img

لاکھوں غیرملکیوں کے لیے جاپان کا ویزا آسان

 

جاپانی حکومت نے ملک میں تیزی سے کم ہوتی ہوئی آبادی کے پیش نظر اپنے امیگریشن قوانین میں حیرت انگیز تبدیلیاں کی ہیں جن کا اب سے دس سال قبل تک تصور کرنا بھی ممکن نہ تھا۔ کیونکہ جاپان کی حکومت نے ہمیشہ ہی ملک میں غیرملکی آبادی کو ایک محدود تناسب سے آگے بڑھنے نہیں دیا تھا ۔جاپان ہمیشہ ہی اپنے قومی کلچر اور تہذیب کو غیرملکی یلغار سے بچانے کے لیے غیرملکی آبادی کو ایک مخصوص تعدادسے بڑھنے نہیں دیتا تھا لیکن اب ملک کی آبادی میں شدید کمی کے سبب ورک فورس میں بھی کمی آرہی ہے جس سے جاپان کی معیشت میں منفی اثرات پیدا ہورہے ہیں۔ جس کے بعد حکومت جاپان نے فیصلہ کیا ہے کہ جاپان میں غیرملکی شہریوں کو خوش آمدید کہا جائے تاکہ ملک کی معیشت میں بہتری پیدا ہوسکے اور آبادی میں کمی کو پورا کیا جاسکے خاص طور پر ایسے ہنرمندوں کو جو اپنے شعبے میں مہارت رکھتے ہوں، جاپان کا مستقل ویزا فراہم کرکے ملکی معیشت میں بہتری کے لیے کام کیا جاسکے لہٰذا ان ہنرمند نوجوانوں کے لیے خوشخبری ہے کہ جاپان نے پانچ سے پندرہ سال کے لیے نیا ورک ویزا پروگرام شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔

 

 

جاپان دنیا کے ان ممالک میں سرفہرست ہے جنہیں نوجوان آبادی کی شدید قلت کا سامنا ہے۔ شادیوں میں تاخیر، بروقت شادیاں نہ ہونے یا سرے سے شادی نہ کرنے کے رجحان نے دنیا کے ترقی یافتہ ملک کو بوڑھوں کے دیس میں بدل دیا ہے اور عالمی رینکنگ میں جاپان81 پوائنٹس کے ساتھ ان ممالک کی فہرست میں پہلے نمبر پر ہے جنہیں نوجوان لیبرز کی شدید کمی کا سامنا ہے۔ ورلڈ اکنامک فورم کی رپورٹ کے مطابق جاپان 81پوائنٹس کے ساتھ پہلے، بھارت 64پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر جبکہ ترتیب کے اعتبار سے برازیل، ترکی، میکسیکو، یونان، آسٹریلیا، جرمنی، امریکا، اٹلی، کینیڈا، چین، فرانس، برطانیہ اور اسپین خطرے کا شکار ممالک میں سے ہیں۔ بھارت، چین، میکسیکو اور اٹلی میں نوجوانوں کی شرح میں کمی کی بڑی وجہ ہجرت ہے۔ اپنے ممالک میں روزگار کے بہتر مواقع دستیاب نہ ہونے کی وجہ سے ان ممالک کے نوجوان دوسروں ملکوں کی طرف ہجرت کرجاتے ہیں جبکہ جاپان سمیت مغربی ممالک میں خاندانی نظام کی ٹوٹ پھوٹ اس کی بنیادی وجہ ہے۔

جاپانی حکومت نے نوجوان ہنرمند اور غیرہنرمند لیبر کے حصول کے لیے ورک ویزا کا ایک نیا پروگرام متعارف کروانے کا اعلان کیا ہے، جس کے مطابق ہنرمند اور غیرہنرمند نوجوانوں کو پانچ سال سے پندرہ سال کے لیے مشروط ورک ویزا دیا جائے گا۔ اس پروگرام کے تحت جاپان آنے والے اپنے خاندان کو اسپانسر کرسکیں گے اور نہ ہی وہ جاپان میں شادی کریں گے بلکہ اپنے ویزے کی میعاد مکمل ہوجانے کے بعد جاپان چھوڑنے کے پابند ہوں گے۔ تاہم یہ حتمی فیصلہ نہیں ہے، اس میں کسی بھی وقت تبدیلی کے امکانات موجود ہیں۔ جاپانی حکومت جاپانی نوجوانوں کو ملک میں آبادی میں اضافے کے لیے مختلف ترغیبات دے رہی ہے تاکہ شادیاں وقت پر ہوں اور ملک میں آبادی میں اضافہ ہوسکے تاہم تمام تر اقدامات کے باوجود اس کے خاطرخواہ نتائج برآمد نہیں ہوسکے، جس کے بعد جاپان میں غیرملکی شہریوں اور ہنرمند کارکنوں کی آبادکاری کے لیے نئے قوانین بنائے جارہے ہیں۔

