img

ڈاکٹرائن کا تسلسل، انتخابات اور نئی پی ٹی آئی؟

 

وطن عزیز کی سیاسی تاریخ میں سٹیبلشمنٹ کا کردار بھی ایک تاریخ ہے۔آخری سٹیبلشمنٹ جس نے سیاست کی جان بظاہر چھوڑنے کا اعلان کیا وہ باجوہ کی سربراہی میں تھی جس کے بعد نئے آرمی چیف نے پارلیمنٹ سے اپنے خطاب میں اسی عزم کا اعادہ کیا اور عوام کو طاقت کا محور قرار دیا مگر اتحادیوں خاص کر ن لیگ اور اس وقت کے وزیر اعظم شہباز شریف کی پرو سٹیبلشمنٹ سوچ وعمل اور عمران خان کی نام نہاد اینٹی سٹیبلشمنٹ پالیسی کے نتیجے میں جو ہورہا ہے وہ سب کے سامنے ہے۔

یہ حقیقت ہے کہ نواز شریف کے پی ٹی آئی دور میں بیرون ملک جانے کے بعد سٹیبلشمنٹ نے آصف زرداری کو حالات بہتر بنانے کے لئے کردار ادا کرنے کو کہا جس پر سابق صدر نے پہلے عمران خان کے علاج کی شرط رکھی اور ساتھ ہی تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کو  پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم پر اکٹھا کیا اور نہ جانے کس مصلحت کے تحت پھر اے این پی سمیت اس اتحاد سے نکل گئے۔اس ضمن میں بہت سی قیاس آرائیاں کی جاتی رہیں مگر بعد ازاں پی ٹی آئی حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے نتیجے میں شہباز شریف کو وزیراعظم بنوا دیا۔شہباز شریف وزیر اعظم بننے سے قبل خود کو عوام کا خادم اعلٰی کہلواتے تھے مگر بعد میں وہ سٹیبلشمنٹ کے خادم بن کر سامنے آئے اور نتیجہ یہ نکلا کہ وہ سٹیبلشمنٹ کو اتنے بھائے کہ اب ن لیگ پی ٹی آئی بنتی نظر آنے لگی ہے ،حالانکہ  پی پی پی اور جے یو آئی بھی اپنے تئیں اس مقام کے کماحقہ کوشش کرتے رہے ہیں۔

بعد ازاں یہ اطلاعات سامنے آئیں کہ پی پی پی تو سٹیبلشمنٹ کی آنکھ کا تارا نہیں بن سکی لیکن جے یو آئی کسی حد تک اس میں کامیاب رہی۔اس دوران 9 مئی کا واقعہ ظہور پذیر ہوا جس کے بعد پی ٹی آئی اپنی بقاء کے لئے ہاتھ پاؤں مارنے لگی اور پارٹی کے سوشل میڈیا کے سربراہ ڈاکٹر ارسلان نے ادارے سے راہ ورسم بحال کرنے اور اس واقعے کی ذمہ داری اتحادیوں پر ڈال کر نئے سرے سے تعلقات کے قیام کی کوشش کی مگر جواب ملا کہ ہم احسان فراموش نہیں۔پھر اتحادی حکومت میں آرمی چیف نے سعودیہ اور خلیجی ممالک سے ہر نوع کے تعلقات بحال کرانے میں بھی بھرپور کردار ادا کیا۔

اس دوران حافظ ڈاکٹرائن کی اصطلاح بھی سامنے آئی اور یہ ڈاکٹرائن سبز انقلاب کا نعرہ لے کر میدان پر چھا گئی جبکہ پی ٹی آئی اور پی پی پی کی سیاست سے فراغت کی خبریں دبے اور کھلے بندوں سوشل میڈیا پر معتبر صحافیوں کے منہ سے نکلنے لگیں ۔ یہاں تک کہ شہباز شریف بھی خود ہی گویا ہوئے کہ وہ 30 سال سے سٹیبلشمنٹ کی آنکھ کا تارا ہیں اور یوں یہ اس بات کا اعتراف تھا کہ ن لیگ اب نئی پی ٹی آئی بن چکی ہے۔

اب گذشتہ روز اسلام آباد کے معروف صحافی اسد علی طور نے یہ خبر دی کہ آرمی چیف نے لاہور اور کراچی میں صنعت کاروں سے اپنے خطابات میں اس امر کا اظہار کیا ہے کہ 6 ماہ میں ملک کی معاشی حالت بہتر ہو جائے گی جس کے بعد انتخابات منعقد کئے جائیں گے جبکہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے خواہشمند سعودیہ اور چین سمیت دیگر ممالک کو سیاسی استحکام کی یقین دہانی کرا دی گئی ہے یہ بات پی ٹی آئی کے حق میں نہیں کیونکہ اقتدار چھن جانے کے بعد صرف اسی پارٹی اور اس کے سہولتکاروں نے ہی عدم استحکام پیدا کرنے کی حتی المقدور کوششیں کی اور ظاہر ہے کہ سیاسی استحکام تبھی آسکتا ہے جب پی ٹی آئی کی کمر مکمل طور پر توڑ دی جائے جس کے لئے کوششیں آخری مراحل میں ہیں۔

اس سے قبل الیکشن کمیشن کے سابق سیکرٹری کنور دلشاد نے مئی 2024ء میں انتخابات کی بات کی تھی مگر گذشتہ روز ہی الیکشن کمیشن نے 14 روز قبل ہی حلقہ بندیاں مکمل کرنے کا عندیہ دے دیا مگر ہنوز اس امر پر قطعی بات سامنے نہیں آسکی کہ انتخابات کب ہونگے۔شہباز شریف کا یہ بیان بھی میڈیا کی زینت بن چکا ہے کہ ن لیگ انتخابات جیت چکی ہے آپ دیکھ بھی لیں گے۔اس بیان کے سامنے آنے کے بعد اب اس امر میں کسی شک وشبے کی گنجائش نہیں کہ سٹیبلشمنٹ نے 2018ء کی طرح ایک بار پھر پارٹی بدل لی ہے اور اب کی بار شہباز شریف پھر سے وزیر اعظم بنتے دکھائی دے رہے ہیں۔

نوٹ:گرین سٹیزن میڈیا تمام تحریریں مفاد عامہ اور نیت نیتی کے تحت شائع کرتا ہے تاہم ان تحریروں کا مواد لکھنے والے کی اپنی تحقیق، مشاہدے، معلومات اور نقطہ نظر کا غماز ہوتا ہے اور ادارے کا ان کے ساتھ متفق ہونا ضروری نہیں۔
GREEN CITIZEN MEDIA