img

عصبیت کا عفریت اور اخلاقی زوال

معاشرہ میں رہتے ہوئے ہرانسان اپنےگردوپیش کےماحول میں اپنی اور دوسروں کی توجہ کی بنیاد پر محبت و نفرت ہردوطرح کےجذبات رکھتاہے اور اسی حیثیت سے اپنےتعلقات کی بنیادیں کھڑی کرتاہے.اگرچہ معاشرہ اسی کا نام ہے کہ یہاں ہرفرد دوسرے سے کسی نہ کسی درجہ میں ایک احتیاج محسوس کرتاہے اوریقینا  محتاج ہوتابھی ہے۔
ان معاشرتی تعلقات کو جن چند حیثیتوں سےتقسیم کیاہے وہ خاندان. رشتہ دار. ہمسائیگی. دوستانہ. تجارتی. معاشرتی.مذہبی.سیاسی حیثیت پرمشتمل ہیں. ان تمام بنیادوں کےساتھ اسلامی معاشرہ جن اصولوں پر قائم ہوتاہے اس کےلیے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد پاک جامع اصول ہےجس کامفہوم ہے۔
جس شخص نےکسی سےمحبت کی اللہ کےلیے کسی بغض رکھا اللہ کےلیے کسی کو کچھ دیا اللہ کےلیے کسی سے دینےکو روکا اللہ کےلیے اس شخص نےاپنا ایمان مکمل کرلیا۔
تعلقات کےقائم کرنے اور ان کی بقا کا اس سے بہتر اصول کوئی نہیں ہوسکتا۔
مگر اس مادیت زدہ دور میں معاشرہ اس اصولی بنیاد کو نہ صرف کھوچکاہے بلکہ اس اصول کو اپنے جذبات کےسامنےپس پشت ڈال دیاگیاہے یہی وجہ ہےکہ اسلامی معاشرے بھی تعصب کاگڑھ بن چکےہیں
اسی تناظر میں ہم آج اپنےقارئین کو دورحاضر کی ایک اہم ترین معاشرتی اخلاقی برائی سےمتعلق متوجہ کرتےہوئے اپنی فکرعام کو لیےآپ کی خدمت میں ایک فرض سمجھ کرحاضرہیں۔ 
محترم قارئین!  یہ برائی جس نے ہمیں احترام انسانیت سے لےکر باہمی اخوت تک مفلوج کرکےرکھ دیا وہ  عصبیت ہے. عصبیت سےمتعلق اگریہ کہا جائے تو بےجا نہ ہوگاکہ عدل و انصاف سےنفرت کانام عصبیت ہے. جس کی ہولناکی کاعالم یہ ہےکہ! 
سرورکائنات صلی اللہ علیہ وسلم نےایک مثال بیان فرمائی کہ عصبیت کی حالت یہ ہے ایک اونٹ اگر کنویں میں گررہاہوتواس کی دم پکڑ کرنکالنےکی کوشش کرنےوالا بھی اس کےساتھ ہی خود کوکنویں میں جاگرائےگا۔
عصبیت کی تعریف یہی ہے کہ
عدل کےتقاضوں کو قطعی نظراندازکرکے اپنی ذاتی پسند کی بنیاد پر بلاتفریق حق و باطل. سچائی و کذب. ظالم و مظلوم کے اپنےتعلقات کو قوت فراہم کرنا حمایت فراہم کرنا صرف اس بنیاد پرکہ وہ میرا تعلق دار ہےاگرچہ غلطی پرہے. جبکہ اشرف المخلوقات انسان سے باالخصوص ایک مسلمان سے ایسے رویہ کی قطعی گنجائش نہ تھی۔
محسن کائنات صلی اللہ علیہ وسلم نےجس معاشرہ کی بنیاد عطافرمائی اس کےمطابق حمایت و مخالفت کا نقشہ اتنا واضح ہے کہ 
بدر کےمیدان میں جہاں اسلام کےمقابل کفر تھا وہیں مسلمانوں کےمقابل رشتہ دار قرابت دار تھے.  چچا کےمقابل بھتیجا تھا.  باپ کےمقابل بیٹا تھا. لیکن رشتہ  داریوں اور خاندان قبیلوں برادریوں کی تمام وابستگیاں بالائے طاق رکھتےہوئے امت محمدیہ کےاس ابتدائی دستہ نے حق کےعلم کو بلندکرکے عصبیت کاناسور اسی بدر کےمیدان میں جہالت کےناسور کےساتھ ہی دفن کردیا۔
