img

صدر سے مایوسی اور عثمان ڈار کا خودکش حملہ

 

صدر عارف علوی نے عمران دور اور اس سے قبل2014ء کے دھرنے  کے دوران  پی ٹی وی پر حملے جیسی خدمات انجام دی تھیں لیکن اب چیئرمین پی ٹی آئی نے ان پر بھی عدم اعتماد کا اظہار کر دیا ہے۔ اس سے پہلے عمران خان قمر جاوید باجوہ کی پی ٹی آئی کے لئے خدمات کے باوجود ان پر جس طور لفظی گولہ باری کرتے آئے ہیں اس کو بیان کرنا وقت کا ضیاع ہی ہوگا۔ اس کے بعد فیض حمید کو بھی انہوں نے ہدف تنقید بنایا جبکہ  سابق چیف جسٹس عمر عطاء بندیال سے بھی انھوں نے مایوسی کا اظہار کیا تھا۔ اب اس فہرست میں آخری نمبر  صدر عارف علوی کا آیا ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی ہمشیرہ محترمہ علیمہ خان نے گذشتہ روز میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ عارف علوی کی جانب سے انتخابات کی تاریخ سے متعلق واضح اعلان نہ کرنے سے عمران خان مایوسی کا شکار ہیں۔ عارف علوی کو انتخابات کی تاریخ تجویز کرنے کے بجائے اس کا واضح اعلان کرنا چاہیئے تھاجس سے گریز کرکے وہ عوامی حقوق کا دفاع کرنے میں ناکام رہے۔

صدر عارف علوی نے چیئرمین پی ٹی آئی کی ہمشیرہ کا بیان سامنے آنے پر ایک نجی ٹی وی چینل کو اپنا موقف ارسال کیا جس میں کہا گیا ہے کہ ان کی جانب سے چیف الیکشن کمشنر کو ملاقات کے لئے خط ارسال کیا گیا تھا اور خط کا تسلی بخش جواب نہ آنے پر انہوں نے 6نومبر کو انتخابات کی تاریخ دی تھی۔

اب پی ٹی آئی صدر علوی کے ساتھ جو کرے سو کرے مگر صدر سے مایوس عمران خان پر عثمان ڈار نے خودکش حملہ کر دیا ہے۔نجی ٹی وی کے پروگرام میں عثمان ڈار نے ان تمام الزامات کی تصدیق کر دی ہے جو عمران خان کے خلاف 9 مئی کے بعد عائد کئے گئے تھے۔

عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ عمران خان نے خود 9 مئی کے واقعات کا منصوبہ بنایا،خود کو گرفتاری سے بچانے کے لئے کارکنوں کی ذہن سازی کی،کارکنوں کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کیا۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ 9 مئی کا واقعہ آرمی چیف کو برطرف کرانے کی کوشش تھی۔عمران خان نے اپنی گرفتاری کی صورت میں حساس مقامات پر حملے کی ہدایت دی تھی۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ن لیگ کے ساتھ بہت زیادتی ہوئی،نواز شریف سچا  اور عمران خان جھوٹا نکلا۔

عثمان ڈار کے مذکورہ انٹرویو نے ہلچل مچادی ہے اور پی ٹی آئی کور کمیٹی کے رکن و اسلام آبادہائی کورٹ بار کے سابق صدر شعیب شاہین نے اس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پہلے پارٹی کے رہنماؤں کو بار بار گرفتار کیا جاتا رہا اور اب رہنماؤں کو لاپتہ کیا جارہا ہے،عثمان ڈار پر بے پناہ دباؤ ڈالا گیا اور آخر کار وہ اس دباؤ کو برداشت نہ کر سکے۔

کہنے کو تو عثمان ڈار نے تہلکہ خیز انٹرویو دیا ہے مگر سائفر کیس کا سامنے کرنے والے عمران خان کو 9 مئی کے واقعات کا ذمہ دار قرار دے کر عثمان ڈار نے جہاں عمران خان کے گلے میں پھندا کسا ہے وہیں تحریک انصاف پر پابندی کی راہ بھی ہموار کردی ہے۔اب آرمی چیف کے خلاف سازش پر عمران خان کو کیا سزا ہوتی ہے اور پی ٹی آئی کا کیا بنے گا اس کا فیصلہ عدالت ہی کرے گی۔

 

نوٹ:گرین سٹیزن میڈیا تمام تحریریں مفاد عامہ اور نیت نیتی کے تحت شائع کرتا ہے تاہم ان تحریروں کا مواد لکھنے والے کی اپنی تحقیق، مشاہدے، معلومات اور نقطہ نظر کا غماز ہوتا ہے اور ادارے کا ان کے ساتھ متفق ہونا ضروری نہیں۔
GREEN CITIZEN MEDIA