img

نواز شریف زیر یا زبر،متضاد اطلاعات

 

ن لیگ کے قائد میاں نواز شریف کی جانب سے 19 ستمبر کو قمر باجوہ،فیض حمید اور ان دونوں کے زیر اثر سپریم کورٹ کے چند سابق اور ایک موجودہ جج کو احتساب کے کٹہرے میں کھڑا کرنے کے اعلان سے ہلچل مچ گئی تھی ۔ پھر مبینہ طور پر شہباز شریف نے 2 خفیہ ملاقاتوں کے بعد لندن کی فلائٹ پکڑی جس کے بعد  'انتقام نہیں ترقی' کا نعرہ بلند ہو۔

اب میڈیا پر اس حوالے سے متضاد اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ ایک خبر کے مطابق مقتدر حلقوں نے میڈیا کے لئے نیا ایس او پی جاری کیا ہے جس کے مطابق جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ اور جنرل ریٹائرڈ فیض حمید کی یونیفارم میں تصاویر خبروں اور تبصروں کے لئے استعمال کرنے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے اور یہ کہا گیا ہے کہ اب ان کا ادارے سے کوئی براہ راست تعلق نہیں اس لئے ان سے متعلق خبروں اور تبصروں میں ادارے کو گھسیٹنے سے اجتناب کیا جائے۔ ساتھ ہی فیض آباد دھرنا کیس کے حوالے سے اعلیٰ عدلیہ کے کسی بھی ممکنہ فیصلے میں رکاوٹ نہ ڈالنے کی خبریں بھی سامنے آرہی ہیں۔ نواز شریف کو  بھی یہ پیغام  پہنچا دیا گیا ہے کہ وہ اقتدار میں آنے کے بعد ان دو سابق اعلیٰ افسران کے خلاف حکومتی سطح پر کسی بھی قسم کی کارروائی سے پہلو تہی برتیں گے۔ اگر سپریم کورٹ فیض آباد دھرنا کیس میں  جنرل (ر) باجوہ اور جنرل (ر) فیض حمید کے خلاف کوئی حکم جاری کرتی ہے یا ان کو کوئی عدالت طلب کرتی ہے تو ان کے ساتھ بطور سویلین برتاؤ  کیا جائے گا اور اس ضمن میں عدالتی احکامات پر من وعن عمل کیا جائے گا۔

اگر یہ خبر درست ہے تو اس سے یہ تاثر سامنے آتا ہے کہ نواز شریف کو زیر کرنے کے باوجود زبر بنانے کی راہ ہموار کر دی گئی ہے کیونکہ بالفرض عدالت عظمیٰ جنرل  (ر)باجوہ اور جنرل  (ر)فیض حمید کو قصوروار قرار دیتی ہے تو ن لیگ کے ہاتھوں میں انتخابات کے حوالے سے ایک مضبوط بیانیہ آجائے گاجس سے نواز شریف کی اقتدار میں واپسی شاندار طریقے سے ممکن ہوسکے گی۔

دوسری خبر کے مطابق ن لیگ پر یہ واضح کردیا گیا ہے کہ اگر نواز شریف جنرل (ر)باجوہ اور جنرل (ر) فیض حمید کے خلاف کارروائی کو بیانیہ بنا کر انتخابات لڑنے کی خواہش رکھتے ہیں تو 21 اکتوبر کو وہ لاہور ائر پورٹ سے مینار پاکستان پر جلسہ کے لئے جانے کے بجائے سیدھے جیل جائیں گے۔  اسی بنا پر اسحاق ڈار نے یہ بیان دیا ہے کہ ن لیگ کے قائد انتقام پر یقین نہیں رکھتے بلکہ وہ ملک کو ترقی کی راہ پر دوبارہ گامزن کرنے کا عزم لے کر واپس آئیں گے کیونکہ وہ پہلے ہی اپنا معاملہ اللہ کے سپرد کرچکے ہیں۔

اس دوسری خبر کے درست ہونے کے امکانات دو وجوہ کی بنیاد پر کم ہی دکھائی دیتے ہیں اولاً یہ کہ 9 مئی کے واقعات پر پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا کے سربراہ ارسلان خالد کی پی ڈی ایم اور اتحادیوں کے خلاف نئی سازش کو مقتدر قوتوں نے یہ کہہ کر مسترد کر دیا تھا کہ ہم احسان فراموش نہیں۔اب اگر یہ قوتیں احسان کا بدلہ احسان سے چکانے میں سنجیدہ ہیں تو پہلی خبر میں وزن نظر آتا ہے اور یہ بھی حقیقت ہے مقتدر قوتیں کسی بھی طور نواز شریف کو اقتدار میں آنے کے بعد جنرل (ر) باجوہ اور جنرل (ر) فیض حمید کے خلاف حکومتی سطح پر کارروائی کی چھوٹ نہیں دے سکتیں کیونکہ اس سے ادارے پر حرف آئے گا۔ اس کی واضح مثال مشرف کے خلاف کیس کا فیصلہ آنے کے بعد ڈی جی آئی ایس پی آر کی ٹویٹ اور بعد کے حالات ہیں جبکہ دوسری وجہ سعودیہ اور چین کی جانب سے پی ٹی آئی سے متعلق تحفظات ہیں جن کا اظہار مولانا فضل الرحمان نے اتوار کے روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے یوں کیا کہ پی ٹی آئی کے الیکشن جیتنے کی صورت میں دوست ممالک پاکستان کی مدد نہیں کریں گے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کا مسئلہ انتخابات نہیں بلکہ معیشت ہے۔ اب اس سے یہ بات واضح ہے کہ جس طرح ن لیگ نے ٹکراؤکے بجائے ترقی کے لئے کام کرنے کی بات کی ہے تو مقتدر حلقے بھی یہی چاہتے ہیں اور انہوں نے گیند سپریم کورٹ  کی جانب پھینک کر جہاں چیف جسٹس سے ٹکراؤ سے گریز کی راہ اپنائی ہے وہاں ن لیگ کو پابند کرکے ادارے کے مفاد کو بھی محفوظ کردیا ہے۔

موجودہ صورتحال میں یہ غالب امکان ہے کہ فیض آباد دھرنا کیس کا اونٹ انتخابات سے قبل ہی کسی کروٹ بیٹھ جائے گا۔ اس حوالے سے آنے والے دن انتہائی اہمیت کے حامل ہیں جن سے ملک کے مستقبل کی راہ کا تعین ہو سکے گا۔

نوٹ:گرین سٹیزن میڈیا تمام تحریریں مفاد عامہ اور نیت نیتی کے تحت شائع کرتا ہے تاہم ان تحریروں کا مواد لکھنے والے کی اپنی تحقیق، مشاہدے، معلومات اور نقطہ نظر کا غماز ہوتا ہے اور ادارے کا ان کے ساتھ متفق ہونا ضروری نہیں۔
GREEN CITIZEN MEDIA