خیبر پختونخوا کے پھلوں اور سبزیوں کے باغات میں پائی جانے والی ایک مخصوص مکھی کے باعث باغات کو نقصان پہنچنے کا انکشاف سامنے آیا ہے۔ باغات میں پائی جانے والی اس مکھی کی موجودگی کو بھی کئی برسوں سے جاری گلوبل وارمنگ یعنی کلائمیٹ چینج کی ایک وجہ قرار دیا جارہا ہے۔
گزشتہ سو سال کے دوران درجہ حرارت میں ایک فیصد فرق آیا ہے یعنی دنیا کا درجہ حرارت ایک فیصد بڑھ چکا ہے۔ درجہ حرارت بڑھنے سے گرمی کی شدت میں اضافے کے باعث خیبر پختونخوا کے باغات میں بھی مخصوص مکھی کی افزائش و موجودگی بڑھ گئی ہے۔
پھلوں اور سبزیوں کی پیدوار
یوں تو پاکستان میں کئی اقسام کی سبزیاں اور پھل اگائے جاتےہیں۔ خشک میوہ جات بھی ملک کی ایک بڑی پیداوار ہے۔ پاکستانی پھل عمدہ معیار، ذائقے اور غذائیت کی وجہ سے دنیا بھر میں پاکستان کی پہچان اور کثیر زرمبادلہ کا ذریعہ ہیں۔ افغانستان، سعودی عرب، یو اے ای اوردیگر ممالک کو پاکستان مالٹا، کینو، شفتالو، آم درآمد کرتا ہے۔ پاکستانی آم تو اپنی لذت اور معیار کے لحاظ سے دنیا بھر میں اپنا ایک مقام رکھتا ہے اور سالانہ ایک بڑی تعداد میں پاکستانی آم دنیا بھر کوبرآمد کیے جاتے ہیں
جہاں تک خیبر پختونخوا کا تعلق ہے تو یہاں اپریل سے ستمبر تک میدانی علاقوں میں موسم کافی گرم رہتا ہے۔ یہاں گرمیوں میں کریلا، توری، بھنڈی، کدو، بینگن جیسی سبزیاں اگائی جاتی ہیں۔ آم، تربوز، انگور، کیلا، میٹھا، امرود اور خربوزہ جیسے پھل یہاں کےموسم گرما کی پیداوار ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ یہ مکھی سبزیوں و پھلوں کے باغات کو نشانہ بنا رہی ہے۔
سبزیوں اور پھلوں کے باغات میں موجود یہ مکھی کیا ہے؟
باغات میں کئی برسوں سے پائی جانی والی اس مکھی کو پھل مکھی (Fruit fly) کہا جاتا ہے۔ فروٹ فلائی کے باعث باغات کو نقصان پہنچنے کی کہانی کوئی نہیں۔ پچھلی صدی میں بھی دنیا کے کئی ممالک میں اس مکھی کی کئی اقسام کی موجودگی کے باعث پھلوں و سبزیوں کے باغات کو نقصان پہنچا تھا۔
خیبر پختونخوا کی محکمہ زرعی تحقیق کے ریسرچ آفیسر عزیز اللہ کہتے ہیں کہ دنیا بھر میں اسی مکھی کی تقریباً 4400 اقسام پائی جاتی ہیں جبکہ پاکستان میں اس کی تقریباً 5 سے 7 مختلف اقسام موجود ہیں۔ فروٹ فلائی کیلئے سب سے موزوں موسم اپریل سے لیکر اگست، ستمبر تک کا ہوتاہے اور پہاڑی علاقوں کی نسبت یہ میدانی علاقوں کے مختلف باغات میں زیادہ پائی جاتی ہے جس کی وجہ یہ ہے کہ اس مکھی کیلئے گرم موسم زیادہ مناسب ہوتا ہے۔ 18 سے 35 سنٹی گریڈ تک کے درجہ حرارت میں یہ لاروا یعنی پھل مکھی کافی ایکٹیو رہتی ہے۔

پھل کی مکھی کی افزائش
