img

امریکہ، بی ایل اے اور داعش کی آنکھ مچولی

لگ بھگ 24 برس قبل، جب امریکی دعوت پر پاکستانی صحافیوں کے ایک گروپ کا ممبر ہونے کے ناطے امریکہ جانے کا موقع ملا، وہاں سے واپسی پر لندن میں مختصر قیام کے دوران دیگر دو ساتھیوں، محترم سلیم صافی اور اسماعیل خان کے ساتھ، بی بی سی جانے اور وہاں پر مشترکہ طور پر ایک مباحثے میں شرکت کا موقع بھی ملا۔

اس مباحثے میں امریکہ، افغانستان اور پاکستان کے اس وقت کے حالات و واقعات پر سیر حاصل گفتگو ہوئی تھی۔ اس مفصل دورے کے بعد، راقم سمیت دیگر ساتھیوں کا متفقہ موقف تھا کہ امریکہ بہت جلد افغانستان پر حملہ کرنے والا ہے۔ امریکہ سے وفد کی واپسی جولائی 2001 کے اواخر میں ہوئی تھی اور 9/11 کے سانحے کو جواز بنا کر اکتوبر کے اواخر میں امریکہ نے مختلف اطراف سے افغانستان پر حملہ کرکے لگ بھگ دو ہفتوں میں طالبان کی حکومت کا خاتمہ اور طالبان رہنماؤں کو بھاگنے پر مجبور کیا تھا۔

اس سے قبل ستمبر 1996 کو، جب طالبان نے افغانستان پر قبضہ کرکے دنیا بھر پر راج کرنے کا اعلان کیا تھا، تو کسی کے وہم و گمان میں بھی نہیں تھا کہ طالبان کی حکومت کا خاتمہ ہوگا۔ اس وقت تو افغان طالبان سے زیادہ خوشیاں پاکستان میں منائی جا رہی تھیں۔ بہر حال، بی بی سی کے ساتھ غالباً 22 جولائی 2001 کو ہونے والے مباحثے میں، راقم نے کہا تھا کہ امریکہ کی سوچ پاکستان کی سوچ سے پچاس سال آگے ہے، اور اب بھی وہی صورتحال ہے۔

چند روز قبل امریکہ نے بلوچستان کی علیحدگی پسند تنظیم بلوچستان لبریشن آرمی(بی ایل اے) پر پابندی عائد کرکے اسے عالمی دہشت گردوں کی فہرست میں شامل کر دیا ہے۔ اس سے قبل پاکستان نے اس تنظیم کو 2005 میں اور برطانیہ نے 2007 میں پابندیاں لگا کر دہشت گرد قرار دیا تھا۔

اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ امریکہ نے ایسا کیوں کیا؟ بی ایل اے مبینہ طور پر، یا پاکستانی حکام کے بقول، نہ صرف پاکستان کے سیکورٹی اہلکاروں اور سرکاری املاک بلکہ چائنہ کے تعاون سے زیر تعمیر منصوبے سی پیک پر کام کرنے والے مقامی اور غیر ملکی افراد پر ہلاکت خیز حملوں میں ملوث ہے اور اس منصوبے کو ناکام بنانے کی کوشش کر رہی ہے۔

عالمی سطح پر یہ بھی کہا جاتا ہے کہ امریکہ ایشیاء، بالخصوص جنوب ایشیا میں چین کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ سے پریشان دکھائی دیتا ہے۔ اگر اس تاثر کو درست سمجھا جائے، تو بی ایل اے کی پرتشدد کارروائیاں امریکی مفاد میں ہیں۔ مگر ایسا نہیں ہے، دہشت گردی کو بنیاد بنا کر امریکی افواج کسی خطے میں پہنچتی ہیں اور وہاں اڈے قائم کرتی ہیں، جس طرح 9/11 کے سانحے کو جواز بنا کر افغانستان میں کیا گیا۔

لگ بھگ 19 برس تک امریکہ اور طالبان کے درمیان آنکھ مچولی کے بعد، فروری 2020 کے دوحہ قطر معاہدے کے نتیجے میں دشمنی یکدم دوستی میں تبدیل ہو گئی۔ بلوچستان کے حالات و واقعات پر اگر نظر دوڑائی جائے، تو یہاں پر ہمسایہ ملک افغانستان میں طالبان کے برسر اقتدار آنے کے بعد دہشت گردی اور تشدد کے واقعات میں بتدریج اضافہ ہوتا گیا۔

