سرکاری فنڈز کے بغیر بھی گندھارا ہندکو بورڈ کی تحقیقی سرگرمیاں جاری

سرکاری فنڈز کے بغیر بھی گندھارا ہندکو بورڈ کی تحقیقی سرگرمیاں جاری
جمعرات 06 اگست 2026 16:24

گندھارا ہندکو بورڈ پشاور کے جنرل سیکرٹری محمد ضیاء الدین نے کہا ہے کہ چار سال سے سرکاری فنڈز کی عدم فراہمی کے باوجود گندھارا ہندکو بورڈ نے اپنی علمی، ادبی و تحقیقی سرگرمیوں کا تسلسل برقرار رکھا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ادارہ آج بھی علاقائی زبانوں، بالخصوص ہندکو کے ادبی و لسانی ورثے کو محفوظ بنانے، نادر علمی سرمایہ مرتب کرنے، اور تحقیقی مواد کو جدید تقاضوں کے مطابق ڈیجیٹل صورت میں منتقل کرنے اور محققین کو مستند حوالہ جاتی سہولتیں فراہم کرنے میں مصروف عمل ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ہر سال ملک کی مختلف جامعات سے تعلق رکھنے والے درجنوں ایم فل، پی ایچ ڈی اسکالرز اور دیگر محققین اپنی تحقیق کے لیے گندھارا ہندکو بورڈ کے علمی ذخیرے سے استفادہ کرتے ہیں۔ محمد ضیاء الدین نے کہا کہ گندھارا ہندکو بورڈ گزشتہ تین دہائیوں سے علاقائی زبانوں پر تحقیق اور نادر علمی مواد کے تحفظ کو اپنی بنیادی ترجیح بنائے ہوئے ہے، اور بورڈ محققین کے لیے ایک معتبر علمی مرکز کی حیثیت اختیار کر چکا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ بانی چیئرمین ڈاکٹر ظہور احمد اعوان کی نادر علمی و تحقیقی تصانیف کی جامع انڈیکسنگ پر تیزی سے کام جاری ہے تاکہ محققین کو مطلوبہ موضوعات اور حوالہ جات تک فوری اور منظم رسائی حاصل ہو سکے۔ انڈیکسنگ کی تکمیل کے بعد ان اہم تصانیف کے نظر ثانی شدہ ایڈیشن بھی شائع کیے جائیں گے، جو علاقائی زبانوں پر تحقیق کے میدان میں ایک اہم پیش رفت ثابت ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ ادارہ جدید تحقیقی تقاضوں سے ہم آہنگ رہتے ہوئے نادر کتب، تاریخی دستاویزات اور علمی مواد کی ڈیجیٹل آرکائیونگ پر بھی کام کر رہا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ آن لائن نیوز لیٹرز، تحقیقی جرائد، ڈیجیٹل کتب اور تاریخی و نادر تصانیف پر مبنی مختصر دستاویزی ویڈیوز سوشل میڈیا کے ذریعے محققین اور عام قارئین تک پہنچائی جا رہی ہیں، جنہیں علمی حلقوں میں مثبت پذیرائی حاصل ہو رہی ہے۔

محمد ضیاء الدین نے کہا کہ گندھارا ہندکو بورڈ کے زیر اہتمام مختلف علاقائی زبانوں کے تحقیقی و ادبی جرائد کی اشاعت بھی جاری ہے، جن کے ذریعے نئی تحقیقی کاوشوں، مقالات اور ادبی تخلیقات کو منظر عام پر لایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ادارے کی یہ تمام سرگرمیاں انتہائی محدود وسائل کے باوجود جاری ہیں، جو علاقائی زبانوں کے فروغ اور تحفظ کے عزم کی عکاس ہیں

GREEN CITIZEN MEDIA