آج کی ان سطور کے ذریعے میں صرف اور صرف اولین درجہ میں اپنے دینی ، مذہبی طبقہ تک اپنا مافی الضمیر پہنچانا چاہتا ہوں تاکہ اگر یہ میری رائے درست ہوتو پھر وہ اپنی ذمہ داری سمجھتے ہوئے عام افراد کو بھی اس پہلو پر رہنمائی و بیداری فراہم کریں۔
اپنی ذات ہر چیز بری نہیں ہوتی اور پرچیز اپنی ذات میں اچھی بھی نہیں ہوتی البتہ کئی مواقع پر کسی چیز کا استعمال اس میں اچھائی و برائی پیدا کردیتاہے
یہی معاملہ کچھ جدید ٹیکنالوجی اور اس سے جڑے ماحول کا ہے متعدد ایسی اشیاء ہیں جن کو کافی کافی عرصہ ناقابل استعمال تصور ہی نہیں کیاجاتا تھا بلکہ اس کے عدم استعمال پر بہت ساری سختیاں بھی کی جاتی تھیں مگر وقت کے ساتھ ساتھ متعدد اشیاء استعمال بھی ہونے لگیں اور سختی بھی نرمی میں تبدیل ہونے لگی اب اس موڑ پر ماضی و حال دونوں رویے اپنی اپنی جگہ ایک اصولی موقف پر تھے سختی تھی تو وہ بھی ایک اصولی موقف تھا اب نرمی پیدا ہوئی تو اس میں بھی ایک شدید ضرورت کے پیش نظر ایک اصولی موقف پیدا کیاگیا ۔
مثلا سکرین ، تصویر ، موبائل ، لاؤڈاسپیکر غرض کئی ایسی اشیاء ہیں جن کےحوالہ سے مذکورہ بالا صورتحال کا سامنا رہاہے
اب یہاں انتہائی اہم پہلو پر توجہ دلانا مقصود ہے اور وہ ہے ہمارا سوشل میڈیا ، میڈیا ، موبائل کے استعمال میں گنجائش اس کی ضرورت و اہمیت اور ہمارے رویے
دیکھئیے انتہائی سادہ سی بات ہے کہ
اگر جدید ذرائع کو استعمال میں لانے کےلیے کچھ نرمی اختیار کی گئی ہے تو وہ بامر مجبوری و ضرورت ہے نہ یہ کہ ان چیزوں کا اپنی ذات میں استعمال انسان پر لازم تھا اور اسی طرح واضح اصول ہے کہ مجبوری میں گنجائش کے احکام بقدرمجبوری ہوتے ہیں نہ یہ کہ اس کو کل وقتی مشغلہ بناکر مقصود اصلی بنالیا جائے
اس وقت سب سے اہم ترین معاملہ سوشل میڈیا کا ہے جس کو اختیار کرنے کی صرف اور صرف ایک وجہ یہ تھی کہ جہاں لادینیت ، کفر ، الحاد ، گمراہی کی اشاعت و ترویج میں سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو استعمال کیاجائے وہاں اس کے خلاف و سدباب کےلیے دینی سوچ و فکر سے آراستہ طبقات بند باندھ سکیں اس سے زیادہ ان جدید ذرائع کو استعمال کرنے اور اختیار کرنے کی کوئی اور وجہ موجود نہیں ہے مگر حالیہ ماحول میں اس حوالہ سے ایسی لاپرواہی و غفلت کا مشاہدہ کیاجارہاہے کہ اچھے بھلے دیندار اہل علم لوگ بھی ان پلیٹ فارمز کو ضرورت کی بجائے خواہشات کی صورت استعمال کررہے ہیں جس کی وجہ سے عوام الناس ان سے سو ہاتھ آگے بڑھ اس بےلگام گھوڑے پر سوار نظر آتی ہے اس پر چند مثالیں پیش کیےدیتاہوں
کیا سوشل میڈیا عبادات کی تشہیر کےلیے ہماری ضرورت ہے ؟
