img

یوکرین برہم ہے یا بےبس؟

 

لیتھو اینیا میں گذشتہ ہفتے ہونیوالے نیٹوممالک کے اجلاس میں یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی خاصے اکھڑے اکھڑے نظر آ رہے تھے۔ انکے تیور بتا رہے تھے کہ وہ غصے اور ناراضگی پر قابو پانے کی کوشش کر رہے تھے۔ مغربی ممالک کا میڈیا اس تین روزہ اجلاس کے ختم ہونے تک یہی کہتا رہا کہ صدر زیلنسکی اس لیے برہم تھے کہ یوکرین کو نیٹو اتحاد کا حصہ بنانے کی کوئی تاریخ نہیں دی گئی ۔ وہ واپس جا کر کیا کہیں گے کہ وہ نیٹواجلاس سے کیا لیکر آئے ہیں ۔ سولہ مہینے کی جنگ میں کئی شہر تباہ کرانے اور ہزاروں انسانی جانوں کے ضیاع کے بعد بھی انہیں وہ انعام نہیں دیا جا رہا جسکے وہ خود کو مستحق سمجھتے ہیں۔ اجلاس کے اختتام پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوے صدر بائیڈن نے کہا کہ یوکرین کے عوام نے جس ثابت قدمی اور بہادری سے روس کی جارحیت کا مقابلہ کیا ہے اسکے لیے وہ ستائش کے مستحق ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں صدر بائیڈن نے کہا کہ وقت آنے پر یوکرین کو نیٹو کا ممبر بنا لیا جائیگا۔ اس اجلاس کے دوران صحافیوں نے کئی مرتبہ یوکرین کی نیٹو میں شمولیت کے بارے میں مختلف سربراہوں سے سوالات کیے مگر کسی نے بھی اسکا مدلل اور مفصل جواب نہیں دیا۔ صدر زیلنسکی کی برہمی کی وجہ یہ نا مکمل جواب تھے۔

 لیتھواینیا کے دارلحکومت  ویلنیئس میں نیٹو اجلاس کے اختتام کے بعد کئی تجزیہ نگاروں نے لکھا ہے کہ اس جنگ کے دوران یوکرین کو اس لیے نیٹو کا ممبر نہیں بنایا جا سکتا کیونکہ اس اتحاد کے چارٹر کے پانچویں آرٹیکل کے مطابق کسی ایک ممبر پر حملے کو تمام پر حملہ تصور کیا جا ئیگا۔ اس اعتبار سے اگر جنگ کے دوران یوکرین کو ممبر بنادیا جاتا ہے تو اس صورت میں نیٹو ممالک کو اپنی مسلح افواج یوکرین بھجوا کر براہ راست روس کا مقابلہ کرنا پڑیگا۔ صدر بائیڈن کئی مرتبہ یہ کہہ چکے ہیں کہ امریکہ ’ روس تصادم کی صورت میں تیسری عالمی جنگ شروع ہوسکتی ہے اس لیے وہ  اس حد تک جانے کو تیار نہیں ہیں۔ صدر زیلنسکی اس باریکی کو سمجھتے ہیں اس لیے انہوں نے اس تقاضے پر اکتفا کیا کہ کم از کم یہ اعلان تو کر دیا جائے کہ جنگ کے خاتمے پر یوکرین کو نیٹو کا ممبر بنا لیا جائیگا۔امریکی مبصرین کے مطابق یہ اعلان اگر کر دیا گیا تو روس کبھی بھی اس جنگ کو ختم نہیں کریگا۔ صدر پیوٹن یوکرین پر قبضہ اس لیے کرنا چاہتے تھے کہ وہ نیٹو افواج کو اپنی سرحدوں سے دور رکھنا چاہتے تھے۔اگر اس جنگ کا خاتمہ انکے طاقتور دشمنوں کو انکی دہلیز تک لے آئیگا تو وہ اسے کیوں ختم کریں گے۔ بعض جنگیں طویل ہوتی ہیں ور بعض ناتمام ۔ شمالی اور جنوبی کوریا کے درمیان جنگ بندی کا معاہدہ 1952 میں ہوا تھا۔ اسمیں فریقین نے جنگ بندی کو برقرار رکھنے پر اتفاق کیا تھا اور وہ تمام متنازعہ معاملات جو جنگ شروع کرنے کا باعث بنے تھے کو رہنے دیا تھا۔ اسی لیے دونوں ممالک ابھی تک جزیرہ نما کوریا کو اپنا حصہ قرار دیتے ہیں۔ اس اعتبار سے یہ جنگ ابھی ختم نہیں ہوئی کیونکہ اصلی تنازعہ ابھی تک حل نہیں ہوا۔ ایران عراق جنگ بھی 1980 سے 1988 تک جاری رہی تھی۔یوکرین جنگ میں کیونکہ ایک عالمی طاقت ملوث ہے اس لیے اسے زیادہ دیر تک جاری نہیں رہنے دیا جائے گا۔ ماہرین ابھی سے کہہ رہے ہیں کہ یہ ایک 'ہاری ہوئی جنگ' ہے۔ اسے کوئی فریق نہیں جیت سکتا۔ فارن افیئرز کے جولائی اگست کے شمارے میں سیموئیل شیرپ نے لکھا  ہے کہ یہ جنگ علاقائی تنازعے کا تصفیہ ہوئے بغیر ختم ہو جائے گی اور فریقین کو ایک ڈیفیکٹو یعنی ناقص لائن آف کنٹرول کو تسلیم کرنا پڑے گا۔  فارن افئیرز کے اسی شمارے میں کئی ماہرین نے بائیڈن انتظامیہ کو اس جنگ کو کوریا ماڈل کے مطابق ختم کرنے کا مشورہ دیا ہے۔

