تقریباً ایک ماہ دوست کے ہاں مقیم رہنے اور مبینہ طور پر سوچ بچار کے بعد سابق وزیر اعظم عمران خان کے پرنسپل سیکرٹری اعظم خان نے سائفر کے معاملے پر وعدہ معاف گواہ بن کر 164 کے تحت بیان ریکارڈ کرایا اور 2 یا 3 روز بعد ہی 190 ملین پاؤنڈ کیس میں بھی نیب کے سامنے پیش ہوئے جہاں تقریباً 3 گھنٹے تک ان سے پوچھ گچھ ہوئی،اب ایک نجی ٹی وی کے بیرون ملک نمائندے نے اس بات کا انکشاف کیا ہے کہ پی ٹی آئی دور میں پنجاب میں کرپشن کے ریکارڈ بنانے والی فرحت شہزادی عرف فرح گوگی نے بھی عمران خان اور سابق خاتون اول بشری بی بی کے خلاف وعدہ معاف گواہ بننے پر آمادگی ظاہر کر دی ہے ۔
فرح گوگی پی ٹی آئی حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے ایک دن بعد دبئی فرار ہو گئی تھیں اوراتحادی حکومت نے دبئی میں حکام سے رابطہ کرکے آگاہ کیا تھا کہ فرح گوگی پاکستان میں اربوں روپے کی کرپشن میں ملوث ہے جس پر دبئی حکام نے اسے بلیک لسٹ کردیا اور اسے دبئی چھوڑنا پڑا اور اب وہ اٹلی میں مقیم ہیں۔نجی چینل کے نمائندے کے مطابق اٹلی پہنچنے کے بعد فرح گوگی نے پاکستانی حکام سے رابطہ کیا اور گزشتہ ایک ماہ سے حکام سے تعاون بھی کر رہی ہیں جبکہ نجی چینل کے نمائندے کے مطابق اس بات کا قوی امکان ہے کہ فرح گوگی سابق وزیر اعظم اور سابق خاتون اوّل کے خلاف کرپشن کے مقدمات میں وعدہ معاف گواہ کے طور پر بیان ریکارڈ کرادیں گیں ۔
یہ وہی فرح گوگی ہیں جن کی کرپشن کی داستانیں میڈیا کی زینت بنیں تو عمران خان نے اسے یہ کہہ کر مسترد کیا کہ اس کے پاس کوئی حکومتی عہدہ نہیں صرف ان کی اہلیہ کی دوست ہونے کے باعث اس کی پر جھوٹے مقدمات قائم کئے گئے ہیں جو سیاسی انتقام کے سوا کچھ نہیں،اس بات پرتجزیہ کاروں نے حیرت و تعجب کا اظہار بھی کیا تھا کہ فرح گوگی کے شوہر نامدار احسن جمیل گجر کی جانب سے اپنی اہلیہ کے دفاع میں سامنے آنے سے قبل سابق وزیر اعظم ان کی بے گناہی کا راگ کیوں الاپ رہے ہیں؟بعد ازاں فرح گوگی کے حوالے سے جو انکشافات ہوئے ان سے اس بات کی تصدیق ہوگئی کہ ملک کے سب سے بڑے صوبے پنجاب میں فرح گوگی،احسن جمیل گجر اور سابق خاتون اول کے سابق مرد اوّل خاور مانیکا اور اس کے بیٹے نے کس طرح ننگی کرپشن کا بازار گرم کئے رکھا اور ان افراد بشمول وسیم اکرم پلس کے اثاثوں میں اچانک بے پناہ اضافہ ہوا۔