کیا سوشل میڈیا ہماری نیکیوں ، خدمت خلق کی تشہیر کےلیے ہماری ضرورت ہے ؟
کیا سوشل میڈیا اپنے روز و شب کے معمولات و معاملات کو عوام میں مشتھر کرنےکےلیے ہماری ضرورت ہے ؟
کیا سوشل میڈیا اپنے رہن سہن ، لباس خوراک ، جوتے کپڑے خوشبو ، گھڑیاں عوام کو دیکھانے کےلیے ہماری ضرورت ہے ؟
کیا اعتکاف ، حج ، عمرہ ، طواف ، حلق ، سعی ، نمازیں ، روزے ، قربانی کی خرید پھر ذبح کے مناظر !! آخر ان امور کی تشہیر میں دین کی کون سی ضرورت وابستہ ہے ؟
آخر ہم نے اس پلیٹ فارم کو سمجھ کیا لیا ہے ؟
کیا نمود و نمائش ، ریاکاری ، دکھلاوا یہ سب عنوانات اور ان کی وعیدات ہم پس پشت ڈال چکے ہیں یا ان میں تاویل باطلہ کا شکار ہوچکے ہیں ؟
براہ مہربانی کچھ دیر رکئیے
اور سوچیں اسلام کی معاشرت کیا ہے اسلام نے انسانی جذبات کے احترام پر کس قدر مضبوط پہرہ بٹھایا ہے
کیوں فرمایا گیا کہ
’’ اگر تم سالن بناؤ تو شوربہ زیادہ رکھو تاکہ ہمسایہ کے گھر بھیج سکو ٬٬
اس لیے کہ جب تمہارے گھر سے سالن کی خوشبو اٹھے گی تو تمہارا ہمسایہ اگر اس ذائقہ سے لطف اندوز ہونے کی استطاعت نہ رکھتا ہوا تو وہ خود میں کمی کا شکار ہوگا یا اس کے بچے اس سے مطالبہ کریں گے تب اس پر کیا بیتے گی !
اسلام کی معاشرت کیا ہے کہ تم بچوں کو کھانے کو کچھ دو تو گھر بیٹھا کر کھلاؤ
اسلام کی معاشرت کیا ہے کہ یتیم کے سامنے اپنے بچے کو بھی زیادہ لاڈپیار نہیں کرو
لیکن یہاں تو ہر چیز سوشل میڈیا کی زینت نہ بنے تو ہمیں تسکین نہیں ہوتی اور اس کے انجام سے ہم بےخبر ہیں کہ
کتنی اولادیں والدین سے وہی سٹیٹس مانگ رہی ہیں جو وہ اپنے سوشل سرکل میں دیکھتی ہیں
کتنے بچے اور بچیاں اپنے گردوپیش کے سٹیٹس کی برابری کےلیے ناجائز شارٹ کٹ استعمال کرچکے ہیں
اور یہ چیز آج کے انسان کی نفسیات کو اس قدر بدترین طریقے سے متاثر کررہی ہے کہ ہم اپنے سوشل سرکل میں جڑے لوگوں کو متاثر کرنے کےلیے کسی اجنبی کی بڑی گاڑی کے ساتھ کھڑے ہوکر تصویر بناتے ہوئے فخر محسوس کرتے ہیں
ہم اگرچہ کسی بڑے ہوٹل میں داخل نہ ہوں مگر اس کے گیٹ پر کھڑے ہوکر تصویر بنواتے ہیں کیوں ؟ تاکہ لوگ متاثر ہوں
سینکڑوں مثالیں ، بیسیوں واقعات یہاں پیش کیے جاسکتے ہیں مگر مقصود بات کو سمجھانا ہے اور اپنا پیغام پہنچانا ہے
اس( سٹیٹس کو) کی جنگ سے دیندار و اہل علم طبقہ نے عوام الناس کو نجات دینی تھی مگر انتہائی معذرت کےساتھ بہت سارے دیندار ، مذہبی شناخت رکھنے والے معزز احباب بھی اسی سیلاب کی لہروں میں تیرنے لگے
خدارا اگر آج یہاں بند نہ باندھا گیا تو اس مادیت پرستی ، خودنمائی کے طوفان سے ہم بہت بڑے نقصان سے دوچار ہوں گے