نر اور مادہ مکھی کا جب باغات میں ملاپ ہوتا ہے تو اس طرح ان کے انڈوں سے نئی نسل پیدا ہو جاتی ہے جسے Fertilization بھی کہا جاتا ہے۔ سوئی نما یعنی سوئی کی طرح پتلی پھل کی مکھی 4 سے 10 انڈے دیتی ہے۔ اسی طرح افزائش ہونے سے ان کی نسل بڑھ جاتی ہے۔ یہ سارا عمل تقریباً دو، ڈھائی ہفتے تک جاری رہتا ہے۔ اگر نر مکھی کو روکنے کیلئے اقدامات کر کے اسے مادہ مکھی سے ملاپ سے روکا جائے تو پھر افزائش نہیں ہو سکتی اور پھلوں کو درپیش خطرات میں کمی واقع ہو جاتی ہے۔
پھل کی مکھی باغات کو کس طرح نقصان پہنچاتی ہے؟
پھل کی مکھی کے حملہ کے باعث پھلوں کا معیار اور برآمدات بری طرح متاثر ہونے کا خدشہ ضرور موجود ہے۔ پھل کی مکھی ایک نہایت نقصان دہ کیڑا ہے جو پیداوار میں کمی لانے کے ساتھ ساتھ پھلوں اور سبزیوں کی کوالٹی کو خراب کرنے کا باعث بھی بنتا ہے۔ پھل مکھی عام طور پر 20 سے 70 فیصد تک نقصان کا سبب بن سکتی ہے اور شدید حملے کی صورت میں زیادہ نقصان دے سکتی ہے۔
ریسرچ آفیسر عزیز اللہ اس حوالے سے کہتے ہیں کہ یہ مکھی معاشی طور پر دو طریقوں سے نقصان کرتی ہے، ایک تو براہ راست جو پھل کی پیداوار میں کمی کا سبب بنتی ہے اور دوسرا کوالٹی پر جس کی وجہ سے پھل ناقابل استعمال ہو جاتا ہے۔ مادہ مکھی سوئی نما ڈنگ کے ذریعے پھل/سبزی میں انڈے دیتی ہے- پھل کی بڑھوتری کے ساتھ ساتھ ڈنگ کی جگہ پر سیاہ نما دھبہ بن جاتا ہے اور بعد ازاں پھل خراب ہو جاتا ہے۔
شروع شروع میں ایسا پھل ظاہری طور پر بالکل تندرست نظر آتا ہے پھر اس میں آہستہ آہستہ تبدیلیاں رونما ہونا شروع ہو جاتی ہیں ۔ اس پر بھورے رنگ کے نشان نظر آنے لگتے ہیں اور بعد میں یہ پھل کمزور ہوکر گرجاتا ہے۔
انڈوں سے نکلنے کے بعد لاروے یا سنڈیاں پھل کا گودا کھاتے ہیں۔ اس سے پھل نرم ہو جاتا ہے اور گل سڑ جاتا ہے۔ متاثرہ پھل پکنے سے پہلے زمین پر گر نے شروع ہو جاتے ہیں۔ اس کے علاوہ مادہ پھل کی مکھی پھل میں دوسرے جراثیم داخل کرنے کا سبب بھی بنتی ہے۔ پھلوں و سبزیوں کے باغات میں اس مکھی کی موجودگی سے جراثیم پھیلنے کا عمل ایک سےچار دن تک رہتا ہے اور اثرات کا دورانیہ آٹھ سے سترہ دن تک رہتا ہے جن کے تین ادوار ہوتے ہیں۔
پھل کی مکھی کو کسطرح کنٹرول کیا جا سکتا ہے؟
پھل مکھی کنٹرول کرنے کے بارے میں عزیز اللہ کہتے ہیں کہ اس کیلئے آئی پی ایم یعنی مربوط طریقہ انسداد استعمال کیا جائے جس میں روایتی، حیاتیاتی اور کیمیائی طریقہ انسداد کو ایسے بروئے کار لایا جائے کہ کیمیائی زہر کا استعمال کم سے کم ہو جائے اور ماحول دوست طریقوں کواپنا کر حیاتیاتی تنوع کی بقا کے ساتھ ساتھ بہتر انسانی صحت کیلئے غذائی تحفظ فراہم کیا جاسکے۔
