img
پرل ہاربر اور جابانی حسینائیں

اکرام اللہ مومند

پرل ہاربر اور جابانی حسینائیں


 پوری رات  ہوائی رایاست کے اہم مقامات کی سیر کے دوران حسین مناظرکی کیسٹ دماغ میں باربار ریوائنڈ کرکے گزری تواگلے دن پھر سڑک پر تھے سڑک سے آپ پشاور کی کوئی سڑک خصوصاً چارسدہ روڈ مراد نہ لیجئے جہاں ٹریفک جام کے دوران آپ کو دیواروں پر سیاستدانوں کے بلند بانگ دعوؤں کے ساتھ ساتھ میٹرک فیل طلباء کے لئے داخلوں کا خصوصی انتظام کرنے والے کالجوں اور ایک دوسرے کو چیلنج کرنے والے عاملوں کے پتے تفصیل سے پڑھنے کا موقع ملتا ہے‘ تو سٹریٹ لائٹس پولز سے لٹکتے موبائل کمپنیوں اور رہائشی منصوبوں کے اشتہارات الگ منہ چڑارہے ہوتے ہیں جبکہ  گاڑی کے شیشے کھٹکھٹانے والے بھکاری الگ آموجود۔ بلکہ اس امریکی شاہراہ پر لاتعداد گاڑیوں کے باوجود ٹریفک جام کے آثار نا پید‘ ہر طرف  مسحور کن مناظر‘ بڑی بڑی عمارتوں کے باوجود چمن زار‘ سبزہ و ہریاول۔ خوبصورت گھر‘کھڑکیاں اتنی کشادہ کہ خواہ مخواہ اندر جھانکنے کو جی چاہے۔ فٹ پاتھوں پر مونا لیزانا مسکراہٹ اپنے چہروں پرسجانے والی صنف نازک۔  صحافیوں کو لے جانے والی بس پرل ہاربر کی طرف بڑھ رہی تھی ادھر ہم سوچ رہے تھے کہ جاپان کا بادشاہ سٹھیا گیا تھا کہ اتنا شیخ چلیانہ فیصلہ کیا تھا آخر یہاں حملہ کرنے کی اسے کیا ضرورت تھی۔ اس قسم کے سوالات کا جواب دینے اور ہماری جہالت دور کرنے کا ٹھیکہ اس دفعہ جمی لی کو دیا گیا تھا جس کو اس بات پر فخر تھا کہ  وہ 7 دسمبر 1941 کو یہاں پرجاپانی حملے کا چشم دید گواہ تھا‘ آٹھ نومبر 1930 کو پیدا ہونے والے جمی لی کی عمر حملے کے وقت گیارہ برس تھی‘ وہ پرل ہاربر کے نیشنل پارک میں ہمارا منتظرتھا‘  اس وسیع و عریض پارک میں قائم میوزیم دیکھنے کی چیز ہے جس میں اس وقت کے سامان حرب کے  علاوہ جاپانی حملے میں تباہ شدہ بحری جہازوں کے ماڈل بڑی مہارت سے تیارکرکے رکھے گئے ہیں۔ جمی لی  ہمیں ٹکٹ پکڑاتے ہوئے  اندر لے گیا  اور گائیڈانہ انداز میں لیکچردینے لگا کہ کس طرح وہ جاپان کے حملے کو دور کھیتوں سے ایک ویڈیو گیم کی طرح دیکھ رہا تھا اور بالکل نہیں ڈرا‘ اپنی بہادری کو باربار انڈر لائن کرنے پر ہمارے جی میں آیا کہ اسے کہیں کہ آپ نے ایک بار تباہی کا منظر دیکھا تھا ہم روز دھماکے دیکھ رہے ہیں اور جہاں دھماکہ ہوتا ہے چند ہی لمحوں بعد لوگ اپنا کاروبار وہیں سے شروع کرتے ہیں جہاں سے بم دھماکے نے ڈسٹرب کیا ہوتا ہے‘ لوگ دھماکوں سے اتنا مانوس ہوگئے ہیں کہ شاعری بھی دھماکوں اور ڈرون حملوں کے گرد گھومنے لگی ہے جبھی تو گلوکارہ ستارہ یونس یہ گانا گاتی ہے۔
