بنگلادیش نے ای پاسپورٹ میں اسرائیل کے لیے کارآمد نہ ہونے کا جملہ حذف کر دیا اور یوں اب بنگلا دیشی پاسپورٹ پر اسرائیل کا سفر بھی ممکن ہو سکے گا۔ بنگلا دیش کی حکومت نے اس فیصلے کی کئی توجیہات پیش کی ہیں جن میں یہ بھی شامل ہے کہ پاسپورٹ کو عالمی میعار کے مطابق بنانے کے لیے یہ جملہ حذف کرنا ضروری تھا۔ بنگلا دیش کی حکومت کا کہنا ہے کہ اس فیصلے کا یہ مطلب ہرگز نہیں کہ مشرق وسطیٰ کے حوالے سے اس کی پالیسی تبدیل ہورہی ہے۔ بنگلا دیش اپنے موقف پر قائم رہے گا اور پاسپورٹ کو اسرائیل کے لیے کارآمد بنانے کے باوجود پالیسی میں تبدیلی نہیں لائے گا۔ اسرائیل کے وزیر اعظم نیتن یاہو نے اس فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے۔ کچھ عرصے میں جب خلیج کے مالدار ملک متحدہ عرب امارات نے اسرائیل کو تسلیم کیا تو اس کے بعد دو اور ملک اس راہ پر چل دیے۔ اسرائیلی حکام نے بہت یقین سے کہنا شروع کیا کہ کئی عرب ممالک اور ایک غیر عرب مسلمان ملک بھی اسرائیل کو تسلیم کرنے جا رہا ہے۔ اس وقت کی صورت حال کے مطابق غیر عرب ملک کا اشارہ پاکستان کی جانب سمجھا گیا۔ متحدہ عرب امارات کی طرف سے اسرائیل کو تسلیم کرنے کے لیے پاکستان پر دبائو کی خبریں بھی آرہی تھیں اور اس عمل میں سعودی عرب کی خاموش تائید کا تذکرہ بھی ہو رہا تھا۔ پاکستان کے میڈیا میں بھی اچانک اسرائیل کو تسلیم کرنے کے مضمرات اور اثرات پر بحث چھڑ گئی تھی اور کئی میڈیا پرسن کھلے بندوں اسرائیل کو تسلیم کرنے کے فوائد گنوانے لگ گئے تھے۔ حکومت کے خلاف پہلے سے بھرے بیٹھے ایک مذہبی سیاسی راہنما تلوار سونت کر میدان میں نکل آئے تھے اور ’’میں نہ کہتا تھا‘‘ کے انداز میں حکومت کو یہودی لابی کے ایجنٹ ہونے کا طعنہ دینے لگے تھے۔ حد تو یہ خود کئی وزراء بھی روشن خیالی کی لہر میں بہہ کر یا حالات کا غلط اندازہ لگا کر اسرائیل کو تسلیم کرنے کی حمایت میں نظر آنے لگے تھے۔ کچھ دن کی معنی خیز خاموشی کے بعد وزیر اعظم عمران خان اچانک میڈیا میں نمودار ہوئے اور انہوں نے دبے لفظوں میں تسلیم کیا کہ ان پر اسرائیل کو تسلیم کرنے کے دبائو ہے مگر ان کا ضمیر اس بات کی اجازت نہیں دیتا کہ فلسطینیوں کو مطمئن کیے بغیر اسرائیل کو تسلیم کیا جائے۔ اس کے بعد اسرائیل کو تسلیم کرنے کی مخالفت کا ایک سلسلہ چل پڑا اور دوٹوک موقف کے بعد غیر عرب ملک کے حوالے سے پاکستان کے گرد منڈلانے والے شکوک وشبہات کے سائے دور ہوتے چلے گئے۔
اب غزہ میں اسرائیل کی برپا کردہ قیامت کے اثرات پوری طرح موجود ہیں کہ اچانک بنگلا دیش نے پاسپورٹ سے اسرائیل کے لیے کارآمد نہ ہونے کا جملہ ہٹا کر اس راہ پر پہلا قدم رکھ دیا جس پر متحدہ عرب اور کئی دوسرے عرب ملک چل پڑے تھے۔ یوں جس غیر عرب ملک کی طرف اشارہ کیا جا رہا تھا عین ممکن ہے وہ بنگلا دیش ہی ہو۔ پاسپورٹ کو عالمی میعار کے مطابق بنانے کی دلیل اور تاویل کتنی جاندار اور حقیقی ہے یہ تو آنے والا وقت ہی بتائے گا مگر فی الحال اسرائیل اور بنگلا دیش میں سفارتی تعلقات کی برف پگھلنا شروع ہو گئی۔ گوکہ بنگلا دیش کے شہریوں پر اسرائیل کے سفر کی پابندی برقرار رہے گی مگر اگلے مراحل میں اس صورت حال میں بھی تبدیلی آسکتی ہے۔ بنگلا دیشی حکومت کے لیے اس مرحلے پر کوئی بڑا قدم اُٹھانا اس لیے بھی مشکل ہے کہ بنگلا دیشی رائے عامہ غزہ کے حالات کے باعث غصے سے بھری بیٹھی ہے۔ اسرائیلی مظالم کے خلاف بنگلا دیش میں دریائی جلوس نکل چکے ہیں اور رائے عامہ کے جذبات کا طوفان ابھی تک موجزن ہے۔ اول تو ایسے ماحول میں اسرائیلی حکومت کا یہ فیصلہ ہی قطعی بے موقع اور عجیب ہے مگر یہ فیصلہ حکومت کے گلے بھی پڑ سکتا ہے کیونکہ بنگلا دیش کی رائے عامہ کا ایک بڑا حصہ مسلمانوں کے اجتماعی مسائل کے بارے میں ہمیشہ سے حساس اور جذباتی رہا ہے۔ حسینہ واجد پوری کوشش کے باوجود ان اثرات کو کم یا محدود نہیں کرسکیں۔
پاسپورٹ عالمی میعار کے مطابق بنانے کا جواز اگر حقیقی ہے اور اس کے لیے کوئی دبائو موجود ہے تو لامحالہ یہ دبائو پاکستان پر بھی آنا ہے۔ ایف اے ٹی ایف جیسے دوسرے ادارے اور اتھارٹیز تو موجود ہیں جو اس جملے کو حذف کرانے کے لیے پاکستان کی کلائی مروڑ سکتے ہیں۔ اسرائیل کی راہ کے کانٹوں کو پلک سے چننے والے ایسے تمام عالمی اداروں اور تنظیموں میں غلبہ رکھتے ہیں۔ ابھی تو سلامتی کونسل میں اقوام متحدہ پر امریکا کی غلامی کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ اگر دنیا کے سب سے بڑے فورم کا یہ حال ہے تو ایف اے ٹی ایف سمیت باقی اداروں کا کیا حال ہوگا۔ اس لیے پاکستانیوں کو ذہنی طور پر اس دبائو کے لیے نہ صرف تیار رہنا ہوگا بلکہ اس کے مقابلے کی تدبیر بھی کرنا ہوگی۔ عین ممکن ہے اس مقصد کے لیے بین الاقوامی فورمز کو سہارا لیا جائے۔ ایسے میں پاکستان کے لیے مشکل صورت حال ہو گی۔ یہ بھی حقیقت ہے کہ یہ ایک جملے کا اخراج نہیں بلکہ اسرائیل کو تسلیم کرنے کی جانب پہلا قدم ہے۔