img

صحافی سمین جان - اک عہد جو تمام ہوا

 

سمین جان ہے سے تھے بن گیا۔ اب سمین کے ساتھ بحث و مباحثہ جھگڑا سب کچھ پیچھے رہ گیا اللہ مغفرت عطا کرے بے ضرر انسان اچھا دوست ساتھی تھا۔

غالبا سن دو ہزار   یا 1999 کی بات ہے جب میں پہلی مرتبہ ملک رضوان کے ساتھ صبح اخبار کے دفتر گیا۔ نئی نئی صحافت کا آغاز کیا تھا زیادہ صحافیوں کے ساتھ جان پہچان نہیں تھی ۔ملک رضوان نے سمین جان کا تعارف کرواتے ہوئے کہا کہ یہ ہمارے سینئر رپورٹر سمین جان صاحب ہیں۔ ان سے  یہ پہلا تعارف تھا ۔

بعد میں جب بے تکلفی پیدا ہوئی تو جان بوجھ کر انہیں چھیڑتے تھے ۔دوست احباب سمین جان کو 'اعتراض خان' کے نام سے پکارتے تھے کیونکہ سمین ہر ایک خبر پراعتراض لازمی کرتا تھا اور یوں یہ نام اس سے جڑ گیا لیکن اگر کبھی  یہ نام  اس کے منہ  پربھی کہا جاتا تو وہ مسکرا دیا کرتا تھا ۔

مجھے علم نہیں تھا کہ سمین جان کتنا سینئر ہے یہ تو کئی سال بعد جا کر پتا چلا کہ جو جغادری قسم کے صحافی جن سے ہم جیسے صحافیوں کی روح فنا ہوجاتی تھی وہ بھی سمین جان کے شاگرد تھے اور جب سمین کو غصہ آتا تو وہ ان نامتو صحافیوں کو بچو کہہ کر پکارتا اور کہتا کہ تمہیں صحافت کی الف ب کس نے سکھائی ہے۔ تو سب سرخم کرکے احتراما ًخاموش ہوجایا کرتے۔

 

 

لیکن اللہ گواہ ہے سمین نے کبھی بھی اپنی سینیارٹی کسی پر نہیں بیچی جونئیر کو احساس تک نہیں دلایا کہ وہ کسی سینئر صحافی سے مخاطب ہے ۔

وہ فقیر منش انسان تھا کسی کو دکھ درد نہیں دیتا۔ صحافتی سیاست کی وجہ سے بعض اوقات اس اختلاف پیدا ہوجاتا لیکن آفرین ہے اس شخص پر وہ نا تو اپنے موقف سے پیچھے ہٹتا نا ہی مخالف کو خفا ہونے کا موقع دیتا ۔

مرنجاں مرنج شخصیت کا مالک سمین جان صحافی دبنگ تھا سیاسی بیٹس پر کام کے دوران  سوال و جواب کرتے وقت وہ کسی کا لحاظ نہیں کرتا تھا۔

کئی بھائیوں رشتہ داروں کے جنازے اٹھانے کے باوجود اس شخص کا حوصلہ آخری دم تک جوان ہی رہا ۔

پچھلے 15 سال سے ایک ہی ادارے دنیا نیوز میں ایک ساتھ کام کے دوران سمین جان سے کبھی کوئی گلہ پیدا نہیں ہوا

ہمیشہ ہنس کر مسکرا کر جواب دیتا بیماری کا بھی حوصلہ سے مقابلہ کرتا رہا ۔

وہ جب  بیماری میں مبتلا ہوا اور میں عابد حمید افتخار فردوس کے ساتھ اس کے گھر گیا تو بے ہوش پڑا ہوا تھا ہلنے جلنے سےبھی قاصر تھا اس حالت میں سمین جان کو دیکھ کر دوبارہ دیکھنے کا حوصلہ نا ہوا ۔

خیبر ٹیچنگ ہسپتال میں ڈاکٹر شکیل کو درخواست کی کہ سمین جان صاحب کا خصوصی خیال رکھیں تو ان کا کہنا تھا کہ آپریشن کے بغیر ان کی بیماری کا کوئی علاج نہیں۔

لیکن غالباً ان کی صحت ایسی نہیں تھی کہ آپریشن ہوسکتا اور یوں سمین جان بیماری سے لڑتے لڑتے اپنے ابدی سفر پر روانہ ہوگیا۔

ہم جیسے وقتی ساتھی تو چند لفظ لکھ کر اپنے دل کا بوجھ ہلکا کرلیں گے لیکن اس کی معصوم بچیوں اور شریک حیات کے لئے تو یہ غم عمر بھر کا ہے۔

پتا نہیں اس کے بعد اب کس موقع پر سمین جان کو یاد کریں گے یا ماضی کے اندھیروں میں سمین کا نام بھی ڈوب جائے گا۔

کیونکہ ہمارا رواج نہیں کہ اپنے مرے ہوئے ساتھیوں کے ناموں کا ایک بورڈ بنوا کر سال میں ایک دن سب کے لئے مختص کرکے انہیں یاد کرلیا جائے جونئیرز کو ان کی شخصیات سے آشنا کردیا جائے ۔

چند میسیجز چند دن کی دعائے مغفرت اس کے بعد اللہ اللہ خیر صلا

یہی ہم صحافیوں کا یا سب کا مقدر ہے۔

نوٹ:گرین سٹیزن میڈیا تمام تحریریں مفاد عامہ اور نیت نیتی کے تحت شائع کرتا ہے تاہم ان تحریروں کا مواد لکھنے والے کی اپنی تحقیق، مشاہدے، معلومات اور نقطہ نظر کا غماز ہوتا ہے اور ادارے کا ان کے ساتھ متفق ہونا ضروری نہیں۔
GREEN CITIZEN MEDIA