img

امریکہ کسی کا دوست نہیں

اوور سیز پاکستانیوں میں اب عمران خان کی حمایت کا معاملہ نواز شریف فیملی کے اپارٹمنٹس کے سامنے احتجاجی مظاہروں سے بڑھ کر برطانوی پارلیمنٹ تک پہنچ گیا ہے۔ گزشتہ دنوں کئی ارکان پارلیمنٹ نے ہاؤس آف لارڈز کے ایک خصوصی سیشن کے دوران پاکستان میں تحریک انصاف کے بانی اور سابق وزیر اعظم عمران خان کو جیل میں طبی سہولتیں فراہم نہ کرنے پر تشویش کا اظہار کیا۔

فارن، کامن ویلتھ اینڈ ڈویلپمنٹ آفس کی منسٹر آف سٹیٹ بیرونس چیپ مین آف ڈارلنگٹن نے کہا کہ پاکستانی حکام کو کسی بھی شخص کے خلاف عدالتی کارروائی کے دوران اُس کے بنیادی حقوق، انصاف کے تقاضوں اور اسے علاج معالجے کی بنیادی ضرورتوں کو ملحوظ خاطر رکھنا چاہیے۔ اس سلسلے میں عمران خان کے ساتھ جو سلوک روا رکھا جا رہا ہے وہ بہت تشویشناک اور انسانی حقوق کے منافی ہے۔

جمائما خان کے بھائی لارڈ زیک گولڈ سمتھ نے کہا کہ عمران خان کو اُن کے وکلا اور خاندان کے افراد سے ملنے نہیں دیا جا رہااسی طرح انہیں ڈاکٹر ز تک رسائی کی سہولت بھی میسر نہیں ہے عمران خان کے دونوں بیٹے بھی اپنے والد سے نہیں مل سکتے۔ پاکستان اُن ممالک میں شامل ہے جو یونائیٹڈ کنگڈم سے اقتصادی امداد حاصل کرتا ہے اس لئے بر طانوی حکومت کو چاہیئے کہ وہ پاکستانی حکام کو مجبور کرے کہ ملک میں انصاف اور قانون کی بالا دستی کا خیال رکھا جائے اور عمران خان کو قانون کے مطا بق ہر وہ سہولت فراہم کی جائے جو اُس ملک کے شہری کے طور پر اُن کا حق ہے۔

لارڈ پروس آف ٹویڈ نے کہا کہ پاکستان میں موجودہ حکومت عمران خان سمیت حزب اختلاف کے ہر رہنما کے خلاف انتقامی کارروائیوں میں مصروف ہے پاکستان کے اقتصادی امور پر ملٹری کا مکمل کنٹرول ہے۔ برطانیہ اور پاکستان کے درمیان کسی بھی قسم کے ٹریڈ ڈائیلاگ یا اقتصادی معاہدے سے پہلے اس بات کا جائزہ ضرور لینا چاہئیے کہ پاکستان میں انسانی حقوق کی کسی حد تک پاسداری کی جارہی ہے۔

لارڈ احمد آف ویمبلڈن نے کہا کہ عمران خان کے دونوں بیٹے سلیمان اور قاسم برطانوی شہری ہیں اس لئے برطانوی حکومت کو چاہیے کہ وہ عمران خان سے اُن کے بیٹوں کی ملاقات اور تحریک انصاف کے بانی کو صحت کی سہولتوں کی فراہمی کے لئے پاکستانی حکومت پر دباؤ ڈالنے کے لئے اپنا اثر و رسوخ استعمال کرے۔

لارڈ محمد آف ٹنسلی نے کہا کہ پاکستان میں سابق وزرائے اعظم کے خلاف انتقامی کارروائیاں اور انہیں جیل میں ڈالنے کی قابل مذمت روایات بہت قدیم ہیں، ذو الفقار علی بھٹو کوپہلے جیل میں ڈالا گیا اور پھر انہیں پھانسی دے دی گئی۔ جب نواز شریف جیل میں تھے تو انہیں علاج معالجے کے لئے برطانیہ آنے کی اجازت عدالت کے ذریعے دی گئی تھی، عمران خان کو بھی یہ سہولت دی جانی چاہئیے۔

لارڈ حنان آف کنگز کلیر نے کہا کہ پاکستان میں گزشتہ انتخابات میں دھاندلی کے ذریعے عمران خان کو ہرایا گیا برطانوی حکومت کو چاہیئے کہ وہ پاکستانی حکام پر دباؤ ڈالے کہ ملک میں منصفانہ اور آزادانہ انتخابات کروائے جائیں تا کہ حقیقی جمہوریت کی راہ ہموار ہو سکے۔