ہم آج جس معاشرےکو دیکھ رہےہیں وہاں ہرقوم عصبیت و تعصب کی دم سے لٹکی نظرآرہی ہےلہذا لسانی. قومی. سیاسی. قبائلی . جماعتی. مذہبی. مسلکی. صوبائی. علاقائی. گروہی. طبقاتی. معاشی. معاشرتی. شخصی تعصبات سے ملوث ہونےکی بنیاد پر آج ہم ملت. امت. مذہب. معاشرہ کےتصور سے نابلد ہوچکےہیں۔
یہاں ہم چند مناظر پیش کرتےہیں کہ!
عوامی سطح پر ایک موقف ہے کہ انسانیت کااحترام بہت اہم ہے لیکن سیاسی مخالفت میں حریف کی عزت نفس کاقتل کرنا. بےبنیاد الزامات لگانا . یہاں تک کہ جانوروں کےساتھ تشبیہات دینا بلکہ جانور تک بناڈالنا اپنا زندگی کا اولین مقصد تصور کیاجاتاہے۔
 عوامی عمومی موقف یہ بھی ہے کہ! کسی کےایمان و کفر کا فیصلہ کرنے کا کسی کو اختیار نہیں مگر سیاسی مخالفت میں ہم نے کسی کو یزید بناتے کسی کو غدار بناتے کسی کو منافق بناتے کسی کو واجب القتل قراردیتےہوئے بھی سناگیا۔ 
 مذہبی تقدس کی بات ہرشخص کےہاں زباں زدعام ہے مگر مذہب کو اپنےمفادت کےلئے استعمال کرتےہوئے موقف بدلتے حمایت بدلتے حق کو باطل باطل کو حق بناتےہوئے بھی قوم کےجذبات دیکھےگئے۔
غرض اخلاقی انحطاط و زوال اور افراط و تفریط کاعالم یہ ہورہاہےکہ ہرچیز سے مقدم میری رائے اور نقطہ نظر ہے. حالانکہ اسلام کا تصور تعلقات تویہ تھاکہ مقابل حقیقی باپ اور بھائی بھی ہو تو عدل و انصاف صدق و وفا کادامن ہاتھ سےجانے نہ پائے
قرآن مجیدبھی اسی نظریہ ہدایت کوپیش کررہاہے ۔
(سورہ مائدہ آیت نمبر 8)
ارشاد باری تعالیٰ ہے! 
اے ایمان والو! اللہ کے واسطے انصاف کی گواہی دینے کے لیے کھڑے ہو جاؤ، اور کسی قوم کی دشمنی کے باعث انصاف کو ہرگز نہ چھوڑو، انصاف کرو کہ یہی بات تقویٰ کے زیادہ نزدیک ہے، اور اللہ سے ڈرتے رہو، بے شک اللہ اس سے خبردار ہے جو کچھ تم کرتے ہو۔ 
اب سوچئیے کیا ہماری مخالفت و حمایت کامعیار آج یہی ہے ؟؟؟ جواب میں مجموعی منظر ہمیں اس سوال کاجواب نفی میں ملےگا پھر ہم کس جواز کےساتھ اپنی پستی پرشکوہ کناں ہیں؟؟؟
بہرحال 
سیاسی استحکام سے لےکر معاشی بہتری تک اخلاقی اقدار کی بحالی سے اسلامی نظام تک معاشرتی نظام سے خاندانی اکائیوں کی بحالی تک ہر ایک ہدف کاحصول صرف اور صرف اپنےمزاج پر جبرکرتےہوئے غیرجانبدار حیثیت میں لاتےہوئے حق کےساتھ کھڑا ہونےمیں ہےاس لئے کہ حقوق کی ادائیگی اصولوں کےمطابق ہے ذاتی دلچسپی و مطابقت محبت کےمطابق نہیں ہے۔

خدائےذوالجلال ہمیں ہمیشہ خیروحق کےساتھ کھڑےہونےکی توفیق عطافرمائے۔

نوٹ:گرین سٹیزن میڈیا تمام تحریریں مفاد عامہ اور نیت نیتی کے تحت شائع کرتا ہے تاہم ان تحریروں کا مواد لکھنے والے کی اپنی تحقیق، مشاہدے، معلومات اور نقطہ نظر کا غماز ہوتا ہے اور ادارے کا ان کے ساتھ متفق ہونا ضروری نہیں۔
GREEN CITIZEN MEDIA