img

بائیڈن اور مودی کے لیے ویک اپ کال

 

گذشتہ چند دنوں میں کینیڈا ا نڈیا کشیدگی کے بارے میں اتنا کچھ لکھا گیا ہے کہ اس موضوع میں بظاہرتازگی کے آثارنظر نہیں آ رہے۔ مگر اس کی ایک جہت ایسی بھی ہے جو پاکستان کے نیوز میڈیا کی نظروں سے اوجھل ہے۔ اس جہت پر انڈیا کے سنجیدہ فکر تجزیہ کار بڑی خیال آرائیاں کر رہے ہیں۔ امریکی میڈیا بھی پوچھ رہا ہے کہ کینیڈا میں قتل کی اس بہیمانہ واردات کے بعد واشنگٹن اور نئی دہلی کے تعلقات کیا صورت اختیار کریں گے۔

اٹھارہ جون کے دن کینیڈا کے صوبے برٹش کولمبیا کے شہر Vancouver میں واقع گرو نانک سکھ گردوارے کے پارکنگ لاٹ میں دن دیہاڑے ایک سکھ رہنماہردیپ سنگھ نجار کے قتل نے ایک طرف کینیڈا اور انڈیا کے تعلقات کو کشیدہ کر دیا ہے تو دوسری طرف امریکہ اور انڈیا کی دوستی کی چکا چوند کو بھی ماند کر دیا ہے۔ نریندر مودی ابھی جی ٹونٹی کانفرنس کی تحسین و آفرین کو پوری طرح سمیٹ بھی نہ پائے تھے کہ کینیڈا نے انڈیا پر دہشت گردی میں ملوث ہونے  کا الزام لگا کر نئی دہلی میں جشن منانے والوں کو سوگوار کر دیاہے۔ ہر دیپ سنگھ نجار کے قتل میں ایک انڈین سفارتکار کے ملوث ہونے کا الزام اگر صرف کینیڈین انٹیلی جنس ایجنسی نے لگایا ہو تا تو صورتحال اتنی گمبھیر نہ ہوتی مگر اس کی تصدیق کیونکہ امریکہ کی خفیہ ایجنسی نے بھی کر دی ہے ا س لیے مودی سرکار کے لیے اس مصیبت کو ٹالنا اتنا آسان نہ ہو گا۔

 

Canada India Tension

 

کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو ڈھائی ماہ تک سفارتکاری کے ذریعے نئی دہلی کو اس معاملے میں تعاون کرنے پر آمادہ کرتے رہے مگر مودی حکومت نے کوئی سنجیدہ مؤقف اختیار کرنے کے بجائے الٹا کینیڈا پر دہشت گردی کے الزامات لگانا شروع کر دیے۔ ہردیپ سنگھ کینیڈا میں خالصتان تحریک کا سربراہ ہونے کی وجہ سے گذشتہ تین برسوں سے انڈیا کو مطلوب تھا ۔ کینیڈین انٹیلی جنس ایجنسی کئی مرتبہ ہردیپ سنگھ کو اپنی حفاظت کرنے کے مشورے دے چکی تھی۔وین کوور کے گردوارے میں ہونے والے قتل کی اس واردات میں پر اسراریت کا عنصر اس لیے عنقا ہے کہ کینیڈا کی انٹیلی جنس نے انڈین سفارتکار کی قاتلوں کے ساتھ ہونے والی گفتگو کو ریکارڈ کیا ہوا ہے۔

جسٹن ٹروڈو نے پارلیمنٹ سے اپنے خطاب میں دستیاب شواہد کو Credible  allegations  of  a  potential link کہاہے۔ان کے بیان کے مطابق انکے پاس قاتلوں اور انڈین حکام کے درمیان رابطوں کے قابل اعتبارثبوت موجود ہیں۔ چند روز پہلے امریکی صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئےانہوں نے کہا کہ اس واقعے کے بعد ــ’’ امریکہ اور کینیڈا دونوں کو سبق سیکھنے کی ضرورت ہے اور جس طریقے سے انڈیا کی خفیہ ایجنسی دوسرے ممالک میں کام کرتی ہے اسے تبدیل کرنا پڑے گا۔‘‘ جسٹن ٹروڈو نے جی ٹونٹی کانفرنس کے دوران نریندر مودی کی توجہ اس واقعے کی طرف دلا کر تعاون کا مطالبہ کیا تھا مگر مودی کے غیر سنجیدہ رویے کو دیکھتے ہوے جسٹن ٹروڈو نے نئی دہلی کی تقریبات میں شمولیت نہ کر کے مودی حکومت کو ویک اپ کال دے دی تھی مگر ان کی برہمی پر کوئی توجہ نہ دی گئی۔

