img

نگراں وزیر اعظم،آئندہ انتخابات اور عمران خان

 

اتحادی حکومت کے وزیر اعظم شہباز شریف نے قومی اسمبلی تحلیل کرنے کی ایڈوائس صدر مملکت کو ارسال کر دی ہے ،صدر نے اس پر دستخط بھی کر دیے اور اس طرح قومی اسمبلی تحلیل ہو گئی ۔اب نگران وزیر اعظم کے لئے 3 دن میں شہباز شریف اور راجہ ریاض کو کسی ایک نام پر متفق ہونا ہوگا بصورت دیگر معاملہ الیکشن کمیشن چلا جائے گا۔

کئی روز سے میڈیا پر اس حوالے سے مختلف نام زیر گردش ہیں جن میں پہلا نام اسحاق ڈار کا سامنے آیا اور آخری نام دفتر خارجہ میں 30 برس خدمات انجام دینے والے جلیل عباس جیلانی کا ہے ،اس سے قطع نظر کہ نگراں وزیر اعظم کون ہوگا ؟یہ بات قارئین کے گوش گزار کرنا ضروری ہے کہ عمران خان کو مسلط کرنے والے جب اس کی اعلٰی کارکردگی اور ادارے کی ساکھ کے ہاتھوں بظاہر بیک فٹ پرآچکے تھے اور غیر جانبداری کے اعلانات کئے گئے مگر عمران خان نے اقتدار سے محرومی کے بعد جس طرح انہیں دوبارہ اس عمل میں ملوث کرنے کی جو کوششیں کی وہ 9 مئی کے واقعے کے نتیجے میں اس طور کامیاب ہوئیں کہ ان کا وہ کردار جسے اسلام آباد ہائیکورٹ کے سابق چیف جسٹس اطہر من اللہ اپنے ایک فیصلے میں غیر آئینی قرار دے چکے تھے تک کو اتحادی حکومت نے قانونی صورت دیدی ۔

جس میثاق معیشت کی بات اسحاق ڈار ماضی میں اور اس کے بعد شہباز شریف پی ٹی آئی دور حکومت میں کرتے رہے وہ آخر کار طے پاگیا مگر جن کے ساتھ طے پایا آئینی طور پر وہ یہ استحقاق نہیں رکھتے مزید برآں عمرانی دور میں سویلین معاملات کو اس وقت کے آرمی چیف اور ان کی کور کمیٹی نے جس طرح چلایا وہ ایک اوپن سیکرٹ ہے جس پر اس وقت کی اپوزیشن کا واویلا اب تک کانوں اور مختلف کتابوں میں گونج رہا ہے ۔ مجھ احقر کی ناقص رائے یہ ہے کہ سٹیبلشمنٹ آج جتنی مضبوط ہوچکی ہے اس کی ملکی تاریخ میں مثال ملنا مشکل ہے کیونکہ جن وجوہ پر فوج زیر تنقید رہی ان میں دوسری بڑی وجہ اس کی کاروباری سرگرمیاں رہی ہیں اگرچہ یہ اعزاز پی پی پی کے بانی چیئرمین کے کریڈٹ پر ہے کہ انہوں نے عوامی لیگ اور پی پی پی کے عوامی مینڈیٹ کے مقابلے میں فوج کی بندوق کو مضبوط قوت قرار دیا تھا مگر آج فوج کی کاروباری استعداد کے اعتراف کے طور پر اتحادیوں نے فوج کی کاروباری سرگرمیوں کے ناقدین  کا منہ بند کرنے کی ناکام کوشش کا اعزاز اپنے نام کرالیا ہے اس لئے اب نگراں وزیر اعظم کا فیصلہ کون کرے گا یہ سمجھنا زیادہ مشکل نہیں ۔

پی پی پی کے چیئر مین بلاول بھٹو قومی اسمبلی میں اس بات کا اعتراف کر چکے ہیں کہ اتحادی حکومت اداروں کو اپنے دائرہ کار کے اندر رکھنے میں کامیاب نہیں ہوسکی جبکہ اس سے قبل ایک تقریب سے اپنے خطاب میں جب آرمی چیف نےایک سال میں معاشی بہتری کے لئے اتحادی حکومت کو بھرپور حمایت کی یقین دہانی کرائی تو بعض صحافیوں کی جانب سے اسے حکومت کو توسیع دینے کے اعلان سے تعبیر کیا گیامگر یہ عقدہ تب کھلا جب شہباز شریف نے پرانی مردم شماری پر انتخابات کرانے کے بیان پر یوٹرن لیا اور اب اسمبلی بھی قبل ازمدت اختتام تحلیل کر نے کی سمری صدر مملکت کو ارسال کردی ۔