برطانوی ہاؤس آف کامنز میں بھی عمران خان کی حمایت کی باز گشت سنائی دی۔ لندن کے علاقے الفورڈ ساؤتھ سے پارلیمنٹ کے رکن جس اتھوال نے کہا کہ عمران خان کوبصارت اور بینائی کا مسئلہ درپیش ہے لیکن انہیں مناسب علاج معالجے سے محروم رکھا جا رہا ہے۔ عمران خان پر جو بھی مقدمات ہیں وہ ایک الگ معاملہ ہے لیکن انہیں مناسب طبی امداد کی فراہمی کسی بھی قیدی کے بنیادی انسانی حقوق کا تقاضا ہے،برطانوی وزیر خارجہ کو چاہیئے کہ وہ اس معاملے میں پاکستانی حکام کو اپنی تشویش سے آگاہ کریں۔

گزشتہ کچھ عرصے سے برطانیہ اور خاص طور پر لندن میں آباد اوور سیز پاکستانی اپنے اپنے حلقے میں برطانوی ارکان پارلیمنٹ سے رابطہ کر کے انہیں پاکستان تحریک انصاف اور عمران خان کے خلاف انتقامی کارروائیوں کی تفصیلات سے آگاہ کر رہے ہیں،ووٹر ہونے کی وجہ سے وہ اپنے حلقے کے ایم پی سے اصرار بھی کرتے ہیں کہ وہ اس مسئلے کو برطانوی پارلیمنٹ میں اٹھائیں۔

ویسے بھی عمران خان ایک مشہور اور مقبول شخصیت کے طور پر پوری دنیا میں جانے پہچانے جاتے ہیں۔ پاکستانی جیل میں اُن کے ساتھ کئے جانے والے سلوک پر برطانوی پارلیمنٹ سمیت کسی بھی فورم پر اُن کے حامیوں کی کمی نہیں ہے اس کے برعکس وزیر اعظم شہباز شریف جس طرح امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو عالمی امن کا علمبردار اور امن کے نوبل پرائز کا حق دار قرار دینے کے درپے ہیں اس کی وجہ سے حکومت کی دوراندیشی اور سیاسی بصیرت کا بڑی آسانی سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔

یونائیٹڈ کنگڈم میں تقریباً ایک لاکھ ایرانی تارکین وطن آباد ہیں جن کی اکثریت لندن میں مقیم ہے اِن میں بڑی تعداد ان لوگوں کی ہے جو انقلاب ایران (امام خمینی کے برسر اقتدار آنے کے بعد)اسائلم یعنی سیاسی پناہ کے لئے یہاں آئے تھے۔

تہران پر امریکہ اور اسرائیل کے حالیہ حملوں کے بعد لندن میں ایرانی تارکین وطن نے برطانوی پارلیمنٹ کے سامنے ایک بھر پور احتجاجی مظاہرہ کیا۔ اس مظاہرے میں لیبر پارٹی کے سابق سربراہ اور رکن پارلیمنٹ جرمی کاربن نے بھی شرکت کی اور ایران سے یک جہتی کا اظہار کرتے ہوئے امریکی جارحیت کی شدید مذمت کی۔

مظاہرین نے پلے کارڈ اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے جارحانہ عزائم کے خلاف نعرے درج تھے۔ احتجاجی ریلی کا اہتمام سٹاپ دی وار گروپ نے کیا تھا۔ اس ریلی میں اسلامک ہیو من رائٹس کمیشن جیوش نیٹ ورک فار فلسطین اور کیمپین فارنیوکلیئر ڈی آرمامنیٹ کے نمائندے بھی شریک تھے۔

شرکانے ایرانی پرچم اور آیت اللہ خامنائی کی تصاویر اٹھا رہی تھیں۔ اس موقع پر مقررین نے ڈونلڈ ٹرمپ کو عالمی ا من کا دشمن او رنیتن یاہو کو دورِ حاضر کا فتنہ قرار دیا جومڈل ایسٹ اور ایشیا میں اپنے جارحانہ عزائم کی آگ بھڑکا کر اپنے مذموم مقاصد حاصل کرنا چاہتے ہیں۔

یہ پہلا موقع ہے کہ امریکہ کو برطانیہ سمیت بیشتر یورپی ممالک کی حمایت حاصل نہیں ہے ماضی میں جب امریکہ نے عراق پر جنگ مسلط کی تھی تو ٹونی بلیر (اس وقت کے برطانوی وزیر اعظم) اور کئی یورپی ممالک جارج بش جو نیئرکے حامی اور مدد گار تھے۔

اس بار لیبر پارٹی کی حکومت اور وزیر اعظم کیئر سٹارمر نے نوشتہ دیوار پڑھ لیا ہے اس لئے وہ امریکہ کے جارحانہ اقدامات کا کھلم کھلا ساتھ دینے یا حمایت کرنے سے گریزاں ہیں۔ ویسے بھی گرین لینڈ کے معاملے پر ڈونلڈ ٹرمپ کی یورپی ممالک کو دھمکیوں کے بعد اِن ملکوں نے اپنی خارجہ پالیسی کا از سر نو جائیزہ لیا ہے۔