باغبان نر مکھی کے تدارک کیلئے اپنے کھیتوں میں میتھائل یوجنیال کے 8-6 جنسی پھندے فی ایکڑ لگائیں اور پھندوں میں دوائی اور زہر کو ہر چودہ یا پندرہ دن کے وقفہ سے تبدیل کریں۔ (میتھائل یوجنیال:85%، ڈپٹرکس یا میلاتھیان زہر 10% اور شوگر محلول 5%) کا استعمال کیا جائے۔
اسی طرح نر اور مادہ مکھی کے انسداد کیلئے لحمیاتی کجلا (BAIT) یعنی پروٹین ہائیڈرولائزیٹ بمع تھوڑی مقدار ٹرائی کلوروفان یا میلاتھیان زہر وغیرہ پانی میں ملا کرباغ میں تقریباً دس فیصد پودوں کے تنے کی ایک مربع میٹر حصہ پر سپرے کیا کریں۔
عزیز اللہ کے مطابق اس سے مادہ اور نر دونوں کنٹرول ہوں گے۔ (پروٹین ہائیڈرو لائزیٹ 300 ملی لیٹر: میلاتھیان 30 ملی لیٹر اور پانی 10 لیٹر) کا استعمال۔ باغات میں گرے ہوئے پھل اکھٹے کرکے زمین میں گہرا گڑھا کھود کر دبا دیں۔ مکھی کے کنٹرول کیلئے اس کے دیگر میزبان پودوں، سبزیوں اور جڑی بوٹیوں پر بھی پھل مکھی کا تدارک یقینی بنایا جائے۔
اگر ایک باغبان اپنے باغ میں جنسی پھندے لگاتا ہے تو اس کے ارد گرد دوسرے باغبان بھی لگائیں تاکہ حملہ کم سے کم ہو پائے۔ چونکہ یہ مکھی اڑ کر کئی کلو میٹر تک کا سفر کر سکتی ہے تو اس کے کنٹرول کیلئے اجتماعی کام کی ضرورت ہوتی ہے۔ ایک دو باغبان جتنی بھی کوشش کرلیں وہ زیادہ حد تک کنٹرول حاصل نہیں کر سکتے۔ محکمہ زراعت کے تعاون سے صوبہ بھر کے تمام باغبانوں کے عملی اقدامات سے ہی فروٹ فلائی کی موجودگی و افزائش کو روکا جا سکتا ہے۔
فروٹ فلائی کو روکنے کیلئے محکمہ زراعت خیبر پختونخوا کے اقدامات
ورلڈ بینک کی تعاون سے محکمہ زراعت خیبر پختونخوا نے صوبہ بھر کے باغبانوں اور کاشتکاروں کی آگاہی کیلئے باقاعدہ ایک پروگرام شروع کر رکھا ہے۔
آگاہی مہم کے ساتھ ساتھ صوبہ بھر کے کاشتکاروں اور باغبانوں میں سپرے اور کیمیکل کو تقسیم کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ اسی طرح صوبہ بھر کے کاشتکار و باغبانوں کو مزکورہ کیمیکل اور سپرے کے استعمال سے متعلق سکھایا بھی جا رہا ہے۔
پشاور ریجن، مالاکنڈ ، جنوبی اضلاع سمیت تمام علاقوں میں اب تک درجنوں باغات میں عملی اقدامات کے ذریعے فروٹ فلائی سے نہ صرف کئی باغات کو بچا لیا گیا ہے بلکہ مذکورہ کیمیکل کے استعمال کے باعث سبزیوں اور پھلوں کا پہلے کی نسبت نقصان آدھے سے بھی کم ہو کر رہ گیا ہے۔ محکمہ زراعت، کاشتکار و باغبان پرامید ہیں کہ آگاہی و عملی اقدامات کے باعث پھل کی مکھی کی افزائش کو ختم کرکے مستقبل قریب میں باغات کا نقصان مزید کم کیا جا سکے گا۔