سپوگمئے دہ سوارلسمے یم دہ ھر چا نہ خائستہ یم
خودکشہ دھماکہ یم خود کشہ دھماکہ
یعنی’میں چودھویں کا چاند ہوں اسلئے سب سے خوبصورت ہوں مگر خبردار مجھ سے فاصلہ رکھیں کیونکہ میں خودکش دھماکہ ہوں‘ 
یہی گلوکارہ پشتو ڈرامہ ’دَ خکلو بادشاہی‘ میں ڈرون حملے سے خبردار کرتے ہوئے کہتی ہے کہ میں آنکھوں ہی آنکھوں میں ڈرون حملے کرنے کا ہنر جانتی ہوں۔
شونڈے زما شکرے‘ وائم خوگے سندرے.... خمار کتل م دَ شرابو دہ پپالہ....زہ کوم پہ سترگو سترگو کے ڈرون حملہ
چنانچہ ہم ان کا  لیکچر سننے کی بجائے ان کو چکما دے کر غائب ہوجاتے کہ بابر بہ عیش کوش کہ عالم دوبارہ نیست۔
یہاں پر جاپان کے اثرات نمایاں ہیں بلکہ ایسا لگ رہا تھا کہ آدھے تو جاپانی تھے لیکن یہ جو جاپانیاں ہیں یہ اتنی سمارٹ اور خوبصورت کہ انسان ان سے بات کرنے کے بہانے ڈھونڈنے لگتا ہے۔ سیاہ فام کم ہی تھے لیکن جتنے تھے وہ بھی ہمارا بلڈپریشر بڑھانے کے لئے کافی تھے بھلا ہم انہیں خوبرو دوشیزاؤں کے ساتھ یوں دن دیہاڑے بانہوں میں بانہیں ڈالے مٹرگشت کرتے کیسے برداشت کرسکتے تھے چنانچہ حسب توفیق لال پیلے بلکہ نیلے ہونے لگتے‘ پرل ہاربر میں جب ایسے مواقع پر ہماری حسرتیں ملک کے زرمبادلہ کے ذخائر سے بڑھ جاتیں تو لاچاراپنی قسمت پر آنسو بہاتے ہوئے حسد کو ہضم کرنے کی غرض سے جمی لی کی طرف لپکتے جو ہمیں پرل ہاربر پر حملے سے متعلق معلومات کی ڈوز پلاتے جس سے ہمارا دھیان کچھ وقت کے لئے بھٹک جاتا۔ وہ بتا رہا تھا کہ پرل ہاربر پر جاپانی حملے جس میں 350  جنگی طیاروں نے حصہ لیا  حملہ میں مجموعی طور پر 2500 فوجی اور عام افراد ہلاک ہوئے اور بحری بیڑے پر کھڑے 188 لڑاکا طیارے تباہ ہوئے‘ آٹھ بحری جہاز تباہ ہوئے جن میں 4 تو پانی میں ڈوب گئے‘ حملہ اتنا اچانک اور بھرپور  تھا کہ صرف 30  فوجی بچ گئے۔ پرل ہاربر پربغیر پیشگی اطلاح حملے کوامریکہ نے وار کرائم قرار دیا اور دوسری جنگ عظیم میں کود پڑا جو جاپان کے شہروں ہیروشیما اور ناگاساکی پر ایٹمی حملوں پر منتج ہوا‘ جاپان نے یہ حملہ کیوں کیا اس حوالے سے کہا جاتا ہے کہ جاپان چین سے جنگ میں مصروف تھا کہ امریکہ نے جاپان پر اقتصادی پابندیاں لگائیں‘ چنانچہ اپنی اقتصادی  حالت مزید خراب ہونے کے ڈر سے جاپان نے قدرتی وسائل سے مالا مال جنوب مشرقی ایشیا میں برطانوی  اور ڈچ لوگوں کے زیرتسلط علاقوں پر حملے کا منصوبہ بنایا لیکن جاپانی جانتے تھے کہ امریکی نیوی ان کے اس منصوبے کو ناکام بناسکتی ہے اس لئے انہوں  نے پرل ہاربر میں موجود امریکی پیسفک فلیٹ پر حملے کا فیصلہ کیاتاکہ نہ رہے بانس اور نہ بجے بانسری اور آسانی سے مذکورہ علاقوں پر قبضہ کرسکیں۔  