امریکی صدر کے حالیہ بیانات اور اقدامات سے یہ حقیقت کھل کر سامنے آگئی ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ یہودیوں سے بھی زیادہ اسرائیل کے حامی اور مدد گار ہیں جو اس بات کی بھی دلیل ہے کہ امریکہ کا موجودہ صدر اسلام دشمن اور مسلمانوں کا شدید مخالف ہے۔

سعودی عرب، قطر اور مشرق وسطی کے مسلمان ممالک کے ساتھ ساتھ افغانستان کو بھی اس تلخ حقیقت کا ادراک ہو جانا چاہیئے۔ جو مسلمان ممالک امریکہ، اسرائیل یا بھارت کو اپنا خیر خواہ یا مددگار سمجھنے کے مخالطے میں مبتلا ہیں انہیں اس کا خمیازہ بھگتنے کے لئے تیا ررہنا چاہیئے۔

اسلامی جمہوریہ ایران انقلاب کے بعد سے امریکہ، اسرائیل اور اس کے حواریوں کی آنکھوں میں کانٹے کی طرح چبھتا رہا ہے۔ ایرانی قوم کی یکجہتی میں دراڑ ڈالنے کی ناکام کوششوں کے بعد اب امریکہ کھلی جارحیت پر اتر آیا ہے، امریکی حملوں سے ایران کے سپریم کمانڈر آیت اللہ خامنائی کی شہادت کے بعد پوری اسلامی دنیا سراپا احتجاج بنی ہوئی ہے۔

سوچنا یہ چاہیئے کہ کیا اس طرح کے احتجاجی مظاہروں، ریلیوں اور جلسوں سے امریکی جارحیت کی راہ میں کوئی رکاوٹ کھڑی ہو سکتی ہے؟ بالکل نہیں، کشمیر اور فلسطین کے حق میں گزشتہ کئی دہائیوں سے پوری دنیا میں مظاہرے ہو رہے ہیں لیکن اس کے باوجود کشمیر پرہندوستان کا اور فلسطین پر اسرائیل کاغاصبانہ قبضہ برقرار ہے بلکہ دن بہ دن اور مستحکم ہوتا جا رہا ہے۔

امریکہ، اسرائیل اور بھارت کو ان کے عزائم سے باز رکھنے کے لئے ضروری ہے کہ مڈل ایسٹ کے مسلمان ممالک متحد ہو جائیں، مسلک اور عقیدوں کو بالائے طاق رکھ کر امریکہ کو دیس نکالا دے دیں، اس کی بالادستی سے نجات حاصل کرلیں اوریورپی یونین کی طرز پر اتحادبنا کر اپنے علاقائی مفادات کے تحفظ کو ترجیح دیں۔

سعودی عرب یا کوئی اور مسلمان ملک اگر یہ سمجھتا ہے کہ امریکہ اُن کا محافظ ہے اوروقت پڑنے پر امریکہ اُن کے کام آئے گا تویہ اُن کی خام خیالی ہے۔ امریکہ نے پہلے صدام حسین کوایران کے خلاف جنگ میں اپنے مفادات کے لئے استعال کیا اور پھر اس کا جو حشر کیا وہ ساری دنیا جانتی ہے۔جنرل ضیاالحق کو سویت یونین کے خلاف استعمال کیاگیا اور ضرورت پوری ہونے پر وہ بھی اپنے انجام کو پہنچ گئے۔

یورپی یونین کے ممالک کی اکثریت نے اس حقیقت کا ادراک کرلیاہے کہ امریکہ صرف اور صرف اپنے مفادات کا دوست ہے اس لئے اب وہ امریکہ کا ساتھ دینے سے پہلے اپنے قومی مفادات کو ملحوظ خاطر رکھنے لگے ہیں۔ مسلمان ممالک کو بھی اب یہ حقیقت جان لینی چاہیئے کہ امریکہ جن ممالک کا محافظ ہونے کا دعوی کرتا ہے وہ انہیں صرف اپنے جنگی ہتھیار اور دفاعی سازو سامان بیچنے میں دلچسپی رکھتا ہے وقت پڑنے پر وہ کبھی کسی مسلمان ملک کے کام نہیں آئے گا بلکہ”رجیم چینج“ کے نام پر کسی بھی مسلمان حکمران یا بادشاہ کی مطلق العنانی کا تختہ الٹ کر اپنی مرضی کے ایسے کٹھ پتلی کرداروں کو حکمرانی سونپ دے گا جو اُس کے اشاروں پر ناچنے کی اہلیت رکھتے ہوں۔ پاکستان کے موجودہ حکمران اس کی سب سے بڑی مثال ہیں۔

 

نوٹ:گرین سٹیزن میڈیا تمام تحریریں مفاد عامہ اور نیت نیتی کے تحت شائع کرتا ہے تاہم ان تحریروں کا مواد لکھنے والے کی اپنی تحقیق، مشاہدے، معلومات اور نقطہ نظر کا غماز ہوتا ہے اور ادارے کا ان کے ساتھ متفق ہونا ضروری نہیں۔
GREEN CITIZEN MEDIA