چند ماہ پہلے صدر زیلنسکی کا خیال تھا کہ وہ موسم سرما کے ختم ہوتے ہی اتنا بڑا حملہ کریں گے کہ میدان جنگ کا نقشہ بدل جائے گا مگر روس نے ہر محاذ پر بارودی سرنگوں کے جال بچھا کر دشمن کی حکمت عملی کو ناکام بنا دیا۔ امریکی ذرائع کے  مطابق روس نے موسم سرما کے بعد جنگ شروع ہوتے ہی امریکہ کے بھیجے ہوئے جدید ترین ٹینکوں اور  راکٹ سسٹم کے تیسرے حصے کو ناکارہ کر دیا۔ اب روس نے جارحانہ حملے ترک کرکے دفاعی پوزیشن اختیار کی ہوئی ہے۔ اس صورتحال میں یوکرین کی افواج کے لیے پیشقدمی کرنا بہت مشکل ہو گیا ہے۔ صدر زیلنسکی کیونکہ اپنے ٹائم ٹینل کے مطابق فتوحات حاصل نہیں کر سکے اس لیے نیٹو اجلاس میں جدید اسلحے کی کمی کا شکوہ کرتے رہے ۔ اس کے جواب میں برطانیہ کے وزیر دفاع بین والس نے کہا کہ یوکرین کو اب تک اربوں ڈالر کا جو اسلحہ دیا گیا ہے اس  کا شکریہ ادا کرنا چاہییے۔ اس کا ترکی بہ ترکی جواب دیتے ہوئے زیلنسکی  نےایک پریس کانفرنس میں کہا کہ لکھ کر بتا دیں کہ وہ کس قسم کا شکریہ چاہتے ہیں۔ ان کے اس جواب سے پتہ چلتا ہے کہ وہ خاصے برہم تھے۔ اس برہمی کو محاذ جنگ کے تلخ حقائق نے کچھ زیادہ گھمبیر بنا دیا ہے۔ روس اگر کائو پر چند ہفتوں میں قبضہ نہیں کر سکتا تو یوکرین بھی ابھی تک اپنے مقبوضہ علاقے واگذار نہیں کرا سکا۔ پیوٹن اور زیلنسکی دونوں کو ایک طویل جنگ کے تلخ حقائق نے بے بس کر دیا ہے۔ دونوں اس وقت شکست سے بچنے کے لیے جنگ جاری رکھنے پر مجبور ہیں

 

 

 
نوٹ:گرین سٹیزن میڈیا تمام تحریریں مفاد عامہ اور نیت نیتی کے تحت شائع کرتا ہے تاہم ان تحریروں کا مواد لکھنے والے کی اپنی تحقیق، مشاہدے، معلومات اور نقطہ نظر کا غماز ہوتا ہے اور ادارے کا ان کے ساتھ متفق ہونا ضروری نہیں۔
GREEN CITIZEN MEDIA