نریندر مودی جس طرح مبینہ طور پر اپنی خفیہ ایجنسی RAW کے ہاتھوں ہونیوالے اس قتل کو غیر ذمہ دارانہ طریقے سے برت رہے ہیں اس سے پتہ چلتا ہے کہ انہیں اس واقعے کی سنگینی کا احساس نہیں ۔ کینیڈا اس لیے کوئی عام ملک نہیں ہے کہ وہ ایک اہم مغربی اتحاد Five  Eyes  کا ممبر ہونے کے علاوہ امریکہ کا ہمسایہ بھی ہے۔ فائیو آئیز میں امریکہ‘ برطانیہ‘ کینیڈا‘ آسٹریلیا اور نیو زی لینڈ شامل ہیں۔ یہ پانچوں سفید فام ممالک صدیوں پرانے  Caucasian  قبیلے سے تعلق رکھتے ہیں۔ انکی خفیہ ایجنسیاں مل جل کر کام کرتی ہیں اور ایک دوسرے کو آنے والے خطرات سے آگاہ کرتی رہتی ہیں۔ اب اگر امریکی خفیہ ایجنسی نے اپنی کینیڈین ہم منصب کے انڈیا کے خلاف لگائے ہوئے الزامات کو مستند قرار دے دیا ہے تو یہ نریندر مودی کے علاوہ صدر بائیڈن کے لیے بھی ایک ویک اپ کال ہے۔

 

Biden, Modi and Trudeau

 

جی ٹونٹی کانفرنس میں صاف نظر آ رہا تھا کہ امریکی صدر انڈیا کو چین کے مقابلے میں کھڑا کرنے کا تہیہ کیے ہوئے تھے۔ اس مقصد کے حصول کے لیے وہ نریندر مودی کو غیر ضروری اہمیت دیتے ہوئے نظر آئے مگر اب ان کے فائیو آئیز گروپ کے ایک اتحادی نے انکے نئے تزویراتی پارٹنر پر دہشت گردی میں ملوث ہونے کا الزام لگا کر انہیں اپنی خارجہ پالیسی پر نظر ثانی کا مشورہ دیاہے۔ اب امریکہ میں پوچھا جا رہا ہے کہ کیا صدر بائیڈن واقعی انڈیا سے ہنی مون ختم کر کے معمول کے پرانے تعلقات کی طرف لوٹ جائیں گے۔ وہ اگر ایسا کرتے ہیں تو پھر انڈو پیسیفک کے علاقے میں امریکہ ‘ چین کا مقابلہ کیسے کرے گا۔ نظر یہی آ رہا ہے کہ بائیڈن انتظامیہ مودی حکومت کے ساتھ ایک سنجیدہ مکالمہ کر کے اسے خارجی معاملات میں اپنے طور طریقے بدلنے کی تلقین کرنے سے زیادہ کچھ بھی نہ کر سکے گی۔ اس کے بعدنریندر مودی اگر اپنی ہٹ دھرمی پر قائم رہتے ہیں اورمقدمے کی تہہ تک پہنچنے اور قاتلوں کی گرفتاری میں تعاون نہیں کرتے تو ان کا ملک مغربی ممالک کے لیے ناقابل اعتبار ہو جائے گا۔ اور اگر مغربی خفیہ ایجنسیاں ہردیپ سنگھ نجار کے قتل میں RAW کے ملوث ہونے کے ناقابل تردید ثبوت پیش کر دیتی ہیں تو اس صورت میں انڈیا کی عالمی برادری میں کیا ساکھ رہ جائیگی اور اس کے بعد کیا صدر بائیڈن انڈیا کو بڑے فخر سے اپنا تزویراتی پارٹنر کہہ سکیں گے؟

کتنی عجیب بات ہے کہ کل تک اپنے ہمسایوں پر دہشت گردی کے بے بنیاد الزامات لگانے والا انڈیا آج خود عالمی عدالت کے کٹہرے میں اپنے چہرے پر دہشت گردی کا داغ سجائے کھڑا ہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ نریندر مودی اور انڈیا اس بار بھی مکافات عمل سے بچ جائیں گے یا فائیو آئیز کی یلغار انہیں گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر دے گی۔

 

نوٹ:گرین سٹیزن میڈیا تمام تحریریں مفاد عامہ اور نیت نیتی کے تحت شائع کرتا ہے تاہم ان تحریروں کا مواد لکھنے والے کی اپنی تحقیق، مشاہدے، معلومات اور نقطہ نظر کا غماز ہوتا ہے اور ادارے کا ان کے ساتھ متفق ہونا ضروری نہیں۔
GREEN CITIZEN MEDIA