اسی طرح کی ایک خبر گزشتہ دنوں نظر سے گزری تھی جس کے تحت جاپان نے امیگریشن کے نئے قوانین کا اعلان کردیا ہے اور تارکین وطن کے لیے قوانین میں نرمی کرکے ایک سال بعد انہیں مستقل قیام کا حق دے دیا جا ئے گا۔ جاپانی ذرائع ابلاغ کے مطابق وزارت انصاف نے امیگریشن کے نئے قوانین کا اعلان کیا ہے جو مستقل رہائش کے خواہشمند غیرملکیوں کے لیے ہیں۔ توقع ہے کہ اس سے بیرون ملک سے باصلاحیت ورکرز کو لانے میں مدد ملے گی۔ ان قوانین کا اطلاق رواں ماہ سے ہورہا ہے اور ان کی مدد سے کچھ افراد وہاں مستقل قیام کا حق صرف ایک سال رہنے کے بعد ہی حاصل کرسکیں گے۔ بنیادی طور پر تمام غیرملکی دس سال تک جاپان میں رہائش کے بعد مستقل رہائش کا حق حاصل کرنے کے اہل ہوتے ہیں۔ تاہم 2012 ء میں جاپان میں پوائنٹ پر مبنی سسٹم متعارف کرا کے اس عرصے کو کم کردیا گیا تھا، خاص طور پر تین شعبوں میں۔ جیسے ایڈوانس تدریسی تحقیقی سرگرمیاں، ایڈوانس ٹیکنیکل سرگرمیاں اور ایڈوانس بزنس مینجمنٹ سرگرمیاں۔ ان شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد پوائنٹس کی بنیاد پر پانچ سال بعد مستقل قیام کے ویزے کے حصول کے اہل قرار پاتے مگر اب نئے قوانین کے تحت اس دورانیے کو محض تین سال کردیا گیا ہے۔70 پوائنٹس سے زائد حاصل کرنے والوں کو یہ سہولت حاصل ہوگی جبکہ 80 پوائنٹس سے زیادہ پر ایک سال بعد ہی ایسا ممکن ہوسکے گا۔ اسی طرح پوائنٹس کے حصول کے لیے مزید ذرائع کا بھی اضافہ کیا گیا جیسے جاپانی کاروباری اداروں میں سرمایہ کاری یا کسی اچھی یونیورسٹی سے ڈگری کا حصول وغیرہ۔ اس طریقۂ کار کو مکمل جاننے کے لیے آپ وزارت کی ویب سائٹ کے لنک پر جاکر دیکھ سکتے ہیں، تاہم ابھی یہاں نئے طریقہ کار کا اضافہ نہیں کیا گیا۔

اس حوالے سے جاپان میں پاکستان کے سفیر رضا بشیر تارڑ کا کہنا ہے کہ ہم کوشش کررہے ہیں کہ جیسے ہی جاپان میں غیرملکیوں کی ملازمتیں شروع ہوں، ان میں پاکستانی بھی جاپان آسکیں جس کے لیے سب سے اہم بات یہ ہے کہ جاپانی زبان کی تعلیم کو پاکستان میں فروغ دینا ہوگا تاکہ تربیت یافتہ ہنرمند افراد جو جاپانی زبان سے بھی واقف ہوں، جاپان آسکیں۔ اس کے لیے ہماری جاپانی حکام سے بھی بات چیت چل رہی ہے۔ تاہم پاکستان میں بھی جاپانی زبان کے فروغ کے لیے کوششوں میں اضافہ ضروری ہے۔ اس حوالے سے جاپان میں مقیم سینئر پاکستانی اور پاکستان ایسوسی ایشن کے صدر شیخ ذوالفقار کا کہنا ہے کہ یہ پاکستان کے لیے سنہری موقع ہے کہ پاکستان اپنے تربیت یافتہ ہنرمند افراد کو جاپان میں ملازمتوں کی فراہمی ممکن بناسکے کیونکہ جاپان دنیا کی تیسری بڑی معیشت ہے اور یہاں فی کس آمدنی دنیا کے کئی ممالک سے زیادہ ہے۔ لہٰذا حکومت پاکستان کو ہر ممکن کوشش کرنی چاہیے کہ جو لاکھوں افراد ملازمتوں پر جاپان آئیں، ان میں پاکستانیوں کا بھی بڑا حصہ ہو، جس کے لیے کمیونٹی سطح پر ہم سے جو کچھ ممکن ہوسکا ہم کریں گے۔ اصل کام حکومت پاکستان کو کرنا ہے جس سے پاکستان اور جاپان کے درمیان عوامی سطح کے تعلقات میں بھی بہتری آسکے گی اور پاکستان کے لیے جاپان سے جانے والے زرمبادلے میں بھی اضافہ ہو سکے گا

نوٹ:گرین سٹیزن میڈیا تمام تحریریں مفاد عامہ اور نیت نیتی کے تحت شائع کرتا ہے تاہم ان تحریروں کا مواد لکھنے والے کی اپنی تحقیق، مشاہدے، معلومات اور نقطہ نظر کا غماز ہوتا ہے اور ادارے کا ان کے ساتھ متفق ہونا ضروری نہیں۔
GREEN CITIZEN MEDIA