جو کچھ تحریر کیا تھا اس سے ان معاملات پر ان کے موقف کو سمجھنا مشکل نہیں اور آنے والے دنوں میں 90 روز میں انتخابات،لاپتہ افراداور ملٹری کورٹس کے معاملے پر ان کے متوقع فیصلے کس نئی صورتحال کو جنم دین گے۔ملٹری کورٹس پر تو وہ 21 ویں ترمیم کے کیس میں اپنا موقف بیان کرچکے ہیں جبکہ 90 دن میں انتخابات کے معاملے پر ان کی رائے عام نکتہ نظر کے برعکس ہو سکتی ہے کیونکہ مردم شماری نوٹیفائی ہونے کے بعد حلقہ بندیاں آئینی تقاضہ ہے جبکہ آئین میں یہ شق بھی شامل ہے کہ کسی وجہ سے اگر کوئی کام آئین میں متعین وقت میں انجام نہ پاسکے تو اسے خلاف آئین نہیں گردانا جائے گا اس لئے انتخابات الیکشن کمیشن کی ممکنہ تاریخ پر ہونے کے واضح امکانات ہیں۔ مجھ احقر کی رائے یہ ہے کہ 90 دن میں انتخابات کا واویلا کرنے والوں کو منہ کی کھانا پڑے گی جبکہ لاپتہ افراد کے ضمن میں نو مقرر چیف جسٹس کا کوئی بھی فیصلہ انتہائی اہمیت کا حامل ہوگا۔

ان تمام امور کے علاوہ اہم چیلنج یہ ہوگا کہ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ 56 ہزار سے زیادہ زیر التواء کیسز کو نمٹانے کے لئے کیا حکمت عملی اختیار کرتے ہیں کیونکہ یہ کیسز براہ راست عام آدمی کے مفادات کا معاملہ ہیں اور یہ بات واضح ہے کہ ان کی میعاد عہدہ جو کہ 13 ماہ بنتی ہے اس میں ان کا فیصلہ ہونا  اگر ناممکن نہیں تو ایک مشکل ترین امر ضرور ہے۔  ان کے بعد پھر سے کسی سابقہ  ہمخیال جج کے چیف جسٹس بننے کی باری ہے جن سے اس ضمن میں پیشرفت کی امید رکھنا محض دیوانے کا خواب ہی محسوس ہوتا ہے۔

سیاسی مارکیٹ کے سینٹیمنٹ اور صحافتی مارکیٹ میں زیر گردش خبروں سے یہ نتیجہ اخذ کرنا مشکل نہیں کہ آئندہ حکومت ن لیگ کی ہو سکتی ہے اور ن لیگ کے لئے کسی بھی ہمخیال جج کو چیف جسٹس بنانا قابل عمل نہیں دیکھتا ہوں۔ یہ کہا جاسکتا ہے کہ ماضی میں جس طرح مختلف آرمی چیفس کو توسیع دی گئی اب کی بار چیف جسٹس کے معاملے پر بھی ایسا ہوتا نظر آرہا ہے مگر ماضی کی ایکسٹنشنز اور موجودہ صورتحال میں واضح فرق ذاتی اور عوامی مفاد کا ہے ۔اب آج پیر کو سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ پردستیاب ججز کے فل کورٹ میں اہم فیصلہ ہوگا جس میں پارلیمنٹ کی بالادستی قائم رکھنے کی امید ہے۔

محولہ بالا معروضات کی روشنی میں یہ کہنے میں کوئی امر مانع نہیں کہ عدل کو صرف 13 ماہ پر محیط نہیں ہونا چاہیئے بلکہ ایک آئین پسند چیف جسٹس کو توسیع دے کر ملکی نظام عدل کو مضبوط تر بنانے میں ان کے تجربے سے مستفید ہونا ازبس ضروری ہے۔

نوٹ:گرین سٹیزن میڈیا تمام تحریریں مفاد عامہ اور نیت نیتی کے تحت شائع کرتا ہے تاہم ان تحریروں کا مواد لکھنے والے کی اپنی تحقیق، مشاہدے، معلومات اور نقطہ نظر کا غماز ہوتا ہے اور ادارے کا ان کے ساتھ متفق ہونا ضروری نہیں۔
GREEN CITIZEN MEDIA