img

ٹیکنالوجی کی چُھری

 

لندن کا شمار دنیا کے پُرامن ترین دارالحکومتوں میں 13ویں نمبر پر ہوتا ہے۔ اس فہرست میں ایمسٹرڈیم پہلے، ٹوکیو دوسرے اور کوپن ہیگن تیسرے نمبر پر ہے۔ لندن ایک کثیرالثقافتی شہر ہے۔ یہاں درجنوں ممالک کے لاکھوں تارکین وطن اپنی اپنی تہذیبی اور ثقافتی شناخت کے ساتھ پُرامن زندگی گزارتے ہیں۔ دنیا کی ہر زبان بولنے والے اور ہر مذہب کے پیروکار اس شہر میں آباد ہیں۔ لندن شہر کے امن و امان سے یونائیٹڈ کنگڈم کے سیاحتی کاروبار کا گہرا تعلق ہے۔ اسی لئے برطانوی حکومت اپنے اس شہر کے پُرامن حالات کو بہت مقدم سمجھتی ہے۔
گریٹر لندن کی آبادی ایک کروڑ سے تجاوز کرچکی ہے اور اتنے بڑے شہر میں حادثات اور جرائم کا ہونا بھی ایک فطری عمل ہے۔ میٹروپولیٹن پولیس اور قانون نافذ کرنے والے دیگر ادارے اور ایجنسیاں برطانوی دارالحکومت کے مکینوں اور سیاحوں کے تحفظ کے لئے ہمہ وقت چوکس رہتی ہیں۔ حیرت انگیز حقیقت یہ ہے کہ ہوائی اڈوں اور حساس مقامات کی سکیورٹی پر متعین پولیس کے علاؤہ پورے برطانیہ میں پوری پولیس فورس کے پاس کسی قسم کے ہتھیار نہیں ہوتے۔ برطانیہ اسلحہ بنانے والے اور بیچنے والے ملکوں کی فہرست میں چند بڑی طاقتوں میں شامل ضرور ہے لیکن اس ملک کے ارباب اختیار نے اپنے دیس میں اسلحے اور ہتھیاروں کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے بہت سخت پالیسی اختیار کر رکھی ہے۔ یوکے میں اگر کسی کے پاس سے کوئی پستول یا آتشیں اسلحہ برآمد ہو جائے تو پورے ملک کا میڈیا آسمان سر پر اُٹھا لیتا ہے کہ یہ ہتھیار کس ذریعے سے جرائم پیشہ فرد تک پہنچا؟ برطانیہ کے خیال میں ایسے معاشرے کے اندر امن و امان کو قائم رکھنا ناممکن ہے جہاں عام لوگوں کی اسلحے اور ہتھیاروں تک رسائی ہوگی۔
گزشتہ برس پورے برطانیہ میں قتل اور قاتلانہ حملوں کی کل 112وارداتیں ہوئیں جن میں سے کسی ایک واردات میں بھی اسلحے کا استعمال نہیں ہوا۔ چاقو اور چھری ہی جرائم پیشہ لوگوں کے لئے ایک ہتھیار ہوتا ہے۔ اس ملک میں چھری یا چاقو سے کسی پر حملہ کرنا ایک سنگین جرم ہے اور اس کے لئے ”نائف کرائم“ کی اصطلاح عام ہے۔ اس سلسلے میں پولیس نے زیرو ٹالرینس کی پالیسی اپنا رکھی ہے۔ یوں تو برطانیہ میں چھوٹے موٹے جرائم کو بھی نظرانداز نہیں کیا جاتا لیکن اگر کسی واردات میں کوئی انسان مارا جائے تو پولیس سمیت ہر ایجنسی مجرم کا سراغ لگانے، اُسے گرفتار کرنے اور عدالتوں کے ذریعے اُسے کیفرکردار تک پہنچانے میں کوئی کسر نہیں اُٹھا رکھتی۔ ہر ایک کے لئے آسان، جلد اور سستا انصاف اس ملک کی ایک بڑی خوبی ہے۔
گزشتہ چند ہفتوں سے لندن کے ایک مضافاتی ٹاؤن ووکنگ میں ہلاک ہونے والی 10سالہ بچی سارہ شریف کا معاملہ ذرائع ابلاغ میں ایک اہم خبر بنا ہوا ہے۔ یہ بچی 10اگست کو اپنے گھر میں مُردہ پائی گئی تھی۔ سرے پولیس کو جب اس بچی کی ہلاکت کی اطلاع ملی تو اس گھر میں رہنے والے بچی کے والد عرفان شریف، سوتیلی والدہ بینش بتول، فیصل ملک اور سارہ شریف کے پانچ چھوٹے بہن بھائی برطانیہ چھوڑ کر پاکستان کے لئے پرواز کرچکے تھے۔ اسلام آباد پہنچنے کے بعد یہ لوگ چند روز کے لئے روپوش رہے۔ برطانوی پولیس نے انٹرپول کے ذریعے ان کا سراغ لگانے کی کوشش کی۔ پاکستانی پولیس نے پتہ لگایا کہ یہ فیملی اور بچے جہلم میں مقیم ہیں۔ 13ستمبر کو عرفان، بینش اور فیصل براستہ دبئی لندن پہنچے تو پولیس نے انہیں حراست میں لے لیا جبکہ سارہ کے 5چھوٹے بہن بھائی ابھی پاکستان میں ہی ہیں جن کی عمریں ایک سے 13سال کے درمیان ہیں۔ ابتداء میں یہ بچے اپنے دادا کے گھر میں تھے لیکن پھر انہیں سکیورٹی کے خدشات کے باعث سرکاری تحویل میں دے دیا گیا۔ یہ بچے آخری خبریں آنے تک پاکستان میں ہی تھے۔

