پی ٹی آئی حکومت کو تحریک عدم اعتماد کے ذریعے اقتدار سے الگ کرنے کی جو وجوہات سیاسی اور غیر سیاسی افراد کے واسطے سے میڈیا کی زینت بنیں ان میں ریاست کے لئے سب سے اہم معاشی طور پر ڈیفالٹ سے بچنا تھا۔اتحادی حکومت کے پہلے وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے اگرچہ گزشتہ حکومت کی آئی ایم ایف سے کی گئی وعدہ خلافیوں اور ان کے نتیجے میں عالمی مالیاتی ادارے کے مجروح اعتماد کو بحال کرنے کی سر توڑ کوشش کی اور ان کی مساعی کے نتیجے میں آئی ایم ایف کے ساتھ خراب تعلقات بحال ہونے کی امید بھی جاگی مگر ساتھ ہی اعتماد کی بحالی کے لئے اٹھائے اقدامات سے مہنگائی کے باعث عوام کی پہلے سے دوہری کمر ٹوٹنے لگی اور ریٹیلرز پر فکسڈ ٹیکس کی خبروں سے ن لیگ میں بھی بے چینی پھیلی ۔ پھر خاص کر اسحاق ڈار اینڈ کمپنی نے مفتاح کے خلاف محاذ کھول دیا اور نتیجے کے طور پر سمدھی کامیاب اور کارکن ناکام رہا۔
اسحاق ڈار کے وزیر خزانہ بننے سے قبل ہی ان کی ایڈورٹائزمنٹ شروع کر دی گئی ،ڈار نے عہدہ سنبھالنے کے بعد مفتاح کے کام کو آگے بڑھانے کے بجائے چند ایسے بیانات دیئے کہ مفتاح کی محنت اور عوام کی قربانیاں رائیگاں ہونے لگیں اور وہی ڈار جو ڈالر کو 2سو سے نیچے لانے کے دعوے کر رہے تھے وہ وزیر خزانہ ثابت ہوئے جن کے دور میں ڈالر تاریخ کی بلند ترین سطح کو چھو گیا،اور عالمی ادارے نے پاکستان کی جانب سے تمام تر پیشگی شرائط پوری کرنے کے باوجود سٹاف لیول معاہدہ کرنے سے ایک طرح کا انکار کر دیا ۔ بعد میں چند دوست ممالک کی معاونت اور وزیر اعظم شہباز شریف کی ایم ڈی آئی ایم ایف سے مسلسل ملاقاتوں اور رابطوں کے بعد آئی ایم ایف 9 ماہ کا عبوری معاہدہ کرنے پر آمادہ ہوااور یوں ملک پر ڈیفالٹ کی لٹکتی تلوار عارضی طور پر ہٹ گئی ۔بعدازاں عسکری قیادت نے خلیجی ممالک اور سعودی عرب کے تعاون سے ملک میں سبز انقلاب لانے کا منصوبہ تشکیل دیا گیا اور یوں محکمہ زراعت اس کے اصل مالکان کے سپرد کر دیا گیا۔
دوسری جانب عالمی مالیاتی ادارے نے ایک رپورٹ جاری کی جس میں پاکستان کی معاشی ابتری کی ذمہ داری شوکت ترین اور اسحاق ڈار پر عائد کی گئی مگر اتحادی حکومت کی مدت پوری ہوتے دیکھ کر بعض حلقوں نے ڈار کو نگران وزیر اعظم کے طور پر میڈیا میں متعارف کرایا جس پر اتحادی حکومت میں شامل دوسری بڑی جماعت اور خود ن لیگ کے اندر سے آوازیں اٹھنے لگیں اب اگلے ایک آدھ ہفتے میں نگراں وزیر اعظم کا معاملہ طے ہونے کی امید ظاہر کی جارہی ہے تاہم یہ دعوے بھی میڈیا کی زینت بن چکے ہیں کہ وفاق میں نگراں حکومت پنجاب اور پختونخوا کی نگران حکومتوں کی طرح طوالت اختیار کر سکتی ہے اور 2017ء کے الیکشن ایکٹ میں حالیہ ترامیم سے اس موقف کو تقویت ملتی ہے۔
کچھ حلقے انتخابات کو 6 ماہ موخر کرنے کی بات کر رہے ہیں مگر پی پی پی بروقت انتخابات سے متعلق اپنے موقف کو بیان کرچکی ہے جبکہ بجٹ سے قبل بلاول کی متاثرین سیلاب کے لئے فنڈز مختص نہ کرنے کی صورت میں بجٹ کی حمایت نہ کرنے کی دھمکی کے بعد فیصلہ سازوں میں مستقبل کے حوالے سے تشویش پیدا ہو چکی ہے ۔
ایسی اطلاعات سامنے آرہی ہیں کہ پنجاب سے پی ٹی آئی چھوڑنے والے الیکٹیبلز جنہوں نے پی پی پی میں شامل ہونے کی یقین دہانی کرائی تھی وہ استحکام پاکستان پارٹی میں چلے گئے جبکہ حال ہی میں بلوچستان عوامی پارٹی کے جن رہنماؤں نے پیپلزپارٹی میں شمولیت کے لئے آصف زرداری کو یقین دہانی کرائی تھی انہوں نے بھی یو ٹرن لے لیا ہے ۔مزید براں سندھ میں بھی پیپلز پارٹی کے خلاف بڑے اتحاد سے متعلق دعوے میڈیا پر آچکے ہیں جبکہ پختونخوا میں اے این پی،پی پی پی اور ن لیگ اب جے یو آئی کے خلاف خم ٹھوک کر سامنے آچکی ہیں ۔
ان حالات سے ظاہر ہوتا ہے کہ آئندہ انتخابات کے بعد بھی سیاسی استحکام خطرے میں رہے گا جبکہ یہ اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں کہ مقتدر حلقے ن لیگ کے آئندہ انتخابات میں کامیاب ہونے کے متمنی ہیں اور ساتھ ہی پنجاب اوربلوچستان بھی ن لیگ کو دینے کی باتیں کی جارہی ہیں جبکہ سندھ میں پی پی پی کو انڈر پریشر رکھنے یا حکومت سازی میں فری ہینڈ نہ دینے کے منصوبے پر بھی کام جاری ہے ۔خیبر پختونخوا اگر جے یو آئی کی جھولی میں ڈالا گیا تو اس سے صورتحال بگڑنے کے واضح امکانات ہیں ایسے میں سبز انقلاب کے ذریعے ملک میں معاشی استحکام ایک مشکل چیلنج ثابت ہوسکتا ہے