جمی لی نے سمندر کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا  کہ وہ دور جو سفید رنگ کی چیز نظر آرہی ہے یہ ’ایری زونا میموریل‘  ہے۔ یو ایس ایس ایری زونا بحری جہاز جس جگہ حملے میں تباہ ہوکر پانی میں ڈوب گیا تھا بالکل اس کے اوپر یہ میموریل ایستادہ ہے‘ ہم نے ایک نگاہ ڈالی تو دور سے ایری  زونا میموریل بحرالکاہل کی گود میں لیٹا بہت خوبصورت لگ رہا تھا‘ اس تک پہنچنے کے لئے فیری بوٹ کے ٹکٹس کا انتظام پہلے ہی سے ایسٹ ویسٹ سنٹر والوں نے کر رکھا تھاکیونکہ روزانہ سیاحوں کی بہت بڑی تعداد یہاں کا رخ کرتی ہے اور سالانہ کے حساب سے 10 لاکھ لوگ پرل ہاربر آجاتے ہیں۔ ایری زونا میموریل تک جانے سے پہلے پرل ہاربر پر حملے کی 23 منٹ فلم کا سیاحوں کی معلومات میں اضافے کے لئے اہتمام ہے‘ اڈیٹوریم میں داخلے کے وقت سیاحوں کا اتنا رش تھا کہ ہم تو گھبرا گئے کہ شاید ہم ادھر ہی رہ جائیں گے کیونکہ سارے لوگ لمبی لمبی قطاریں بنارہے تھے جس کے ہم عادی نہیں دوسرے یہ کہ یہاں اپنا راستہ بنانے کیلئے پاکستانی دھکم پیل  سٹائل بھی نہیں اختیار کرسکتے تھے وہ توشکر ہے کہ جمی لی ہمیں پروٹوکول دیتے ہوئے باری کے بغیر ہی  اڈیٹوریم میں لے گیا پہلی بار انگریزوں نے قابل رشک انداز میں ہمیں دیکھا جس سے قسمت سے ہماراگلہ جو چند ثانئے پہلے اپنی آخری حدوں کو چھو رہا تھاکسی حد تک رفع ہوگیا۔ 23 منٹ کا شو چٹکیوں میں گزر گیا اور اگلے لمحے  نیوی بوٹ میں ایری زونامیموریل کی طرف رواں دواں تھے۔ 184 فٹ طویل میموریل  کے تین حصے ہیں یعنی داخلہ پورشن‘ ہال اور وہ حصہ جس میں پانی کے اندر فوجیوں کی باقیات محفوظ کی گئی ہیں۔ میموریل کے اندر 23 بچ جانے والوں سمیت ان تمام فوجیوں کے نام درج ہیں جو حملے میں ہلاک ہوئے تھے۔ ہمیں بتایا گیا کہ ایری زونا سے اب تک تیل لیک ہورہا ہے جسے ایری زونا کے آ نسو سے تعبیر کیاجاتا ہے۔ ہم سوچ رہے تھے کہ  ایری زونا کے آنسو پونچھنے کے لئے تو میموریل تعمیر کیاگیا ہے دہشت گردی کا شکارپاکستان خصوصاً صوبہ خیبرپختونخوا کے آنسو کون پونچھے گا؟

 

نوٹ:گرین سٹیزن میڈیا تمام تحریریں مفاد عامہ اور نیت نیتی کے تحت شائع کرتا ہے تاہم ان تحریروں کا مواد لکھنے والے کی اپنی تحقیق، مشاہدے، معلومات اور نقطہ نظر کا غماز ہوتا ہے اور ادارے کا ان کے ساتھ متفق ہونا ضروری نہیں۔
GREEN CITIZEN MEDIA