ماضی کے برعکس اس بار خیبر پختونخوا میں سینٹ کی خالی گیارہ نشستوں پر انتخابات کو اتفاق رائے سے کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہے ۔ آخری اطلاعات کے مطابق صوبے میں حکمران پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد اراکین پر مشتمل جماعت کی سیاسی کمیٹی نے اڈیالہ جیل میں قید سابق وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے فراہم کردہ نامزد امیدواروں کی توثیق تو کی ہے مگر پارٹی کے کارکن پشاور شہر کے متحرک صدر عرفان سلیم سمیت دیگر چار اراکین کو فہرست سے نکالنے پر ناراض ہیں اور وہ پارٹی کے نامزد امیدواروں کی نامزدگی کے برعکس عرفان سلیم اور دیگر تین امیدواروں کے ڈٹے رہنے پر بضد ہیں ۔ دیکھنا یہ ہے کہ سوموار کی صبح تک اونٹ کس کروٹ بیٹھے گا۔
اگر ایک طرف پاکستان تحریک انصاف کے اس فیصلے پر مختلف اطراف سے تنقید کی جا رہی ہے تو دوسری طرف یہ فیصلہ قابل ستائش بھی ہے کیونکہ عرصہ دراز کے بعد صوبائی اسمبلی میں موجود حزب اختلاف اور حزب اقتدار کی جماعتوں میں اس بنیاد پر متفقہ طور پر امیدوار نامزد کئے جا رہے ہیں کہ خفیہ رائے دہی میں ووٹوں کی خرید و فروخت کی حوصلہ شکنی ہو جائے ۔ بہت اچھی بات ہے کہ فروری 2024 کے انتخابات کے بعد ایک دوسرے کے خلاف سیاسی محاذ آرائی کو دشمنی کے حد تک لے جانے والے ایک دوسرے کے ساتھ افہام و تفہیم پر راضی ہوگئے اور انتخابات میں بھاری سرمایہ کاری کرنے والوں سے دوگنی اور تگنی رقم ملنےکی لالچ کو مایوسی میں تبدیل کر دیا گیا یا کی جانے کی کوششں ہو رہی ہے ۔
مگر اصل مسئلہ کچھ اور ہے اور اس پربھی حکمران جماعت اور حزب اختلاف میں شامل تینوں جماعتوں کے رہنماوں نے اتفاق رائے کر لیا ہے ۔وہ ہے ارب پتی اور کھرب پتی سینیٹرز کو ایک اور موقع فراہم کرنا ۔ اگر پاکستان تحریک انصاف نے لاہور میں رہائش پذیر باڑہ خیبر کے مرزا خان آفریدی کو مبینہ طور پر بھاری ادائیگی کے عوض سینیٹ کے ٹکٹ سے نوازا ہے تو اسلامی شریعہ کے علمبردار جمعیت العلماء اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کس بنیاد پر مردان سگریٹ مافیا کے سرغنہ دلاور خان کو اس موقع سے مستفید کروایا ؟ اس کے علاوہ نظریاتی کارکنوں کی جماعت پاکستان پیپلز پارٹی نے کس بنیاد پر کراچی کے ایک صنعت کار طلحہ محمود کو سینٹ میں براجمان رہنے کا موقع دیا جو 2002 سے مولانا فضل الرحمن کی جمعیت العلماء اسلام ف کی ہر ایک سرگرمی کو سپانسر کرنے کا کریڈٹ لے رہا تھا ؟ اسی طرح سابق وزیر اعلیٰ و گورنر سردار مہتاب احمد خان۔ انجینئر اقبال ظفر جھگڑا اور عبدالسبحان سمیت پاکستان مسلم لیگ ن کے دیرینہ نظریاتی رہنماوں کو نظر انداز کرکے شانگلہ کے نو دولتیے خاندان کے نوجوان فرزند ارجمند نیاز مقام کو سینیٹ کے ٹکٹ سے نوازا گیا ۔
