img

انتخابات کے التواء پر آئینی بحران کے بے بنیاد خدشات

 

پی ٹی آئی  حکومت کی نااہلی سے  جہاں بدترین معاشی وسیاسی بحران سے ملک دوچار ہوااور ملکی تاریخ میں پہلی بار تمام اداروں سمیت معاشرے میں بدترین تقسیم سامنے آئی وہاں تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے باوجود اتحادی حکومت کی ناقص کارکردگی کے باعث ان کے سیاسی اثاثے کے ضیاع کے نتیجے میں نئے انتخابات  میں کامیابی کے حوالے سے  خدشات نے اتحادیوں کو گھیرے رکھا ہے۔

 مئی کے بعد صورتحال نے جو پلٹا مارا اس سے پی ٹی آئی بری طرح بکھر کے رہ گئی۔تحریک انصاف کےلئے جس طرح سابق سٹیبلشمنٹ نے ہر قدم پر چیزیں مینج کیں وہ بھی ایک تاریخ ہے ۔ تمام تر کوششوں کے باوجود پی ٹی آئی کو جتوانے کے لئے آر ٹی ایس بٹھانے اور ایم کیو ایم،ق لیگ سمیت دیگر کو اس سے اتحاد کرنے پر مجبور کرنا پڑاجس سے پی ٹی آئی کے ووٹ بینک کی اصلیت کھل کر سامنے آئی ۔تاہم حکومت سے بیدخلی کے بعد عمران خان کے جھوٹے پروپیگنڈے نے جو مقبولیت حاصل کی اس سے ایوب دور کے معاہدہ تاشقند کے بعد بھٹو کے جھوٹے بیانیے کی عوام میں قبولیت کی یاد تازہ ہوگئی۔9 مئی کے واقعات کے پی ٹی آئی پر اثرات کے باوجود اتحادیوں کو آئندہ انتخابات میں اپنی کامیابی کے حوالے سے خدشات لاحق  ہیں  جس سے نمٹنے کے لئے مردم شماری کی تاخیر سے منظوری کا حربہ آزمانے کی ٹھانی گئی  ہے۔

 الیکشن کمیشن نے ڈیجیٹل مردم شماری کے نوٹیفائی ہونے کے بعد گزشتہ روز نئی حلقہ بندیاں کرنے کا اعلان کردیا  ہےجس کے بعد ملک میں ایک واویلا مچ گیا ۔ پی ٹی آئی کی حامی سپریم کورٹ بار نے اس فیصلے کو چیلنج کر دیا ہے جبکہ پی پی پی کے فیصل کریم کنڈی نے بھی الیکشن کمیشن کے اس اعلان پر تحفظات کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ اس معاملے پر ان کی پارٹی کو اعتماد میں نہیں لیا گیا انہوں نے اس معاملے پر عدالت سے رجوع کرنے کو بھی خارج ازامکان قرار نہیں دیا۔دوسری جانب ن لیگ کے خرم دستگیر نے دعویٰ کیا ہے کہ انتخابات 90 روز میں ہی ہوں گے،جبکہ راجہ ریاض اور رانا ثناءاللہ فروری میں انتخابات ہونے سے متعلق بیان دے چکے ہیں۔ فیصل کنڈی جس پارٹی سے تعلق رکھتے ہیں اس کے سندھ کے سابق وزیر اعلی مراد علی شاہ مردم شماری کی منظوری کے عمل میں شریک تھے اس لئے کنڈی کا موقف سمجھ سے بالاتر ہے کیونکہ مردم شماری کی منظوری کے بعد یہ بات واضح ہوچکی تھی کہ آئندہ انتخابات نئی مردم شماری کے تحت ہی ہوں گے حالانکہ سابق وزیر اعظم شہباز شریف بھی پرانی مردم شماری کے تحت نئے انتخابات کرانے کی بات کرچکے تھے ۔ اس کے بعد سٹیبلشمنٹ کی حامی کے طور پر جانی جانے والی ایم کیو ایم کی جانب سے اس کی مخالفت سامنے آئی اور متحدہ نے نئی مردم شماری کے تحت انتخابات کرانے کا مطالبہ کیا تھا اور ظاہر ہے کہ خود کو 30 سال سے سٹیبلشمنٹ کی آنکھ کا تارا قرار دینے والے شہباز شریف کے پاس یہ مطالبہ تسلیم کرنے کے سوا کوئی چارہ نہیں تھا۔سردار اختر مینگل نے بلوچستان کی آبادی ڈیجیٹل مردم شماری میں 70 لاکھ نفوس کم دکھانے پر تحفظات کا اظہار بھی کیا  لیکن پھر بھی اس کی منظوری دے دی گئی ۔

