بلوچستان عوامی پارٹی کی تخلیق کیسے ہوئی اور کس نے کی؟اس کاجواب سب کے علم میں یقیناً ہے۔پھر آصف زرداری کے ساتھ پی پی پی میں شمولیت کے وعدے سے منحرف ہوکر ن لیگ سے رابطے بھی سب کے سامنے ہیں،اور اب بی اے پی کے سینیٹر انوار الحق کاکڑ کے بطور نگراں وزیر اعظم تقررکے بعد بجا طور پر کہا جاسکتا ہے کہ پاکستان میں باپ کے راج کا ایک بار پھر آغاز ہوگیا ہے ۔
کافی عرصہ سے نگران وزیر اعظم کے لئے کئی نام میڈیا میں زیرگردش تھے مگر جس نام پر شہباز شریف اور راجہ ریاض کا اتفاق ہوا وہ میڈیا پر اس عہدے کے لئے وزیر اعظم اور اپوزیشن لیڈر کی منظوری کے بعد پہلی بار سامنے آیا،جبکہ حیرت کی بات یہ ہے کہ باپ پر ملک کی تین بڑی جماعتوں یعنی ن لیگ ،پی پی پی اور تحریک انصاف کی جانب سے باضابطہ طور پر( جب یہ سطور تحریر کی جا رہی تھیں )ابھی تک کوئی اعتراض سامنے نہیں آیا تاہم ن لیگ اور پی پی پی کے اندر اس حوالے سے تحفظات کی خبریں سامنے آئی ہیں ۔یعنی اب کی بار باپ پر سب کاباضابطہ اتفاق ہے،اور یہ بلاوجہ نہیں اس کا تمام تر کریڈٹ سابق وزیر اعظم عمران خان کے سر ہے جبکہ رہی سہی کسر سابق خادم اعلیٰ اور موجودہ چپڑاسی اعلیٰ شہباز شریف نے پوری کردی۔
اس حقیقت سے انکار ممکن نہیں کہ اقتدار چھن جانے کے بعد عمران خان نے جس طرح عوام کی فوج کے خلاف ذہن سازی کی اس کا نتیجہ 9 مئی کو سامنے آیا جبکہ سابق مقتدرہ بار بار غیر جانبداری کا اعلان کرکے پراجیکٹ عمران کی ناکامی پر اپنی خفت مٹانے کی کوشش کرتی رہی اور موجودہ سٹیبلشمنٹ نے بھی 9 مئی سے قبل بارہا اپنی سیاسی عدم مداخلت کا اعلان کیا اور مداخلت کا کوئی بین ثبوت فراہم نہیں کیا تھا مگر 9 مئی کے بعد سے ایسا محسوس ہوا کہ باپ کے باپ میں جان آگئی اور وہ ن لیگ جو عمران دور میں یوسف رضا گیلانی کی سینیٹ میں باپ کی جانب سے حمایت پر سراپا احتجاج تھی اسی پارٹی کے وزیر اعظم نے اب ملک کی نگرانی باپ کے حوالے کردی جبکہ اس سے قبل شہبازشریف کی جانب سے ہائبرڈ پلس نظام کی بات سامنے آنے سے یہ تقرر کوئی اچنبھا نہیں ۔
تحریک انصاف کی جانب سے اس پر کوئی اعتراض نہ ہونا (اب تک عمران خان کا اس حوالے سے موقف سامنے نہیں آسکا )ضرور قابل سوچ امر ہےیہ یا تو ان کی جانب سے مکمل طور پر ہتھیار ڈالنے کے مترادف ہے یا پھر انہیں یہ خوش فہمی ہے کہ پلس سیریز میں ان کا کچھ نہ کچھ خیال رکھنااعتراض نہ اٹھانے کی صورت میں سامنے آسکتا ہے تاہم معاشی بحالی کے لئے آرمی چیف کے اعلان کردہ روڈ میپ کاعمیق جائزہ لئے بغیر بھی یہ کہا جاسکتا ہے کہ اس میں پی ٹی آئی کے لئے کوئی گنجائش نہیں جس سے چیئرمین تحریک انصاف اور ان کی پارٹی کے مستقبل کے بارے میں کچھ کہنے کی ضرورت باقی نہیں رہ جاتی ۔
محسوس یہ ہوتا ہے کہ مولانا فضل الرحمان جسے سیاست کا غیر ضروری عنصر گردانتے تھے اور 9 مئی کو عمران خان کی جانب سے اس پر مہر تصدیق ثبت کرنے کے بعد اب اس کو رفع کرنے پر تیزی سے کام جاری ہے مگر اس سب کے باوجود حالیہ بعض منظور کردہ قوانین اور اتحادی حکومت کے اقدامات سے سٹیبلشمنٹ جس طرح ڈرائیونگ سیٹ پر جم گئی ہے اس کی ذمہ داری اتحادیوں پر بھی عائد ہوتی ہے جس کے نتیجے میں ووٹ کی عزت اور جمہوری حقوق کی علمبرداری کے دعویداروں کی ہنڈیا بیچ چوراہے پھوٹ گئی ہے۔
عوام کی خوشحالی و حاکمیت کی منزل مزید دور ہوتی دکھائی د ے رہی ہے کیونکہ دہائیوں سے جاری ہائبرڈ نظام کو اب ہائبرڈ پلس میں تبدیل کرنے والوں کی ترجیحات سے عام آدمی تو ہمیشہ ہی مائنس ہی رہا ہے۔ اس موقف کی صداقت بلوچستان کے بعد پورے ملک کو باپ کی نگرانی میں دیئے جانے سے عیاں ہے۔