سابق اتحادی حکومت کے آخری دنوں میں جب سابق وزیر اعظم شہباز شریف نے پرانی مردم شماری کی بنیاد پر انتخابات کرانے سے متعلق اپنے موقف سے نامعلوم وجوہات پر یو ٹرن لیا تو خاص کر ن لیگ کے رہنماؤں کیلئے میڈیا میں اس کا دفاع مشکل ہوگیا کیونکہ یہی لوگ صدر ن لیگ کے چند روز قبل پرانی مردم شماری کے تحت انتخابات کے حق میں دلائل دے رہے تھے ۔یاد رہے کہ ایم کیو ایم شہباز شریف کی جانب سے پرانی مردم شماری کے تحت انتخابات کرانے کا موقف مستر د کرچکی تھی اس لئے یہ سمجھنا مشکل نہ رہا کہ یہ مطالبہ کس جانب سے اٹھایا گیا ہے۔
مشترکہ مفادات کونسل میں شرکت کے حوالے سے اس وقت کے وزیر اعلٰی سندھ مراد علی شاہ کا بیان میڈیا پر آچکا ہے کہ پی پی پی کے کچھ تحفظات تھے جو دور کر دیئے گئے ہیں اب جمعہ کو پی پی پی کی سی ای سی کے اجلاس کے بعد سینیٹر شیری رحمان نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے اس موقف کا اظہار کیا کہ انتخابات 90 روز کی مدت سے آگے جانے پر سیاسی اور آئینی بحران کا خدشہ ہے ۔انہوں یہ بھی کہا کہ نگران حکومت آئینی اور قانونی تبدیلیاں کرنے کی مجاز نہیں،جبکہ وہ یہ بات شاید بھول رہی ہیں کہ سابق اتحادی حکومت کے آخری دنوں میں جس طرح بغیر پڑھے بلز کی منظوری دی گئی ان میں شاید کوئی بل ایسا بھی ہو جو نگران حکومت کو ایسا اختیار دیتا ہو جسے شیری رحمان ان کا استحقاق نہیں سمجھتیں۔
دوسری جانب ن لیگ کے وفد نے الیکشن کمیشن میں منعقدہ مشاورتی اجلاس میں شرکت کی اور بعدازاں احسن اقبال اور اعظم نذیر تاررڑ نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ حلقہ بندیاں جلد مکمل کی جائیں اعظم نذیر تاررڑ کا کہنا تھا کہ یہ کام 14 دسمبر سے قبل بھی مکمل کرنا ممکن ہے جبکہ احسن اقبال نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ 14 دسمبر سے آگے 54 دن کا حساب کرکے انتخابات کی تاریخ واضح ہوسکتی ہے مگر وہ بھی شاید یہ بھول رہے ہیں کہ حلقہ بندیوں اور ووٹر لسٹوں سے متعلق اعتراضات بھی تو کئے جاسکتے ہیں جن کے نمٹانے کے لئے بھی کچھ وقت چاہیئے ہوگا۔ اس پر شاید ان سے نہ کسی صحافی نے سوال کیا اور نہ خود وہ اس بارے میں کچھ بولے۔
احسن اقبال نے بعدازاں ایک نجی چینل کے پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے اس موقف کا اظہار کیا کہ مشترکہ مفادات کونسل نے تمام فیصلے اتفاق رائے سے کئے۔اب عرض یہ ہے کہ پی پی پی کے سابق وزیراعلٰی نے جن خدشات کے دور کئے جانے کی نوید سنائی تھی اگر اس کی تفصیل بھی بیان فرما دیتے تو آج انہیں اس سوال کا سامنا نہ ہوتا کہ مردم شماری کی منظوری دیتے وقت انہیں اس بات کا اندازہ نہ تھا کہ اس کے نتیجے میں الیکشن کمیشن نئی حلقہ بندیوں کا پابند ہو جائے گا جو کہ ایک آئینی تقاضہ ہے؟یا انہوں نے منظوری کے باوجود پرانی مردم شماری کے تحت انتخابات کی تحریری یقین دہانی حاصل کی تھی؟یا پھریہ ان کا پلان تھا کہ منظوری کے عمل میں 2 نگران وزرائے اعلٰی کی شرکت کو متنازعہ بناکر ملک و عوام کی مزید خدمت میں اپنا بھرپور حصہ ڈالا جائے گا؟
یہ بحث اپنی جگہ کے انتخابات کے معاملے کو کیوں طول دیا جارہا ہے مگر اس امر میں کوئی دو آراء نہیں کہ پی ٹی آئی دور میں مشرکہ مفادات کونسل نئے انتخابات نئی مردم شماری کے تحت کرانے پر متفق ہوگئی تھی اور سابق اتحادی حکومت کے دور میں کونسل کی جانب سے نئی مردم شماری کی منظوری سے وسائل کی تقسیم بڑھنے والی آبادی سے متعلق منصوبہ بندی میں ممد ومعاون ثابت ہوگی جبکہ نئے ووٹرز کو بھی اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے کا موقع میسر ہوگا۔ اب یہ بات مجھ احقر کی سمجھ سے بالا ہے کہ کروڑوں عوام کے مالی و سیاسی حقوق کا معاملہ ہونے کے باوجود خصوصا پی پی پی بات کا بتنگڑ بنانے پر کیو ں تلی ہوئی ہے؟
آئین میں یہ شق پہلے ہی موجود ہے کہ اگر کوئی آئینی امر متعین مدت میں کسی وجہ سےسرانجام نہیں پاتا تو اسے آئین کی خلاف ورزی نہیں گردانا جائے گا مگر ان دو جماعتوں کی حالیہ سیاست کابنظر غائر جائزہ لیا جائے تو یہ سمجھنے میں کوئی عار محسوس نہیں ہوتی کہ
پہنچی وہیں پہ خاک جہاں کا خمیر تھا