 

Sara Sharif Murder Case

 

سارہ شریف کی پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق اس کے جسم پر شدید ضربوں کے نشانات تھے جس کے نتیجے میں اس کی موت واقع ہوئی۔ بچی کی ہلاکت کی اطلاع جب اس کی حقیقی والدہ اولگا شریف کو دی گئی تو وہ اس وقت سے شدید صدمے سے نڈھال ہے۔ سارہ شریف کی ہلاکت کے اگلے روز اس کے والد، سوتیلی ماں اور چچا کا اچانک دیگر 5بچوں کے ہمراہ یک طرفہ ٹکٹ پر پاکستان جا کر روپوش ہو جانا کئی طرح کے شکوک و شبہات کو جنم دیتا ہے۔ یہ فیملی اگرچہ سارہ کی موت کو ایک حادثہ قرار دے رہی ہے لیکن امید ہے کہ برطانوی پولیس اور تفتیشی ادارے چند ہی ہفتے میں معاملے کی تہہ تک پہنچ جائیں گے کیونکہ مذکورہ تینوں افراد کو گرفتاری کے بعد عدالت میں پیش کر دیا گیا ہے۔
برطانیہ میں کسی بھی انسان کی غیرفطری موت یا ہلاکت کو ایک سانحہ سے کم نہیں سمجھا جاتا اور ایسی ہلاکت کے ذمہ دار مجرموں کو کسی بھی صورت کسی قسم کی رعایت یا قانونی گنجائش کا حقدار نہیں سمجھا جاتا۔ برطانیہ میں قتل کی کئی وارداتیں ایسی بھی ہیں جن کی تحقیق اور اصل مجرموں کا سراغ لگانے کے لئے پولیس اور ایجنسیوں کو کئی دہائیاں لگ گئیں اور بالآخر مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچنا پڑا۔ برطانیہ میں کسی کے قتل یا ہلاکت کے مجرموں کا فیصلہ روز آخرت پر نہیں چھوڑا جاتا۔ مجرموں کو پاتال سے نکال کر کٹہرے میں لایا جاتا ہے۔ کسی بے گناہ کی جان لینے والے کا اس وقت تک پیچھا کیا جاتا ہے جب تک وہ قانون کی گرفت میں نہ آ جائے۔ یہاں کسی مقتول کی تفتیشی فائل اس وقت تک بند نہیں ہوتی جب تک قاتل زندہ ہے۔ یہاں زبانِ خنجر اگر چپ بھی رہے تو آستین کا لہو ضرور پکارتا ہے۔ یہ جو ہم بچپن سے سُنتے آئے کہ جس نے ایک انسان کو قتل کیا تو گویا اس نے پوری انسانیت کو ہلاک کردیا۔
برطانیہ میں واقعی کسی ایک انسان کے قاتل کو پوری انسانیت کا دشمن سمجھ کر اس کا پیچھا کیا جاتا ہے۔ یہاں مقتول کے خون کو رائیگاں نہیں جانے دیا جاتا۔ مقتول کے پسماندگان کو انصاف کے انتظار میں کئی کئی برس انتظار نہیں کرنا پڑتا۔ ویسے بھی اب کسی کا ناحق خون اس لئے بھی نہیں چھپ سکتا کہ برطانیہ سمیت مغرب کے بیشتر خوشحال ملکوں نے جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لا کر اپنے شہروں میں عوامی سیفٹی اور سکیورٹی کے ایسے شاندار انتظامات کئے ہیں کہ اب جرائم پیشہ افراد قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتے اور اگر کسی کی ہلاکت کا معاملہ ہو تو معمولی سے معمولی ثبوت کو بھی نظرانداز نہیں کیا جاتا۔ فرانزک شواہد سے لے کر ڈی این اے ٹیسٹ، سی سی ٹی وی کی ریکارڈنگ، موبائل فونز کا ڈیٹا، کمپیوٹر، عینی شاہدوں کی گواہی اور موقع واردات کے ہر ثبوت کو اصل مجرموں تک پہنچنے کے لئے استعمال میں لایا جاتا ہے۔ اس معاملے میں لندن ایک ایسا شہر ہے جہاں ہر شخص کی آمدورفت 24گھنٹے مانیٹر ہوتی رہتی ہے۔ اگر یہاں کوئی شخص اپنے گھر سے نکل کر کسی پبلک ٹرانسپورٹ یا اپنی کار میں خریداری کے لئے جاتا ہے تو 4سے 8جگہوں پر کہیں نہ کہیں اس کی تصویر اور ویڈیو ریکارڈنگ محفوظ ہو رہی ہوتی ہے۔
کس قدر عجیب بات ہے کہ ترقی یافتہ قومیں ٹیکنالوجی کے استعمال سے اپنے معاشروں کو زیادہ سے زیادہ محفوظ اور پُرامن بنانے کی کوشش میں لگی ہوئی ہیں۔ اپنے شہریوں کی زندگی کو مزید آسان بنانے کی جستجو کر رہی ہیں جبکہ ترقی پذیر اور پسماندہ ملکوں کے لوگوں کی اکثریت اس ٹیکنالوجی کے استعمال سے فراڈ اور دوسروں کو نقصان پہنچانے کے راستے اور طریقے تلاش کرتی رہتی ہے۔ ٹیکنالوجی باورچی خانے کی اس چُھری کی طرح ہے جس سے آپ کھانا بنانے کے لئے سبزی کاٹنے کا کام بھی لے سکتے ہیں اور اگر چاہیں تو کسی انسان پر اس چھری کے وار سے اس کی جان بھی لے سکتے ہیں۔

 اگر ہم جائزہ لیں تو یہ حقیقت بالکل واضح ہو کر سامنے آ جائے گی کہ تعلیم یافتہ اور باشعور قوموں کی زندگی میں جدید ٹیکنالوجی خوشحالی اور سہولت کا راستہ ہموار کرتی ہے جبکہ پسماندہ اور جاہل معاشروں میں یہی ٹیکنالوجی جرائم، فرسٹریشن اور بدامنی کے فروغ کا باعث بنتی ہے۔ اگر ایسی بات نہ ہو تو ہمیں وطنِ عزیز میں عیدین اور محرم کے موقع پر موبائل سروس بند یا معطل کرنے کی ضرورت پیش نہ آئے۔

نوٹ:گرین سٹیزن میڈیا تمام تحریریں مفاد عامہ اور نیت نیتی کے تحت شائع کرتا ہے تاہم ان تحریروں کا مواد لکھنے والے کی اپنی تحقیق، مشاہدے، معلومات اور نقطہ نظر کا غماز ہوتا ہے اور ادارے کا ان کے ساتھ متفق ہونا ضروری نہیں۔
GREEN CITIZEN MEDIA