خیبرپختونخوا سے سینٹ کے انتخابات میں خرید و فروخت اور ارب پتی یا کھرب پتی امیدواروں کو ٹکٹ سے نوازنے کا سلسلہ نیا نہیں بہت پرانا ہے ۔ اس خرید و فروخت کی اگر دیدہ اور نادیدہ مقتدر اداروں نے حوصلہ افزائی کی ہے تو اس گھناؤنے سیاسی فعل میں پاکستان مسلم لیگ ن، پاکستان تحریک انصاف، پاکستان پیپلز پارٹی اور جمعیت العلماء اسلام ف کے رہنما یا کرتا دھرتا بھی گھناؤنا کردار ادا کرتے رہے ہیں۔ پہلی بار جب 1991 کے سینٹ کے انتخابات میں اس وقت جمعیت العلماء اسلام ف کے دو اراکین اسمبلی نے سابق گورنر کمانڈر خلیل الرحمٰن کے کاغذات نامزدگی داخل کرنے میں مفت میں نہیں بلکہ ادائیگی کے عوض مدد کی تو کمانڈر خلیل کی نامزدگی نے پیپلزپارٹی کے مخیر گلزار احمد خان اور اس وقت پاکستان مسلم لیگ ن کے صوبائی سربراہ اور سابق وزیر اعلی امیر افضل خان کو بھی پریشان کر دیا ۔ اگر کمانڈر خلیل الرحمٰن نے سینٹ تک پہنچنے کے لئے اس وقت کروڑوں روپے خرچ کئے تھے تو گلزار خان اور مرحوم امیر افضل خان کے نامزد کردہ امیدوار بھی کسی سے کم نہیں تھے ۔ اس دوران ایم پی اے ہاسٹل میں سروس اور باٹا بوٹوں کے ڈبوں میں رکھی لاکھوں روپے کی رقم پاکستان مسلم لیگ ن کے ممبران اسمبلی میں تقسیم کی گئی تھی ۔ بعد میں ارب پتی اور کھرب پتی سرمایہ کاروں کی سینٹ کے انتخابات میں کامیابی معمول بن گئی ۔
ماضی میں 1990 سے لیکر 1997 تک مولانا فضل الرحمان کی جمعیت العلماء اسلام ف سے تعلق رکھنے والے اراکین صوبائی اسمبلی کی تعداد دو سے زیادہ نہ ہونے کے باعث ان کا کردار تجویز اور تائید کنندہ ہونے تک محدود تھا تاہم 2002 کے انتخابات کے بعد اس جماعت کے سربراہ کو بھی موقع ملا اور انہوں نے امریکہ میں مقیم مانسہرہ کے اعظم سواتی اور کراچی کے طلحہ محمود کو بھاری رقوم کی ادائیگی کے عوض سینیٹر بنانے میں کافی مدد کی تھی ۔ اب بات مردان کے دلاور خان اور باڑہ خیبر کے منظور آفریدی تک جا پہنچی ہے۔
پاکستان تحریک انصاف جب 2013 کے انتخابات کے بعد خیبر پختونخوا پر چھا گئی تو پشاور کے صنعتکار محسن عزیز اور اعظم سواتی کے ساتھ ساتھ اب بات مرزا خان آفریدی تک آپہنچی ہے ۔ مقتدر اداروں کی مرضی و منشاء کے مطابق یہ ارب پتی اور کھرب پتی سینیٹرز کسی بھی لمحے سیاسی وفاداری تبدیل کرنے کے لیے تیار رہتے ہیں۔ ایوان میں پارٹی پالیسیوں کے مطابق نہیں بلکہ مقتدر دیدہ یا نادیدہ اداروں کی ہدایات کے مطابق یہ حضرات yes یا no کہتے ہیں۔
ہر ایک کو اختلاف کا حق ہے مگر یہ ایک حقیقت ہے کہ سینٹ یا عام انتخابات ہوں میں مقتدر اداروں کا کردار سیاسی عدم استحکام کا باعث بنتا جا رہا ہے۔ اس منفی کردار کے نتائج پاکستان تحریک انصاف اور عمران خان کی شکل میں سب کے سامنے ہیں۔ پرویز مشرف کے غلط فیصلوں کے بعد آخر کار جب 2008 کے انتخابات کے نتیجے میں ملک جمہوری نظام کے راستے پر آگیا اور وفاقی اکائیوں کے احساس محرومی کے ازالے کے لئے 1973 کے آئین کو اٹھارویں ترمیم کے ذریعے بحال کر دیا گیاتو مقتدر اداروں نے عمران خان اور انکی پاکستان تحریک انصاف کی سرپرستی شروع کردی اس سرپرستی کے نتائج اب پورے عالم کے سامنے ہیں۔
پے در پے ناکامیوں کے بعد اگر مولانا فضل الرحمن، عمران خان، میاں نواز شریف اور آصف علی زرداری کو سیاسی طرز عمل پر نظرثانی کی ضرورت ہے تو اس سے بڑھ کر مقتدر اداروں کابھی فرض بنتا ہے کہ وہ سیاسی سرگرمیوں بالخصوص انتخابات میں نو دولتیوں کی سرپرستی سے باز آجائیں ورنہ غلط سیاسی حکمت عملیوں کے نتائج غلط ہی ہونگے ۔