سن 2011ء میں پراجیکٹ عمران لانچ کرنے کے بعد اس کو کامیاب کرانے کے لئے جو جتن کئے گئے وہ اب کوئی راز کی بات نہیں۔اس وقت کی سٹیبلشمنٹ نے تمام اداروں خاص کر عدلیہ میں جو گند مچایا وہ اب تاریخ کا حصہ بن چکا ہے۔
فیض آباد دھرنا کیس میں موجودہ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی جانب سے سٹیبلشمنٹ کے خلاف جو فیصلہ آیا اس نے متعلقہ حلقوں کو نہ صرف یہ کہ ناراض کیا بلکہ وہ غضب ناک بھی ہوئے اور عمران خان کے وزیر اعظم بننے کے بعد جسٹس قاضی فائز عیسی اور ان کی اہلیہ کو 4 ججز کے ایماء پر سٹیبلشمنٹ نے جس طرح نشانہ بنانے کی بھرپور کوشش کی وہ عدالتی تاریخ کا سیاہ و گھناؤنا باب ہے۔
اب جبکہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ چیف جسٹس آف پاکستان کے اعلیٰ ترین عدالتی عہدے پر متمکن ہوچکے ہیں تو گذشتہ روز معروف صحافی کامران یوسف نے خبر دی کہ ہائی کورٹس کے وہ پانچ ججز جن کو جونیئر ہونے کے باوجود سپریم کورٹ میں لایا گیا تھا کو واپس متعلقہ ہائی کورٹس میں بھجوایا جاسکتا ہے۔
مشرف کو پھانسی کی سزا سنانے والے پشاور ہائی کورٹ کے سابق چیف جسٹس وقار سیٹھ نے جونیئر جج کی سپریم کورٹ میں تعیناتی کے خلاف عدالت عظمیٰ میں درخواست بھی دائر کی تھی مگر اس کی شنوائی نہ ہوئی اور جسٹس وقار سیٹھ کرونا کا شکار ہوکر چل بسے۔
اس کے بعد عمران خان حکومت کے تحریک عدم اعتماد کے نتیجے میں خاتمے اور اتحادی حکومت کے قیام کے بعد سابق چیف جسٹس عمر عطاء بندیال نے ایک بار پھر سینیارٹی کے اصول کو بالائے طاق رکھنے کی کوشش کی اور جونیئر ججز کو سپریم کورٹ میں لانے کے لئے اتحادی حکومت کو اس وقت کے آرمی چیف قمر جاوید باجوہ کے ذریعے مجبور کیا۔ اس سے پہلے کمیشن میں جسٹس قاضی فائز عیسیٰ،اس وقت کے وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ اور اٹارنی جنرل اشتر اوصاف سمیت بارکونسل کے نمائندے نے اس معاملے پر عمر عطاء بندیال کو ٹف ٹائم دیا تھا اور جونیئر ججز کو سپریم کورٹ میں لانے کے خلاف ووٹ دے کر بندیال کا منصوبہ ناکام بنا دیا تھا مگر قمر جاوید باجوہ کے سامنے اتحادی حکومت کا بس نہ چلا اور ججز تقرری کمیشن کے اگلے ہی اجلاس میں اتحادی حکومت نے جونیئر ججز کے حق میں ووٹ دے کر جسٹس قاضی فائز عیسیٰ سمیت دیگر کی پیٹھ میں چھرا گھونپ دیا۔اس کے بدلے میں عمر عطاء بندیال سے یہ یقین دہانی حاصل کی گئی تھی کہ موصوف اب پی ٹی آئی کی سہولت کاری نہیں کریں گے مگر جسٹس بندیال نے وعدے کے باوجود اپنے عمران خان کی طرفداری ترک نہ کی جس سے شہباز حکومت کو خاصی شرمندگی اٹھانا پڑی۔
عدلیہ میں جونیئر ججز کو سپریم کورٹ میں لانے کے پیچھے اس وقت کے ڈی جی آئی ایس آئی جنرل فیض حمید کا اپنا ایجنڈا تھا۔ یہ اس منصوبے کی تکمیل کے لئے کیا گیا جو بقول فیصل واوڈا 2035ء تک برسر اقتدار رہنے اور عمران مخالف تمام سیاستدانوں کو جیلوں میں ٹھونسنے کا پلان تھا۔ پھر یہ اطلاعات بھی سامنے آئیں کہ سابق چیف جسٹس نے اپنے بیٹے کو لاہور ہائی کورٹ کا جج بنانے کے لئے جسٹس شاہد وحید کو سپریم کورٹ میں لانے کی راہ ہموار کی۔
اس وقت کی سٹیبلشمنٹ نے جس طرح عمران خان کے عشق میں جج سازی کی وہ بھی عدالتی تاریخ پر ایک بدنما دھبہ ہے جس کے نقصانات سے ملک اور عوام دوچار ہوئے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے سینئر ترین جج شوکت عزیز صدیقی کی برطرفی بھی پراجیکٹ سونامی کی کامیابی کے لئے عمل میں لائی گئی۔ اب جبکہ پانچ ججز کی متعلقہ ہائی کورٹس میں واپسی کی خبر آئی ہے تو تمام جمہوریت و انصاف پسندوں کا یہ مطالبہ ہونا چاہیئے کہ ان پانچ ججز کو واپس بھیجنے کے بجائے ان کی برطرفی کے لئے آواز بلند کریں اور ان کے غیر قانونی طور پر سپریم کورٹ میں لائے جانے کی تحقیقات کی جائیں۔ جسٹس شوکت عزیز صدیقی کو بھی بحال کروانے کے لئے صدا بلند کی جائے تاکہ مذموم مقاصد کے لئے میرٹ کے قتل اور ملک و عوام سے گھناؤنے کھیل کے مرتکبین کو انصاف کے کٹہرے میں لاکر یہ باب ہمیشہ کے لئے بند کردیا جائے۔