img

پشاور میں سٹریٹ کرائمز، پولیس اور اصل حکمران

 

قدرتی وسائل سے مالا مال اور انتظامی و امن و امان کے لحاظ سے بدحال اور تباہ حال صوبے خیبرپختونخوا کو ایک تو اصل حکمرانوں نے کئیر ٹیکر وزیراعلیٰ ایسا کمال عنایت  فرمایا ہے کہ جسے ہسپتال کے انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں ہونا چاہئے تھا، پانچ،چھ نرسیں جس کی کئیر کرکے اسے دوائیاں بروقت پلا رہی ہوتیں اور پرہیزی کھانے کھلا رہی ہوتیں ۔جسے خود کئیر کی انتہائی ضرورت ہے اسے انتہائی سخت اور خراب حالات  والے صوبے میں نگران وزیراعلی وہی لوگ  لگا سکتے ہیں جن کا اس مٹی اور مٹی پر رہنے والوں سے کوئی تعلق رہا ہی نہیں۔ پھر گورنر بھی ایسا منظور نظر آیا کہ  جسے اپنی خودنمائی کے علاوہ کوئی کام آتا ہی نہیں۔اسی طرح موجودہ آئی جی  کےآنے سے پہلے دو اعلیٰ پولیس افسران نے خیبرپختونخوا کا آئی جی بننے سے انکار کر دیا تھا،جس کے بعد موجودہ آئی جی  تشریف لائے یا بھیجے گئے۔جناب کو چونکہ آئی جی بننا تھا اس لئے بن گئے،لیکن یہ ایک تلخ  اورتاریخی اصول ہے کہ آپ کوئی عہدہ حاصل تو کر سکتے ہیں لیکن اپنی شخصیت اور اس کرسی یا مقام کو قائم رکھنے کے لئے پھر بہت کچھ کرنا مزید قربان کرنا پڑتا ہے جو بدقسمتی سے نہیں ہو پا رہا ہے۔

سب سے پہلے تو موجودہ آئی جی نے اپنے اطراف ایک ایسے ٹولے کو خود  پر اعلانیہ طور پر مسلط کرایا ہے کہ جو آئی جی کو سب اچھا ہے کی رپورٹ ناشتے سے بھی پہلے پہنچا دیتے  ہیں۔ انہی خلیفہ ٹائپ افسران نے آئی جی کو عوام اورعوامی مسائل کی نشاندہی سے دور رکھ کر ایک خودنما خول میں بند کر دیا ہے۔

آئی جی خود گنڈہ پور  قبیلے سےہے،ایک تگڑا پولیس آفیسرہے جو شائدحقیقت میں عوامی خدمت کا جذبہ لے کر آیا ہو لیکن ان کے انہی چند  پیاروں نے لامحدود اختیارات کے حامل آئی جی کو اپنی پسند و ناپسند کے کام کرنے تک محدود کر دیا ہے۔ ان بادشاہ گروں کے اشاروں سے اکثر تبادلے بھی ہوتے رہتے ہیں،ان میں سے چند حضرات اپنے  اصل کام چھوڑ کر آئی جی کی خوشنودی کو ہی اپنا فرض منصبی سمجھتے ہیں۔

اسی طرح سی سی پی  اوبھی جب شروع میں آئے تھے تو انہوں نے بہت بولڈ اور اچھے فیصلے کئے جن کے ثمرات بھی آنا  شروع ہوئے لیکن یہاں بھی بالکل وہی آئی جی والا معاملہ سامنے آیا،سی سی پی او کو بھی کچھ لوگوں نے ایک نظر نہ آنے والے شکنجے میں جکڑ لیا۔کچھ سیاسی دباؤ خاص کر گورنر ہاؤس کے در و دیوار سے اور کچھ وہی خلیفہ ٹائپ چاپلوسوں نے سی سی پی او  کی کارکردگی کو بھی خاموشی کا انجکشن لگاکر اسے رام کرنے کی کوششوں کا آغاز کیا،جو تاحال جاری ہے۔اگرچہ موجودہ  سی سی پی او صاحب نے ہر پوسٹنگ پر اور  خاص کر بنوں میں جس بے مثال کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا وہ اپنی مثال آپ تھا۔بنوں کا امن و امان بحال کرنے میں انہوں نے نمایاں کردار ادا کیا تھا لیکن اس شہر اقتدار  پشاورکے پرانے کھلاڑی کچھ زیادہ ہی کھلاڑی اور پہنچے ہوئے لوگ ہیں۔

اس کے بعد ایس ایس پی آپریشنز کی  اگر بات کی جائے تو ان کا نام  بذات خود ایک برینڈ ہے۔ان کا دبنگ سٹائل ہی شہر کے نامی گرامی چوروں اور ڈاکووؤں کے لئے دہشت اور ڈر کی علامت ہے۔موجودہ غیر محفوظ حالات میں  رات بھر مختلف تھانوں،چیک پوسٹوں اور چیک پوائنٹس کا معائنہ اگر کوئی مائی کا لال کرسکتا ہے تو وہ کاشف آفتاب عباسی ہی ہوسکتا ہے۔لیکن اس کو کیا ہوا؟یا کیا کرایا گیا؟شائد یہیں آ کر  اکثر راوی خاموش ہو جایا کرتا ہے ۔ شاید موصوف کی بہتر کارکردگی ہی ان کی دشمن بنی  ہو جو ان کو یوں خاموش کرانے کی کوششیں کی جارہی ہیں ۔  مجھے نہیں لگتا کہ  آفتاب عباسی  یوں شہر کو شہر ناپرساں بنتے دیکھ پائیں گے،کیونکہ میں عباسیوں کی تاریخ اور موصوف کی ذات سے واقفیت  کا دعویٰ بھی رکھتا ہوں۔ان کو بہتر جانتا ہوں کہ وہ ہر وقت نئے اور منفرد انداز میں کچھ کر دکھانے کی صلاحیت رکھنے والے آفیسرہیں۔

