چیف جسٹس آف پاکستان نے سیاسی فیصلے کرکے جو نیک نامی کمائی ہے شاید ہی ملکی تاریخ میں اس عہدے پر براجمان رہنے والی کسی اور شخصیت کا مقدر بنی ہو،ایک سیاسی جماعت کے حق میں سپریم کورٹ اور لاہور ہائی کورٹ کو جس طرح مینج کیا جاتا رہا وہ پرویز الہٰی کے فرنٹ مین محمد خان بھٹی کے اعترافی بیان کے بعد اب ان کھلا راز ہےاسی طرح چیف جسٹس کی رشتہ دار خاتون کی آڈیو لیک کے بعد انصاف کی امید دیوانے کا خواب ہے۔
چیف جسٹس نے پی ٹی آئی کے حمایتی یو ٹیوبرز سے ماضی میں ایک ملاقات کی تھی جس کی تفصیل سوشل میڈیا میں آنے کے بعد ایک ہلچل سی مچ گئی تھی ۔اس ملاقات کے بعد ایک یو ٹیوبر چیف جسٹس کے چیمبر سے نکل کر سیدھا ایک ادارے کے دفتر گیا اور ملاقات کی تفصیل حرف بحرف وہاں بیان کردی ،یہ ملاقات تین یوٹیوبرز کے ساتھ ہوئی تھی اور اب گزشتہ روز ہی ایک اور ملاقات کے حوالے سے خبریں سامنے آئی ہیں،جس کے مطابق پی ٹی آئی کے حامی یو ٹیوبر عندلیب عابد نے چیف جسٹس سے ملاقات کی ہے،یہ ملاقات ون آن ون تھی پھر انہی یو ٹیوبر نے اپنے وی لاگ میں بتایا چیف جسٹس آخری دنوں میں ایسے فیصلے سنائیں گے کہ عمران مخالف سیاستدان منہ دکھانے کے قابل نہیں رہیں گےیو ٹیوبر نے ان فیصلو ں کی تفصیل تو نہیں بتائی مگر تعداد کا ذکر کیا ہے جو تین بتائی گئی ہے۔
عمران حامی یو ٹیوبر نے اپنے وی لاگ میں چیف جسٹس سے ملاقات کا ذکر نہیں کیا مگر ان کا پنجاب میں انتخابات سے متعلق سپریم کورٹ کے تفصیلی فیصلہ جو ابھی جاری نہیں ہواکو دیکھنے کا دعویٰ اس ملاقات کی تصدیق کرتا ہے،اس ملاقات اور یو ٹیوبر کے بیان سے یہ ظاہر ہے کہ بندیال صاحب آخری دنوں میں ہتھوڑے کا بے دریغ استعمال کرنے کے موڈ میں ہیں کیونکہ پی ٹی آئی میں ان کی بعض اقدامات کی وجہ سے بے چینی پھیلی ہوئی تھی ایک تو اس کا تدارک کرنا چاہتے ہیں جبکہ دوسرا اپنی رشتہ دار خواتین کے سامنے سروخرو ہونا چاہتے ہیں-جبکہ اپنے مستقبل کو بھی ان فیصلوں سے محفوظ کرنا ان کی سوچ ہوسکتی ہے ۔مگر شاید ان کو معلوم نہیں کہ پنجابی شاعر استاد دامن برسوں پہلے کہہ چکے ہیں کہ
میرے ملک دے دوخدا
لاالہٰ تے مارشل لاء
اور نامزد چیف جسٹس سے متعلق بھی ان کی کوئی خوش فہمی ہے کہ وہ ان کے خلاف آئین اور قانون فیصلوں کو برقرار رکھنے کا حکم صادر فرمائیں گے۔
چیف جسٹس کے کسی بھی خلاف آئین وقانون فیصلے سے کسی کو کوئی فرق نہیں پڑے گا بلکہ یہ ان کے گلے کا ہی طوق ثابت ہونگے اورجو مقام وہ ماضی میں ایسے فیصلوں سے حاصل کر چکے ہیں اس میں مزید اضافہ ہوگا۔