img

بونیر: سیلاب کی تباہ کاریاں اور ہماری اجتماعی ذمہ داری

قدرتی آفات جب آتی ہیں تو اپنے پیچھے صرف ٹوٹی عمارتیں نہیں چھوڑتیں بلکہ برباد خواب، ٹوٹے رشتے اور ادھورے مستقبل بھی ساتھ لے جاتی ہیں۔ حالیہ دنوں میں آنے والے سیلاب نے ضلع بونیر کو ایک بار پھر اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے، اور یہ خطہ آج انسانی المیے کی ایک بڑی تصویر پیش کر رہا ہے۔

ابتدائی رپورٹس کے مطابق، یہ سیلاب محض پانی کا ریلہ نہیں تھا بلکہ ایک ایسی آفت تھی جس نے سینکڑوں خاندانوں کو اجاڑ کر رکھ دیا۔ سینئر صحافی شوکت بونیری کے مطابق اب تک ڈپٹی کمشنر بونیر کے اعداد و شمار کے مطابق 238 افراد شہید، 600 سے زائد زخمی اور 14 افراد لاپتہ ہیں۔ جبکہ ریسکیو 1122 کی رپورٹ اس سے بھی زیادہ خوفناک ہے، جس کے مطابق شہداء کی تعداد 300 کے قریب اور لاپتہ افراد کی تعداد 150 ہے۔

انسانی جانوں کا نقصان

یہ اعداد و شمار محض نمبر نہیں، بلکہ ہر ایک کے پیچھے ایک غمزدہ خاندان ہے۔ کسی کی ماں بیٹے کے غم میں نڈھال ہے، کسی بچے نے اپنے والد کو کھو دیا، اور کہیں بہن اپنے بھائی کے انتظار میں تڑپ رہی ہے۔

معیشت کی تباہی

بونیر کی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی — مال مویشی اور کھیتی باڑی — شدید متاثر ہوئی۔ سیلابی پانی کے ریلوں نے 2500 مال مویشی بہا لیے۔ پانچ ہزار ایکڑ زمین، جس میں تیار فصلیں، باغات اور جنگلات شامل تھے، تباہ ہوگئیں۔ یہ نقصان صرف آج کے دن تک محدود نہیں بلکہ اس کے اثرات نسلوں تک محسوس کیے جائیں گے۔

رہائش اور تعلیم پر کاری ضرب

شوکت بونیری کے مطابق اب تک 250 گھر مکمل طور پر اور 80 گھر جزوی طور پر تباہ ہوئے ہیں۔ وہ چھتیں جہاں کبھی ہنسی اور خوشی کی محفلیں جمتیں تھیں، آج ملبے کا ڈھیر ہیں۔

تعلیم کا شعبہ بھی پیچھے نہ رہا۔ 12 نجی اسکول اور 2 سرکاری اسکول پانی میں بہہ گئے۔ وہ چراغ جو بچوں کے مستقبل کو روشن کرتے تھے آج بجھ چکے ہیں، اور ننھے فرشتے کھلے آسمان تلے تعلیم سے محروم ہیں۔

Buner Flood Disasters

بنیادی ڈھانچے کی تباہی

دو پولیس اسٹیشن، تین سرکاری ہسپتال اور چھ بڑے پل بھی اس آفت کی زد میں آئے۔ آمدورفت معطل ہے، علاج معالجہ رکاوٹوں کا شکار ہے، اور بجلی و صاف پانی کی شدید قلت نے عوام کی مشکلات مزید بڑھا دی ہیں۔

بازار اور روزگار

بازار اور کاروباری مراکز بھی بچ نہ سکے۔ 1500 دکانیں جزوی طور پر اور 127 مکمل طور پر ختم ہوگئیں۔ 639 گاڑیاں تباہ ہوچکی ہیں، جنہیں پانی اپنے ساتھ بہا کر لے گیا۔ یہ سب صرف روزگار کے ذرائع نہیں بلکہ ہزاروں خاندانوں کی معاشی ریڑھ کی ہڈی تھے۔

خدمت اور یکجہتی کی مثال

اس آفت کے باوجود بونیر کے عوام نے ایک بار پھر دنیا کو دکھا دیا کہ مشکل وقت میں وہ ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہتے ہیں۔ عوامی نیشنل پارٹی کی خدائی خدمتگار تنظیم، جماعت اسلامی کی الخدمت، جمعیت علمائے اسلام کے رضاکار اور دیگر سماجی تنظیموں نے متاثرین کے ساتھ کھڑے ہو کر بے مثال خدمت کی۔ یہ یکجہتی اس خطے کی اصل پہچان ہے۔

اجتماعی ذمہ داری

یہ وقت تنقید یا غفلت کا نہیں بلکہ اجتماعی ذمہ داری کا ہے۔ متاثرین کو ہماری ہمدردی، مدد اور فوری تعاون کی ضرورت ہے۔ امدادی سامان ہو یا نقد تعاون، یہ سب ان کے زخموں پر مرہم رکھنے کے لیے ناگزیر ہیں۔

یہ صرف بونیر کا سانحہ نہیں بلکہ ہماری اجتماعی آزمائش ہے۔ اگر ہم نے آج ان متاثرہ خاندانوں کا سہارا نہ دیا تو کل کوئی اور آفت ہمارے دروازے پر دستک دے سکتی ہے۔

 

نوٹ:گرین سٹیزن میڈیا تمام تحریریں مفاد عامہ اور نیت نیتی کے تحت شائع کرتا ہے تاہم ان تحریروں کا مواد لکھنے والے کی اپنی تحقیق، مشاہدے، معلومات اور نقطہ نظر کا غماز ہوتا ہے اور ادارے کا ان کے ساتھ متفق ہونا ضروری نہیں۔
GREEN CITIZEN MEDIA