رہی بات سٹریٹ کرائمز کی تو نوبت یہاں تک پہنچ چکی ہے کہ کل ہمارے خیبرنیوز کے دفتر(جو شہر کے پوش علاقے یونیورسٹی ٹاون میں واقع ہے)دو پولیس والے آئے تھے اور بتایا کہ راہزن ان سے موبائل لے گئے ہیں اور  انہیں مارا پیٹا بھی ہے۔ میں نے کیمرہ مین سے کہا کہ جلدی سے ان کی فوٹیجز بناؤ،میں نے اپنا لیپ ٹاپ  کھولا اور پوچھاکہ جی بولیں کہاں  پر آپ کو لوٹا گیا؟تو انہوں نے کہا کہ نہیں نہیں آپ  ویڈیو مت بنائیں ۔ میں  نے کیمرہ مین کو فوراً  منع کر دیا۔ تب انہوں نے بتایا کہ ہمیں آپ کے دفتر کے سی سی ٹی وی کیمروں میں راہزنوں کو دیکھنا ہے،اگر ہماری ویڈیو بن گئی پھر تو ہماری  ہی خیر نہیں ہو گی۔ یہ واقعہ لکھنے کا مقصد  یہ بتانا تھا کہ یہاں بات پولیس اورسیکورٹی اداروں کے اہلکاروں تک پہنچ چکی ہے۔ اگر یہ حالات ہیں تو پھر عام آدمی یا ایک کالج کے اٹھارہ سالہ معصوم نوجوان کو سر میں سیدھی گولی مارنا تو عام سی بات ہوگئی ناں؟

آخر کسی کو تو ذمہ داری لینی چاہئے۔ملک کے "اصل محافظین"  تو جب  شہروں سے  گذرتے ہیں تو  ان کے لئے  تمام راستے اور بڑی شاہراؤں  تک کو بند کر دیا جاتا ہے جبکہ پولیس والے نمائشی میٹنگز  اور من پسند پوسٹنگز  اینڈ ٹرانسفرز میں لگے  ہوئے ہیں۔ عوام آخر کہاں جائیں؟کس سے مدد مانگیں؟

وزیرستان میں جب شفیع اللہ گنڈہ پور جیسے ڈی پی او تھے تو حالات ایک حد تک کنٹرول میں تھے کیونکہ وہ خود راتوں کو جاگتے تھے تاکہ علاقے کے لوگ سکون اور امن کی نیند سو سکیں ۔ان کے دور میں ہم جیسے باغیانہ سوچ اور واجب القتل قرار دیے جانے والے صحافی بھی آزادی سے وزیرستان چلے جایا کرتے تھے۔  اب تو  زمانہ ہوا  کہ وزیرستان جانے کی سوچ کو ہی دفن کر دیا ہے۔موجودہ ڈی پی او بھی تگڑے آفیسر ہیں۔ پشاور میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرچکے ہیں۔ ساتھ  ہی انہیں دوسرے اضلاع کا تجربہ بھی ہے لیکن اس کے باوجود وزیرستان میں  نام نہاد جرگوں اور ٹارگٹ کللنگ نے عوام کا جینا دوبھر کردیا ہے۔ اب وزیرستان میں  عوام کو یہ تک پوچھنے کا اختیار یا حق نہیں کہ اگر 2014 والے حالات پھر سے بنوانے تھے پھر ہمیں چار سالوں تک اپنے گھروں سے نکال کر دربدر کیوں کرایا؟ہماری املاک کو کیوں لوٹا گیا،مرے ہوئے دہشت گرد پھر سے اور کس کی اجازت سے زندہ ہوئے؟

آپریشن ضرب عضب کے ثمرات کس کی جھولی میں گرے اور اس آپریشن کے عذاب عوام کی جھولی میں ہی کیوں ڈالے جا رہے ہیں؟

گذشتہ روز حمیداللہ نامی ایک ٹھیکیدار کو قتل کیا گیاتو ان کے لواحقین کو اتمانزئی جرگہ کے مشران نے بتایا کہ اس سب کا انسداد ہمارا مسئلہ نہیں۔پھر کیا ناچ گانا،دُنبے  کھانا اور لوگوں کے گھروں کو گرانا ہی آپ کا مسئلہ یا کام ہے؟

اگر اسی کو آپ امن لانے کانام دے رہے ہیں تو پھر ہماری عوام کو اسی بدامنی میں چھوڑ دو،خدارا  عوام کو معاف کرو،ان کے گوشت کے چیتھڑے تو روز ہوا میں اڑتے ہی  ہیں ان کی ہڈیوں پر تو رحم کرو۔

حالات پر قابو کرنے کے لیے پولیس،سیاسی قیادت اور "اصل حکمرانوں" کو بولڈ فیصلے کرنے ہوں گے،ورنہ پھر شاید کچھ بھی نہ بچے۔

نوٹ:گرین سٹیزن میڈیا تمام تحریریں مفاد عامہ اور نیت نیتی کے تحت شائع کرتا ہے تاہم ان تحریروں کا مواد لکھنے والے کی اپنی تحقیق، مشاہدے، معلومات اور نقطہ نظر کا غماز ہوتا ہے اور ادارے کا ان کے ساتھ متفق ہونا ضروری نہیں۔
GREEN CITIZEN MEDIA