امریکہ میں وارد ہونے سے پہلے ہمیں معلوم نہیں تھا کہ زندگی اتنی تیزرفتار ہوگی‘ یہاں اگر آدمی گھڑی کا الارم بجنے پر آنکھ ملے بغیربیڈ سے جمپ لگا کر غسل خانے میں شاور کے نیچے آنکھ کھولے اور تین منٹ میں باہر آکر پانچ منٹ میں ناشتہ کرلے اوراگلے 4 منٹ میں اپنی منزل کی طرف روانہ ہونے کے لئے تیار ہوتو سمجھو کہ وہ بڑے آرام کی زندگی گزار رہا ہے‘ یہاں آکر پاکستان کی شاہانہ زندگی کی یاد ستاتی ہے جہاں نہ وقت کی پابندی نہ کسی اصول وقاعدے قانون کی پرواہ‘ یہاں امریکہ میں تو روڈ بھی کراس کرینگے تو مخصوص لکیروں کے اوپر سے ورنہ 160 ڈالر جرمانہ۔ہاں یہ ضرورہے کہ امریکہ میں انسان کی بہت قدر ہے‘ جب آپ سڑک پر پاؤں رکھ دیں گے تو گاڑی نہ صرف رک جائے گی بلکہ ڈرائیور ہاتھ کے اشارے سے آپ کو روڈ کراس کرنے کے لئے بھی کہے گا اور بونس میں مسکراہٹ کا تحفہ بھی دے گا جبکہ پاکستان میں تو ساری سڑکیں ریس کورس بنی رہتی ہیں چنانچہ آپ کہیں سے بھی روڈ کراس کرسکتے ہیں لیکن آنکھیں بند کرکے کیونکہ خود کو حادثے کا شکار ہوتا کون دیکھ سکتا ہے‘ایک آدھ تعلیم یافتہ اور باشعورڈارئیور کو چھوڑ کر اکثر ڈرائیوروں کی آنکھیں ماتھے پر ہوتی ہیں ایسا لگتاہے کہ سڑک پر نکلنے سے پہلی گھر‘ محلے میں کسی سے لڑائی کرکے آئے ہیں یا بیوی سے بحث میں ہار گئے ہیں وہ نہ ٹریفک اصولوں کی پرواہ کرتے ہیں نہ سڑک پرچلنے والے کو خاطر میں لاتے ہیں
۔بات ہورہی تھی امریکہ کی متحرک زندگی کی‘ تو یہ کہنا بے جا نہ ہوگا کہ امریکہ میں ساحل سمندر جہاں زندگی مزے لے کر لیٹی رہتی ہے باقی ہر جگہ انتہائی متحرک رواں دواں نظرآتی ہے۔
ریاست ہوائی کے شہرہونالولو میں خواتین کی آبادی زیادہ ہے یا شاید ان کی چہل پہل اور شارٹس(نیکر) بنیان پہننے کے رواج کے باعث ہمیں زیادہ نظر آئی۔ مردوں میں نکر کی جگہ پتلون کو نیچے سے کتر دینے کا رواج عام ہے بہرحال جو کچھ آپ نے پہن رکھا ہوتا ہے کوئی پو چھنے والا نہیں ہوتا
برنز ہال میں سنٹر کے ڈائریکٹر نے اپنی مختصر تقریر میں امریکہ کا سارا کچا چٹھا کھول کر رکھ دیا‘ باقاعدہ چارٹوں کی مدد سے بتایا کہ 2001 سے ملک درست سمت میں نہیں جارہا‘ بے روزگاری بڑھ رہی ہے‘ شرح نمو میں جمود سے مڈل کلاس میں تشویش پائی جاتی ہے جبکہ بیشتر امریکیوں کا خیال ہے کہ امریکہ دنیا کی سب سے بڑی معیشت نہیں رہے گا‘ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ایشیا پیسفک کے ممالک میں پاکستان واحد ملک ہے جہاں کے صرف 8 فیصد لوگ امریکہ کو اپنا پارٹنر اور 64 فیصد عوام امریکہ کو اپنا دشمن سمجھتے ہیں۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ 20 سال پہلے جاپان امریکہ کے لئے بڑا پرابلم تھا لیکن اب رائے عامہ میں سب سے نچلے درجے پر ہے اب اس کی جگہ چین اور کیوبا نے لے لی ہے جو امریکہ کے لئے کسی بھی وقت درد سر بن سکتے ہیں
یہ جان گسل کام شام 5 بجے تک جاری رہا‘ تھوڑی دیر کیلئے ہوٹل آئے اور پھر سیر کے لئے نکل گئے‘شام ہونے والی تھی کہ وائی کیکی Waikiki ساحل پر پہنچ گئے‘ وہاں پہنچ کر ہمیں ایسا لگا کہ کسی خیالی رومانی دنیا میں داخل ہوگئے ہیں ایسے حسین مناظر کہ دن بھر کی تھکن بھول گئے‘ حد نگاہ تک وسیع نیلا سمندر‘ سمندر کے ساتھ ساتھ خوبصورت بلندوبالا عمارتیں و ہوٹل‘ حسن کی یلغار ایسی کہ ہم نے تواس یلغار سے بچنے کے لئے سیلف ڈیفنس کے طور پرسمندر کی طرف پیٹھ کرلی تاکہ ہمارے دل کی دھڑکن برقرار رہے لیکن بے سود! یہاں بھی سمندر سے نکلنے والی بھیگی مخلوق پائی۔بعض پری نما مخلوق والی بال کھیل رہی تھی ہم حیران تھے کہ ہم ان کے کھیل کودیکھیں یا ان کی خوبصورتی کے آگے ڈھیر ہوجائیں کیونکہ ڈیڑھ دو انچ کے فیتہ نماکپڑے ان کے حسن کے جلوے روکنے میں قطعی ناکام ثابت ہورہے تھے‘ ادھر سمندر کی موجیں دامن دل کھینچ رہی تھیں چنانچہ ہم نے ہمت کرکے جوتے اتارے اور سمندر کنارے چلنے لگے‘ شفاف پانی کا لمس ہمیں دختران امریکہ کے ساتھ پانی میں غوطے لگانے پر اکسا رہا تھا لیکن اب ان کو کون بتائے کہ جی تو چاہتا ہے مگر…… ہمیں تیرنا نہیں آتا تھا۔