img

صدرعارف علوی پر اندرونی و'بیرونی' دباؤ

 

اس حقیقت سے کسی کو انکار نہیں کہ صدر مملکت وفاق کی علامت ہوتا ہے مگر اس امر سے بھی کسی کو مفر نہیں کہ صدر عارف علوی نےعمران حکومت کے خاتمے کے بعد  مقتدر حلقوں میں پی ٹی آئی کے لئے سہولت کار کا کردار ادا کیا ہے اور پی ٹی آئی دور میں ایوان صدر آرڈی ننس فیکٹری بنا رہا۔

گزشتہ ماہ آرمی ایکٹ اور آفیشل سیکریٹ ایکٹ پر صدر  عارف علوی کے ٹوئٹ کے بعد حالات نے جو کروٹ لی ہے اس سے ایک طرف مقتدر قوتوں میں اس سوچ نے جنم لیا ہے کہ اب تک متعین کئے جانے والے اہداف کا سو فیصد حصول ناممکن ہے کیونکہ عمران خان،شاہ محمود قریشی اور پرویز الہٰی تو جیل میں ہیں اور دیگر قیادت تتر بتر ہے مگر پی ٹی آئی کو ووٹر کی سپورٹ ابھی تک حاصل ہے ۔ پنجاب سے تحریک انصاف کے صرف 10 فیصد ٹکٹ ہولڈرز ہی پارٹی سے الگ ہوئے ہیں اس لئے انتخابات میں اگر تحریک انصاف حکومت بنانے کی پوزیشن میں آجاتی ہے تو اس کے ساتھ ابھی سے ورکنگ ریلیشن شپ بنا لینا چاہیئے۔

ایسا واضح ہونے لگا ہے کہ عمران خان تو انتخابات میں حصہ نہیں لے سکیں گے اس لئے "ان" کے دو پرانے گھوڑے یعنی شاہ محمود قریشی اور چوہدری پرویز الہٰی ہی مستقبل میں پارٹی امور دیکھیں گے جن کو رام کرنا عمران خان کی بہ نسبت آسان ہوگا۔ مقتدر حلقوں میں ایک رائے یہ بھی ہے کہ تحریک انصاف کا راستہ بہر صورت روکنا چاہیئے ۔دوسری رائے کے مقابلے میں پہلی رائے حقیقت کے زیادہ قریب معلوم ہوتی ہےتاہم  اس کا فیصلہ  بھی ستمبر کے دوسرے عشرے کے آخر تک ہوجائے گا۔فی الحال مشرف دور میں ق لیگ کے وزیر اطلاعات محمد علی درانی کی صدر علوی سے 45 منٹ پر محیط ملاقات کی خبریں گرم ہیں جو  شایدمقتدر حلقوں کی پہلی رائے کے تناظر میں ہوئی ہے۔

صدر علوی کی 23 اگست کے ٹوئٹ اور اس کے بعد دو  اعلٰی شخصیات کی صدر سے ملاقاتوں کے بعد یہ خبر سامنے آئی کہ صدر کو آئندہ صدارتی انتخاب تک عہدے پر برقرار رہنے سمیت دیگر اہم امور پر قائل کر لیا گیا ہے جس کی تصدیق عارف علوی کی جانب سے انتخابات کی تاریخ نہ دینے سے ہوچکی ہے ۔ اگرچہ انہوں نے اس ضمن میں چیف الیکشن کمشنر کو خط بھی لکھ  دیا تھا مگر 8 ستمبر کو اپنے عہدے کی میعاد کے خاتمے تک ان کی جانب سے ایسا کوئی اعلان سامنے نہیں آیا جبکہ پی ٹی آئی نے عارف علوی سے انتخابات کی تاریخ دینے کا مطالبہ بھی کیا ہے،اب یا تو  صدرعلوی مکمل طور پر رام ہو چکے ہیں یا ان کا پی ٹی آئی کور کمیٹی کے ساتھ کمیونیکیشن گیپ ہے جس کی وجہ سے کور کمیٹی نے تاریخ دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ یا پھر یہ مطالبہ مقتدر حلقوں پر دباؤ ڈالنے کا ایک حربہ ہوسکتا ہے مگر یہ حقیقت ہے کہ  صدرعلوی نے ابھی عہدہ صدارت نہیں چھوڑا جس سے اس امر کو تقویت ملتی ہے کہ اندرون خانہ کوئی کھچڑی پک رہی ہے اور اس میں عارف علوی کا اہم کردار ہے۔

دوسری جانب چیف جسٹس نے بھی مبینہ طور پر پی ٹی آئی کے حامی یوٹیوبر کے ساتھ بات چیت میں جن تین اہم فیصلوں کا ذکر کیا تھا ان میں آڈیو لیکس کے حوالے سے سابق اتحادی حکومت کی جانب سےججز پر اعتراض کو عدلیہ پر حملہ قرار دیا ہے اور درخواست خارج کر دی ہے اب نیب ترمیمی ایکٹ سمیت 2 کیسز کے فیصلے بھی پائپ لائن میں ہیں۔اگر یہ فیصلے بھی عمران مخالف سیاسی قیادت کے خلاف آگئے تو پھرصدر عارف علوی پر انتخابات کی تاریخ دینے سے کے حوالے سے دباؤ مزید بڑھے گا۔

 اب دیکھنا یہ ہے کہ صدرعلوی کس دباؤکے سامنے سرنڈر کریں گے کیونکہ ایک طرف "اُن"کا دباؤہے دوسری جانب پی ٹی آئی کا اور تیسر ی جانب اعلٰی عدلیہ کے متوقع فیصلوں کا بالواسطہ دباؤ ہوگا،اس احقر کی ناچیز رائے یہ ہے کہ صدرعلوی صرف "  اُن " کے سامنے ہی سرنڈر کریں گے کیونکہ پی ٹی آئی کی بقاء اسی سے وابستہ ہے۔

نوٹ:گرین سٹیزن میڈیا تمام تحریریں مفاد عامہ اور نیت نیتی کے تحت شائع کرتا ہے تاہم ان تحریروں کا مواد لکھنے والے کی اپنی تحقیق، مشاہدے، معلومات اور نقطہ نظر کا غماز ہوتا ہے اور ادارے کا ان کے ساتھ متفق ہونا ضروری نہیں۔
GREEN CITIZEN MEDIA