سن 2009  میں سوات اور ملاکنڈ کے دیگر اضلاع میں براہ راست فوجی کارروائیوں سے فرار ہونے والے پاکستانی طالبان افغانستان جا کر حقانی نیٹ ورک اور افغان طالبان کے ساتھ جا ملے، اور انہوں نے مل کر پاک افغان سرحد سے ملحقہ علاقوں میں افغانستان کی حکومت کی عملداری کو مفلوج بنا دیا۔ رہی سہی کسر شمالی وزیرستان میں جون 2014 کے فوجی کارروائی ضربِ غضب سے افغانستان منتقل ہونے والے کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان   کے جنگجوؤں نے پوری کر دی۔

اس دوران شام اور عراق میں اہل تشیع کے خلاف داعش یا اسلامک سٹیٹ کے نام پر عبداللہ بغدادی کے سربراہی میں ایک اور پر اسرار جنگجوؤں کی تنظیم منظر عام پر آئی۔ کوئی مانے یا نہ مانے، مگر داعش کے جنگجوؤں نے عراق اور شام میں ایران کے خلاف ایک مختصر مگر پرتشدد پراکسی جنگ لڑی، جس میں غیر اعلان شدہ طور پر امریکہ اور اتحادیوں کی مدد بھی شامل تھی۔

سن 2015 میں اس پراکسی جنگ کے اختتام پر، زیادہ تر داعش جنگجو افغانستان منتقل ہو گئے، اور یہ لوگ بعد میں نہ صرف مقامی لوگوں اور ڈاکٹر اشرف غنی کی حکومت کے لیے درد سر بن گئے بلکہ افغانستان کے طالبان پر بھی ہلاکت خیز حملے کرنے لگے۔ بالآخر 2019 میں امریکی آشیرباد سے ڈاکٹر اشرف غنی اور ان کے مخالف طالبان نے مل کر کارروائی شروع کی، جس کے نتیجے میں داعش پاکستان سے ملحقہ صوبے ننگرہار سے افغانستان کے شمالی اور وسطی علاقوں کی طرف منتقل ہو گئے، جہاں وہ اگست 2021 میں طالبان حکومت کے برسر اقتدار آنے تک پرامن رہے۔

نومبر 2019 میں مشترکہ کارروائی کے نتیجے میں ہزاروں داعش جنگجوؤں کو حراست میں لیا گیا، جن میں اکثریت پاکستانی عسکریت پسندوں کی تھی جو جون 2014 کے بعد ٹی ٹی پی سے منحرف ہوکر داعش کا حصہ بنے تھے۔ طالبان حکومت کے برسر اقتدار آنے کے بعد عام معافی کا اعلان کیا گیا، اور افغانستان کے مختلف جیلوں میں قید سزا یافتہ جنگجوؤں کو رہا کر دیا گیا۔

رہائی کے بعد داعش سے منسلک جنگجو، جن میں پاکستانی، افغان اور دیگر غیر ملکی شامل تھے، افغانستان بھر میں تتر بتر ہوگئے، مگر رابطے بحال رکھے۔ کہا جاتا ہے کہ اب سینکڑوں داعش جنگجو بلوچستان میں موجود ہیں اور پراکسی جنگ میں بھاری معاوضے کے عوض حصہ لے رہے ہیں۔ داعش سے منسلک یہ جنگجو انتہائی مذہبی انتہا پسند ہیں اور ان کی ڈوریں عرب ریاستوں سے چلائی جاتی ہیں۔

اب امریکہ نے جب بی ایل اے کو دہشت گرد قرار دیا ہے، تو اس فیصلے کے نتیجے میں اقوام متحدہ کی قرارداد کے مطابق امریکہ دنیا کے کسی بھی حصے میں دہشت گردوں کا تعاقب کر سکتا ہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ امریکہ، بی ایل اے اور داعش کے درمیان آنکھ مچولی کا یہ نیا کھیل کہاں اور کس طرح اختتام پذیر ہوگا۔ کیا کسی نے یہ سوچنے کی زحمت گوارا کی ہے؟

 

نوٹ:گرین سٹیزن میڈیا تمام تحریریں مفاد عامہ اور نیت نیتی کے تحت شائع کرتا ہے تاہم ان تحریروں کا مواد لکھنے والے کی اپنی تحقیق، مشاہدے، معلومات اور نقطہ نظر کا غماز ہوتا ہے اور ادارے کا ان کے ساتھ متفق ہونا ضروری نہیں۔
GREEN CITIZEN MEDIA