دوسری جانب اندر کی خبر رکھنے کے دعویدار صحافی یہ کہہ رہے تھے کہ الیکشن کمیشن انتخابات کو 90 روز سے آگے لے جانے کے حق میں نہیں مگر اس حوالے سے تمام قیاس آرائیاں اس وقت غلط ثابت ہوگئیں جب چیف الیکشن کمشنر نے چیف جسٹس آف پاکستان سے 2 گھنٹے کی طویل ملاقات کے بعد نئی حلقہ بندیوں سے متعلق شیڈول جاری کردیا ،جس کے بعد ایک بار پھر انتخابات سے متعلق نئی قیاس آرائیاں شروع ہو گئی ہیں۔ ایک نجی ٹی وی پر اپنے تجزیئے میں معروف صحافی حامد میر نے دور کی کوڑی بیان کرتے ہوئےکہا کہ سینیٹ انتخابات 90 روز میں کرانے کی متفقہ قرارداد منظور کر چکی ہے اور اگر الیکشن کمیشن نے اس قرارداد کی خلاف ورزی کی تو اسے توہین پارلیمان ایکٹ کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے ۔ پی ٹی آئی کے حامی سپریم کورٹ بار کے صدر عابد زبیری نے بھی 90 روز میں انتخابات پر اصرار کیا ہے اورحامد میر کی  طرح   انتخابات آگے لے جانے کو آئین کی خلاف ورزی گردانا ہے۔ دونوں حضرات اس امر سے یا تو واقف نہیں یا پھر محض ریٹنگ کے چکر میں بیان نہیں کررہے کہ ایک شق یہ بھی موجود ہے کہ اگر آئین میں متعین مدت میں کوئی کام کسی وجہ سے سرانجام نہ دیا جا سکے تواسے آئین کی خلاف ورزی تصور نہیں کیا جائے گا۔

یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ مشترکہ مفادات کونسل کے فیصلوں پر عملدرآمد آئینی تقاضہ ہے اور پی ٹی آئی حکومت کے دوران مشترکہ مفادات کونسل نئے انتخابات نئی مردم شماری کے تحت کرانے کا فیصلہ کرچکی تھی تاہم مردم شماری کرانے سے عمران حکومت پہلو تہی بھی کرتی رہی حالانکہ الیکشن کمیشن نے بار بار حکومت کو اس جانب متوجہ کرانے کے لئے خطوط بھی ارسال کئے ۔پھر اتحادی حکومت کے دور میں مردم شماری کا آغاز کیا گیا مگر بعض سیاسی جماعتوں کے اعتراضات پر اس کی مدت میں باربار توسیع کی جاتی رہی اور آخر کار اتحادی حکومت کی مدت پوری ہونے سے کچھ قبل ہی اس کی منظوری دی گئی جس پر پی ٹی آئی اور اس کے حامیوں نے اسے انتخابات کو التواء میں ڈالنے کا حربہ قرار دیا ۔

مجھ احقر کی ناچیز رائے یہ ہے کہ اس کا مقصد نواز شریف کو چیف جسٹس عمر عطا بندیال کے اصول انصاف سے بچائے رکھنا ہے کیونکہ نااہلی کی مدت کے پارلیمنٹ سے تعین کے باوجود نواز شریف کو چیف جسٹس کی جانب سے خدشات لاحق تھے اور ان کی وطن واپسی اور انتخابی مہم چلانا ممکن نظر نہیں آتا تھا جبکہ دوسری بڑی وجہ پی ٹی آئی کے چیئرمین کے خلاف کیسسز کو انتخابات سے قبل منطقی انجام تک پہنچانا ہے ۔اب جبکہ قومی اسمبلی بھی مدت پوری ہونے سے قبل تحلیل کی جا چکی ہے اور مردم شماری کو نوٹیفائی بھی کردیا گیا ہے تو نواز شریف کی واپسی اور عمران خان کے خلاف بڑے کیسسز کا فیصلہ کرنے کے لئے وقت مل گیا ہے۔ مردم شماری کی منظوری دینے سے جو  اہم کام یعنی قومی وصوبائی اسمبلیوں کی نشستوں میں ممکنہ ردوبدل اور اس کے لئے آئین میں ترمیم  لازم ہے ۔اس سے متعلق سوالات کا جنم لینا لازمی امر ہے جس پر آئینی اور قانونی ماہر ین یہ رائے دے رہے ہیں کہ عدالت عظمیٰ کی گارنٹی کے بعد نئی اسمبلی سے یہ ترمیم ممکن ہے جبکہ بعض ماہرین اس کے خلاف رائے رکھتے ہیں اب اس حوالے سے فیصلہ سپریم کورٹ کرے گی ۔

 چیف الیکشن کمشنر کی چیف جسٹس آف پاکستان سے ملاقات کے بعد مردم شماری کے شیڈول کے اعلان سے یہ تاثر سامنے آیا ہے کہ الیکشن کمیشن کو اس معاملے پر عدالت عظمیٰ کی حمایت حاصل ہے جس سے اس معاملے پر کسی بھی ممکنہ بحران کا خدشہ ٹلنے کے امکانات روشن نظر آتے ہیں۔

نوٹ:گرین سٹیزن میڈیا تمام تحریریں مفاد عامہ اور نیت نیتی کے تحت شائع کرتا ہے تاہم ان تحریروں کا مواد لکھنے والے کی اپنی تحقیق، مشاہدے، معلومات اور نقطہ نظر کا غماز ہوتا ہے اور ادارے کا ان کے ساتھ متفق ہونا ضروری نہیں۔
GREEN CITIZEN MEDIA