نئی مردم شماری کی منظوری سے جہاں انتخابات کے التواء کی راہ ہموار ہوگئی ہے وہاں اس اقدام سے آئینی بحران کا بھی خدشہ لاحق ہوگیا ہے کیونکہ آبادی میں اضافے کے نتیجے میں قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی نشستوں کی تعداد میں تبدیلی نوشتہ دیوار ہے اور اس کے لئے آئینی ترمیم لازم ہے مگر اب ترمیم کرنے کے لئے قومی اسمبلی موجود نہیں جبکہ بعض حلقے اس کا حل عدالت عظمی سے توثیق اور بعد ازاں آئندہ پارلیمنٹ سے اس کی منظوری بتاتے ہیں یہ کس قدر قابل عمل ہے اس کا فیصلہ سپریم کورٹ ہی کر سکتی ہے،بعض حلقے 6 یا 7 ماہ اور بعض ڈیڑھ سال تک نگراں سیٹ اپ چلنے کی باتیں کر رہے ہیں ۔

یہاں سب سے بڑا المیہ یہ ہے کہ غیر مجاز لوگ من پسند نتائج کے حصول کی خاطر غلطیوں کی پرورش کرتے ہیں اور جب مفروضہ نتائج حاصل نہیں ہوتے تو پھر اپنی ان غلطیوں کو مناسب طریق سے درست کرنے کے بجائے زور بازو کا استعمال کیا جاتا ہے جس سے حالات کی سنگینی میں بڑھوتری کے سوا کچھ حاصل نہیں ہوتا۔

اب اگرچہ آئی ایم ایف سے عبوری معاہدے کے تحت قرض کی اگلی قسط نگراں حکومت کو ملے گی جبکہ آخری قسط نئی منتخب حکومت کو دی جائے گی اس لئے نگراں حکومت کو طول دینے کی باتیں زمینی حقائق سے متصادم نظر آتی ہیں کیونکہ ستمبر میں صدر مملکت بھی سبکدوش ہو جائیں گے اور آئندہ سال مارچ میں سینیٹ کے نصف ارکان کی مدت بھی مکمل ہوجائے گی اس لئے فروری تک انتخابات بہر صورت ناگزیر ہیں۔

باوجود اس امر کے کہ تحریک انصاف کا ووٹ بینک ایک حقیقت ہے مگر 2018ء میں جس طرح تمام تر کوششوں کے باوجود اس پارٹی کو حکومت بنانے کی پوزیشن میں لانے کے لئے جو کچھ آر ٹی ایس سکینڈل اور بعد ازاں غیر فطری اتحادی فراہم کرکے کیا گیا وہ بھی کسی سے ڈھکا چھپا نہیں مگر پی ٹی آئی حکومت کو چلتا کرنے کے بعد اتحادیوں نے جس نااہلی اور سستی کا مظاہرہ کیا اس کا نتیجہ عمران خان کے جھوٹے بیانیے کی مقبولیت اور اتحادیوں خاص کر ن لیگ کے سیاسی اثاثے کی تباہی کی صورت میں سامنے آیا۔

سیاسی اثاثے کی بحالی کے بغیر  خصوصا پنجاب میں آئندہ انتخابات ن لیگ کے لئے پریشان کن ہوسکتے ہیں جبکہ دوسری جانب توشہ خانہ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی سزا اور نااہلی کے بعد سیاسی موت کے سفر پر گامزن ہوچکے ہیں مگر یہ پہلی قانونی قبر اس قدر مضبوط نہیں کہ وہ لمبا عرصہ جیل میں رہیں اور جلد یا بدیر ان کی ضمانت پر رہائی کے امکانات روشن ہیں مگر دیگر کیسسز جن میں سائفر اور 9 مئی کے کیس شامل ہیں ان میں سزا ہونے کے بعد عمران خان کا جیل سے نکلنا آسان نظر نہیں آتا اور سابق اتحادی حکومت و مقتدر حلقے پہلے ہی چین اور سعودی عرب کو سیاسی استحکام یا باالفاظ دیگر عمران خان کے اقتدار میں نہ آنے کی یقین دہانی کراچکے ہیں،جس نے انتخابات سے قبل ہی ان کے نتائج پر سوالیہ نشان لگا دیا ہے ۔

اب اگر نئے انتخابات سے قبل کوئی معاشی بہتری نہیں آتی اور شفاف انتخابات کا انعقاد ہوتا ہے تو نتائج سرمایہ کار ملکوں سمیت تمام سٹیک ہولڈرز کے لئے دھچکا ثابت ہوسکتے ہیں جبکہ معاشی ریلیف ملنے کی صورت میں اتحادیوں خصوصا ن لیگ کی پوزیشن مضبوط ہوسکتی ہے یا پھر 2018ء کی طرح اتحادیوں کے لئے برسر اقتدار آنے کی راہ ہموار کرنا بھی خارج ازامکان نہیں۔حال ہی میں شہباز شریف ایک نجی ٹی وی کو اپنے انٹرویو میں اس امر کا اظہار کر چکے ہیں کہ اگر ہائبرڈ نظام ہوسکتا ہے تو ملک کے مفاد کے لئے ہائبرڈ پلس نظام بھی قبول ہے۔

 

نوٹ:گرین سٹیزن میڈیا تمام تحریریں مفاد عامہ اور نیت نیتی کے تحت شائع کرتا ہے تاہم ان تحریروں کا مواد لکھنے والے کی اپنی تحقیق، مشاہدے، معلومات اور نقطہ نظر کا غماز ہوتا ہے اور ادارے کا ان کے ساتھ متفق ہونا ضروری نہیں۔
GREEN CITIZEN MEDIA