فرح گوگی کے شوہر سے جب ایک نجی ٹی وی نے ان الزامات پر سوالات پوچھے تب بھی وہ اطمینان بخش جواب نہ دے سکے جبکہ ساتھ ہی پی ٹی آئی نے گوگی اور گجر کو ایف آئی اے سمیت کسی بھی تفتیشی ادارے سے تعاون نہ کرنے کی ہدایت کی تھی مگر 9 مئی کے بعد اب صورتحال یکسر بدل چکی ہے اور عمران خان کے گزشتہ ڈیڑھ سال کی جدوجہد خاص کر نئے آرمی چیف کو سیاست میں زبردستی گھسیٹنے کی کوششوں نے جو نتائج مرتب کئے اور سٹیبلشمنٹ جس طرح نیوٹرل ازم کے دعوے کے باوجود غیر اعلانیہ طور پر ایک بار پھر ڈرائیونگ سیٹ پر براجمان ہوگئی ہے اعظم خان کے بعد فرح گوگی کے وعدہ معاف گواہ بننے کی اطلاعات سے اس کی تصدیق ہوتی دکھائی دے رہی ہے کہ اب عمران خان کی ملکی سیاست میں کوئی گنجائش باقی نہیں رہی دوسری جانب پی ٹی آئی کے حامی صحافی اسد کھرل کی طرف سے عمران خان اور بشری بی بی کے درمیان تلخ کلامی ، ہاتھا پائی اور سابق خاتون اول کی جانب سے توشہ خانہ کیس میں گواہی دینے کی دھمکی سے متعلق ایک طویل ٹوئٹ میں جن باتوں کا انکشاف کیا ہے اس سے یہ امر مترشح ہے کہ عمران خان کی گھر والی کو بھی اس بات کا یقین ہوچکا ہے کہ اب این آر او صرف اس صورت میں ہی ان کا نصیب بن سکتا ہے جب وہ عمران خان کے خلاف وعدہ معاف گواہ بن جائے اس ضمن میں اسٹیبلشمنٹ کے مبینہ نئے ترجمان فیصل واوڈا بھی گزشتہ 2 یا 3 ماہ سے بار بار اس امر کا ببانگ دہل اظہار کر چکے ہیں کہ سابق وزیر اعظم کے خلاف ان کے کپڑوں سے بھی قریب شخصیت گواہی دے سکتی ہے جس کے بعد عمران خان کا باب ہمیشہ کے لئے بند ہو جائے گا۔
یہاں موجودہ آرمی چیف کے اس اولین خطاب سے متعلق بات کرنا بھی ضروری ہے جس میں ان کا کہنا تھا کہ وہ آئین کی بالادستی اور ادارے کی عزت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے،اس ضمن میں عرض یہ ھے کہ ادارے کی ساکھ کی حقیقی بحالی کے لئے سابق آمروں انکی اولادوں سمیت شجاع پاشا سے لئے کر قمر جاوید باجوہ اور فیض حمید تک سب کو انصاف کے کٹھہرے میں لانا ازبس ضروری ہے۔ صرف 9 مئی یا عمران خان کے گزشتہ ڈیڑھ سال کی حماقتوں کو جواز بنا کر ان کے خلاف اقدامات اور ادارے کی عزت کے تحفظ کا ڈھنڈورا پیٹنا کیونکر اور کس قدر سودمند ثابت ہوسکتا ہے؟
مزید برآں لاپتہ افراد کا معاملہ اور ادارے کی کاروباری سرگرمیوں سے متعلق اسلام آباد ہائیکورٹ کے واضح فیصلے پر عدم عملدرآمد بھی ایک سوالیہ نشان ھے جس پر واضح اور دوٹوک و حقیقت پر مبنی پالیسی اختیار کئے بغیر آرمی چیف کے آئین اور ادارے سے متعلق بیان کردہ خیالات کو عوامی سطح پر پذیرائی مل سکے گی؟یہ ملین ڈالر کا سوال ہے جس کا حقیقت پر مبنی جواب ہی ملک کی دیرپا اور مستقل ترقی کے لئے سنگ میل ثابت ہو سکتا ہے
نوٹ: گرین سٹیزن میڈیا تمام تحریریں آزادی اظہار اور مفاد عامہ کے تناظر میں شائع کرتا ہے تاہم تحریر کا مواد لکھنے والے کی اپنی رائے ہوتی ہے اور ادارے کا اس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